Updated: August 19, 2026, 6:05 PM IST
| Mumbai
پریہ درشن نے واضح کیا ہے کہ اکشے کمار اور سیف علی خان کی فلم ’’حیوان‘‘ ان کی ملیالم فلم ’’اوپم‘‘ کا ریمیک نہیں ہے، ہدایتکار نے بتایا کہ انہوں نے فلم ’’اوپم‘‘ کی کہانی کی روح کو نئے انداز میں پیش کیا ہے، ساتھ ہی انکشاف کیا کہ فلم میں مخالف کردار کیلئے ان کی پہلی پسند بوبی دیول تھے، تاہم بعد میں اکشے کمار نے اس کردار میں انٹری لی اور فلم کی کاسٹنگ کا رخ بدل گیا۔
اکشے کمار اور سیف علی خان۔ تصویر: آئی این این
اکشے کمار اور سیف علی خان فلم ’’حیوان‘‘ میں ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں، یہ فلم تھرلر اور کرائم کے عناصر کو ایک منفرد انداز میں پیش کرتی ہے۔ ہدایتکار پریہ درشن اور فلم ’’بھول بھلیاں‘‘ کے اداکار اکشے کمار کی جوڑی اس سے قبل بھی ایک کامیاب فلم دے چکی ہے۔ فلم کا ٹیزر پہلے ہی شائقین میں تجسس پیدا کرچکا ہے اور اپنی فلموں کو دوبارہ بنانے کیلئے مشہور ہدایتکار پریہ درشن کے مطابق یہ فلم ویسی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مدھو بالا کی کریئر میں سب سے بڑی رکاوٹ خود اُن کے والدعطاء اللہ خان تھے
حیوان کسی فلم کا ریمیک یا محض نقل نہیں
ETV بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے پریہ درشن نے اکشے کمار اور سیف علی خان کی تھرلر فلم کے حوالے سے اپنی ہی فلموں کو دوبارہ بنانے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ لوگ ان سے ایسی فلم دیکھنا چاہتے ہیں جو نہ تو ریمیک ہو اور نہ ہی کامیڈی فلم۔ وہ فلم کے لیے کسی کم عمر ہیرو یا صرف کسی بڑے بالی ووڈ چہرے کو کاسٹ نہیں کرنا چاہتے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم ’’حیوان‘‘ دراصل پریہ درشن کی اپنی ملیالم فلم ’’اوپم‘‘ کی باضابطہ موافقت ہے۔ پریہ درشن نے کہا، ’’حیوان ریمیک نہیں ہے۔ جب بھی میں اپنی کسی فلم کا ریمیک یا اسے دوبارہ ڈھالتا ہوں تو میں فلم میں تبدیلیاں ضرور کرتا ہوں۔ اگر آپ ’’بھول بھلیاں‘‘ دیکھیں تو وہ ’’چندرمکھی‘‘ نہیں ہے۔ میں ہمیشہ ثقافت اور شہر کے مطابق کہانی کو ڈھالتا ہوں۔ مثال کے طور پر میری فلم ’’گردش‘‘ کی اصل کہانی کا پس منظر ایک گاؤں تھا، لیکن میں نے اسے ممبئی کے انڈر ورلڈ کے پس منظر میں فلمایا۔ میں صرف کہانی کی روح استعمال کرتا ہوں، اور فلم ’’حیوان‘‘ کے ساتھ بھی میں نے یہی کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’جب میں نے بالی ووڈ میں دو سنجیدہ اور ڈرامائی فلموں کے ذریعے کامیابی حاصل کی تو فلم ’’ہیرا پھیری‘‘ کے بعد میں راتوں رات کامیڈی فلموں ہدایتکار بن گیا۔ فلم ’’ہیرا پھیری‘‘ کے بعد ہر پروڈیوسر چاہتا تھا کہ میں کامیڈی فلم کروں۔ خدا کا شکر ہے کہ ایک پروڈیوسر ایسا تھا جس نے مجھ سے دوبارہ ایک سنجیدہ فلم بنانے کو کہا، اور میں نے فلم ’’حیوان‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’آوارہ پن ۲‘‘ کی کامیابی کے درمیان عمران ہاشمی نے اپنی اگلی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا
پریہ درشن نے انکشاف کیا کہ ابتدا میں فلم کے ولن کے کردار کے لیے ان کے ذہن میں صرف بوبی دیول تھے اور وہ کسی اور اداکار کے بارے میں نہیں سوچ رہے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’بوبی ہی میری ابتدائی اور واحد پسند تھے، میرے ذہن میں کوئی اور نہیں تھا۔ میں بوبی سے ملا بھی تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ اسکرپٹ سنیں گے، لیکن اس سے پہلے کہ میں ان کے سامنے اسکرپٹ رکھتا، اکشے آگئے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اکشے کمار سے پہلے وہ فلم میں مخالف کردار کے لیے بوبی دیول کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے، لیکن بعد میں ان کا انتخاب فلم ’’کاک ٹیل‘‘ کے اداکار سیف علی خان کی جانب ہوگیا۔ پریہ درشن کسی بھی بڑے اسٹار کو محض نام کی خاطر کاسٹ نہیں کرنا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے اکشے کمار اور سیف علی خان کو منتخب کیا۔ ان دونوں اداکاروں کے ساتھ انہوں نے فلم کو ایک ایسی کہانی میں ڈھالا جسے بالی ووڈ کے ناظرین بہترین انداز میں قبول کرسکیں گے۔ فلم ’’حیوان‘‘ ۱۱؍ ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔