Updated: June 10, 2026, 6:03 PM IST
| Mumbai
۲۰۱۳ءمیں شروع ہونے والی’’ دریشیم‘‘ فرنچائز نے ہندوستانی سنیما میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی، لیکن ’’دریشیم ۳ ‘‘کے ساتھ کئی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ ہدایت کار جیتھو جوزف نے انکشاف کیا ہے کہ اس بار فلم کی ہندی ری میک اصل ملیالم ورژن سے مختلف ہوگی جبکہ تیلگو اور کنڑ ری میکس نہیں بنائے جائیں گے۔
اجے دیوگن ’’دریشیم‘‘ کے ایک منظر میں، موہن لال اور جیتھو جوزف۔ تصویر: آئی این این
۲۰۱۳ءمیں جیتھو جوزف نے موہن لال کی اداکاری سے سجی فلم’’ دریشیم ‘‘کی ہدایت کاری کی تھی جس کے بعد ۲۰۲۱ءمیں اس کا او ٹی ٹی پر ریلیز ہونے والا سیکوئل ’’دریشیم ۲‘‘ پیش کیا گیا۔ ’’دریشیم‘‘ اور’’ دریشیم ۲‘‘ دونوں کو ہندی، تیلگو اور کنڑ سمیت کئی زبانوں میں ری میک کیا گیا تھا۔ تاہم، پہلے دو حصوں کے برعکس، ’’دریشیم ۳‘‘ جو مئی ۲۰۲۶ءمیں ریلیز ہوئی، اسے تیلگو اور کنڑ زبانوں میں ری میک نہیں کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ اجے دیوگن کی آنے والی ہندی ری میک، ملیالم اصل فلم سے کافی مختلف ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: ملی بوبی براؤن اور ہنری کیول کی ’’ اینولا ہومز۳‘‘ کا سنسنی خیز ٹریلر ریلیز
جیتھو جوزف نے بتایا کہ ’’دریشیم ۳‘‘ کی ہندی ورژن کیوں مختلف ہے
کلب ایف ایم کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں جیتھو جوزف نے انکشاف کیا کہ’’ دریشیم ۳‘‘ کا تیلگو ورژن (جس میں وینکٹیش مرکزی کردار میں تھے) اور کنڑ ورژن (جس میں روی چندرن مرکزی کردار میں تھے) نہیں بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اجے دیوگن کی ہندی ورژن ملیالم اصل فلم سے مختلف ہوگی۔ انہوں نے کہا:’ ’دریشیم ۳‘‘ صرف ہندی میں آئے گی۔ ہمارا کلائمکس دوسری زبانوں کے ناظرین کیلئے مؤثر ثابت نہیں ہو رہا۔ ان کے ہیروز کے تناظر میں ہمارا اختتام ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔ ہندی فلم سازوں نے ہم سے پوچھا کہ کیا وہ کچھ تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ جب وہ ہماری کہانی کے حقوق خرید لیتے ہیں تو انہیں اپنی مرضی سے تبدیلی کرنے کا حق ہوتا ہے، لیکن انہوں نے محض احتراماً ہم سے اجازت طلب کی۔ انہوں نے کہا، `جیتھو، ہمارے لئے یہاں اسے اسی طرح پیش کرنا مشکل ہے، ہمیں ایک مختلف راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا وہ یہ تبدیلیاں کر سکتے ہیں، تو میں نے انہیں اجازت دے دی۔ انہوں نے چند تبدیلیاں کی ہیں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: `فلم ’’الفا‘‘کا طاقتور ٹیزر جاری، عالیہ بھٹ نے ایکشن اوتار سے مداحوں کو حیران کر دیا
’’ دریشیم ۳‘‘ کا باکس آفس
پہلی دو فلموں کے برعکس، ’’ دریشیم ۳‘‘ کو ناقدین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل موصول ہوئے، لیکن اس کے باوجود فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ قائم کئے۔ فلم نے ریلیز کے۲۰؍ دنوں میں ہندوستان میں تقریباً۸۷؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا، جبکہ بیرونِ ملک اس کی کمائی ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ فلم نے اوورسیز مارکیٹس میں ۱۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی عالمی کمائی۲۳۶ء۱۱؍کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ’’ دریشیم ۳‘‘ اب تک کی چوتھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ملیالم فلم بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نصرت بھروچا نے جانوروں پر ظلم کے خلاف آواز بلند کی
اگرچہ’’ دریشیم ۳‘‘ کے پاس منجومل بوائز کو پیچھے چھوڑ کر تیسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ملیالم فلم بننے کا امکان موجود ہے، لیکن اس کی ہندی ری میک، جس میں اجے دیوگن، تبو، شریا سرن، جے دیپ اہلاوت اور پرکاش راج شامل ہیں، اپنی شوٹنگ مکمل کر چکی ہے اور۲؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو سنیماگھروں میں ریلیز ہوگی۔