Updated: December 20, 2025, 7:00 PM IST
| California
ڈزنی پلس اور ہولو نے ’’ہوم الون‘‘ کی ۳۵؍ ویں سالگرہ پر کیون میک کالیسٹر کے گھر کی لائف سائز جنجربریڈ نقل بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ یہ تنصیب لاس اینجلس میں عوام کے لیے کھلی ہے اور ٹوئس فور ٹاٹس کے لیے عطیات کی ترغیب بھی دی جا رہی ہے، جبکہ شہر بھر میں فلم کی سالگرہ کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔
جنجربریڈ ’’ہوم الون‘‘ ہاؤس۔ تصویر: آئی این این
ڈزنی پلس اور ہولو نے کرسمس کے موقع پر ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے، تقریباً لائف سائز جنجربریڈ ہاؤس کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ یہ شاندار تخلیق فلم ’’ہوم الون‘‘ کے مرکزی کردار کیون میک کیلسٹر کے گھر کی نقل ہے۔ کلٹ کلاسک فلم کے ۳۵؍ سال مکمل ہونے پر تیار کیے گئے اس جنجربریڈ ہاؤس کو مکمل طور پر آٹے، انڈوں اور دیگر خوردنی اجزاء سے بنایا گیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈس کی جج برٹنی ڈوون نے باضابطہ طور پر اس عالمی ریکارڈ کی تصدیق کی۔یہ تنصیب لاس اینجلس میںہالی ووڈ بولوارڈ اور وائن اسٹریٹ کے سنگم پر قائم کی گئی ہے، جہاں شائقین ابھی بھی اسے دیکھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:سالِ رفتہ ۲۰۲۵ء: ہندوستانی مشہور شخصیات کی بیرون ملک مشہور شخصیات سے ملاقاتیں
جنجربریڈ ہاؤس کی پیمائش ۶ء۲۵؍ فٹ اونچائی، ۴۲؍ فٹ چوڑائی اور ۵۸؍ فٹ لمبائی پر مشتمل ہے، جبکہ اس کا مجموعی حجم ۴۴؍ ہزار ۸۳۸؍ مکعب فٹ ہے۔ تعمیر میں ۵۷؍ ہزار پاؤنڈ آٹا، ۴۲؍ ہزار سے زائد انڈے، ۴۴؍ ہزار جنجربریڈ اینٹیں اور ۸۰۰؍ چھت کی ٹائلیں استعمال کی گئیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق، اسے ۲۰؍ گیلن خوردنی گلو سے جوڑا گیا اور تقریباً ۲۰؍ پاؤنڈ فونڈنٹ بھی استعمال ہوا۔ اگرچہ زائرین کو اسے کھانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاہم وہ اس شاندار بیکنگ اور آرکیٹیکچرل تخلیق سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کو ٹوئس فور ٹاٹس مہم کے لیے کھلونوں کے عطیات دینے کی بھی ترغیب دی جا رہی ہے۔ ڈزنی پلس کے نائب صدر برائے برانڈ اور مارکیٹنگ اسٹریٹجی، زیک جیروم نے کہا کہ ڈزنی پلس ایک ایسی فلم کا جشن منانے پر فخر محسوس کرتا ہے جو دنیا بھر کے خاندانوں کے لیے تعطیلات کی روایت بن چکی ہے، اور فلم کے عناصر کو حقیقی دنیا میں لا کر شائقین کو قریب سے تجربہ فراہم کرنا اس کا مقصد ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’شعلے: دی فائنل کٹ‘‘ باکس آفس پر ناکام، پرانی یادیں مضبوط کمائی میں نہیں بدلیں
’’ہوم الون‘‘ کی سالگرہ کے موقع پر لاس اینجلس میں خصوصی اسکریننگز اور کمیونٹی ایونٹس بھی منعقد ہوئے۔ اکیڈمی میوزیم آف موشن پکچرس میں ایک خصوصی شو رکھا گیا، جس میں فلم کے ہیرو میکاؤلے کلکن اور ہدایت کار کرس کولمبس نے شرکت کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’ہوم الون‘‘ کا اسکرپٹ محض نو دن میں مکمل کیا گیا تھا، اور کئی اداکاروں نے اپنی مکالمہ بازی میں خود بھی بہتریاں کیں۔ اداکار جو پیسکی نے اپنے کردار کے لیے ایک مخصوص جعلی زبان بھی ایجاد کی تھی۔ اگرچہ جنجربریڈ ہاؤس لاس اینجلس میں بنایا گیا، مگر اصل میک کالیسٹر ہاؤس الینوے میں واقع ہے، جبکہ فلم کے اندرونی مناظر ایک مقامی ہائی اسکول میں فلمائے گئے تھے۔