• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مجھے اپنے چند منتخب شاٹس پر ہی پورا اعتماد ہے: ابھیشیک

Updated: January 22, 2026, 4:15 PM IST | New Delhi

خیال رہے کہ ابھیشیک شرما (۸۴؍رن) اور رِنکو سنگھ ( ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو پہلے ٹی۲۰؍ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو۴۸؍ رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔

Abhishek.Photo:PTI
ابھیشیک۔ تصویر:آئی این این

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی۲۰؍میچ میں ۳۵؍ گیندوں پر۸۴؍ رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلنے والے  ہندوستان کے اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما نے کہا ہے کہ انہیں اپنے چند منتخب شاٹس پر ہی مکمل بھروسہ ہے۔ میچ کے بعد اپنی حکمتِ عملی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے ابھیشیک نے کہا کہ’’جب آپ حریف گیند بازوں کی ویڈیوز دیکھتے ہیں یا اپنی بیٹنگ کا تجزیہ کرتے ہیں تو اندازہ ہو جاتا ہے کہ سامنے والی ٹیم کیا منصوبہ بنا سکتی ہے اور مجھے کہاں رنز بنانے ہیں۔ سچ کہوں تو میں اپنے گنے چنے شاٹس پر ہی بھروسہ کرتا ہوں کیونکہ میرے پاس شاٹس کی بہت زیادہ ورائٹی نہیں ہے۔ میرے چند خاص اسٹروکس ہیں جن کی میں سخت مشق کرتا ہوں اور میدان میں انہی کو آزمانے کی کوشش کرتا ہوں۔‘‘
اپنی تکنیک کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’’میں زیادہ تر پاور ہٹنگ کی کوشش نہیں کرتا کیونکہ مجھ میں ویسی جسمانی طاقت نہیں ہے۔ میری بلے بازی  خاص طور پر ٹائمنگ کے بھروسے چلتی ہے۔ میرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں گیند کی لائن پر نظر رکھوں اور حالات کو سمجھوں چونکہ ہم اس وقت پورے ہندوستان میں مختلف مقامات پر کھیل رہے ہیں، اس لیے حالات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا بہت ضروری ہو جاتا ہے۔ اسی لیے میں میچ سے پہلے یا نیٹ پریکٹس کے دوران ہی اپنی حکمتِ عملی تیار کر لیتا ہوں۔ حریف گیند بازی کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے، اس لیے میرے ذہن میں ہمیشہ یہ بات رہتی ہے کہ میں اپنے کھیل اور اپنی تیاری پر پورا اعتماد رکھوں۔‘‘
اوپننگ بلے باز نے اپنےکھیل کے طرز سے  متعلق کہا کہ ’’میں اسے مشکلات سے بھرا کھیل نہیں مانتا۔ اگرچہ اسے مکمل طور پرکمفرٹ زون کہنا درست نہیں ہوگا، لیکن میرا مقصد ہمیشہ ٹیم کو مضبوط آغاز دلانا ہوتا ہے۔ ابتدائی چھ اوورز کا فائدہ اٹھانا کافی اہم ہے اور میں نیٹس میں بھی اسی کی تیاری کرتا ہوں۔ میرے ذہن میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ حریف ٹیم کے اہم گیند باز ہی اننگز کے ابتدائی اوورز کراتے ہیں۔ اگر میں پہلے تین چار اوورز میں ان پر حاوی ہو جاؤں تو میچ پر ہماری گرفت مضبوط ہو جاتی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے ایک بات سیکھی ہے کہ اگر آپ ہر گیند پر حملہ کرنا چاہتے ہیں یا۲۰۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کا ارادہ رکھتے ہیں تو اسی طرح کی ذہنیت اور سخت مشق ضروری ہوتی ہے۔ ہر ٹیم میرے لیے الگ حکمتِ عملی تیار رکھتی ہے۔ اب مجھے سمجھ آتا ہے کہ یہ محض فیلڈنگ سیٹ اپ تک محدود نہیں ہے بلکہ پچ اور گیند بازی کے انداز پر بھی منحصر ہوتا ہے۔ اسی لیے میچ سے پہلے کی گئی میری تیاری سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ اس سیریز کے آغاز سے پہلے میرے پاس ایک ہفتے کا وقت تھا۔ میں جانتا تھا کہ نیوزی لینڈ کے گیند باز مجھے مشکل میں ڈالنے کی کوشش کریں گے، لیکن مجھے اپنی فطری کھیلنے کی صلاحیت اور اپنی محنت پر پورا اعتماد ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:سدھارتھ ملہوترا باتوں سے زیادہ کام میں یقین رکھتے ہیں

خیال رہے کہ ابھیشیک شرما (۸۴؍رن) اور رِنکو سنگھ (  ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو پہلے ٹی۲۰؍ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو۴۸؍ رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’دنیا اب طاقتور ممالک کے درمیان مقابلے کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے‘‘

۲۳۹؍رن  کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو عرشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا نے ابتدائی دھچکے دئے۔ ڈیون کونوے (صفر) کو عرشدیپ سنگھ اور راچن رویندر (ایک) کو ہاردک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ دو رنز پر دو وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں پھنسی نیوزی لینڈ کے لیے گلین فلپس نے ٹم رابنسن کے ساتھ محاذ سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسرے وکٹ کے لیے ۵۰؍ رنز کی شراکت داری کی۔ ورون چکرورتی نے ساتویں اوور میں ٹم رابنسن ۱۵؍ گیندوں پر ۲۱؍ رن کو  آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ مارک چیپ مین نے گلین فلپس کے ساتھ مل کر ۷۹؍ رنز جوڑے۔  نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۷؍ وکٹوں پر صرف۱۹۰؍ رن ہی بنا سکی اور ۴۸؍ رنز سے میچ ہار گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK