• Wed, 23 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

باؤنس والی پچوں پر ویبھو کی بلے بازی دیکھنا چاہوں گا: راب والٹر

Updated: September 23, 2026, 8:03 PM IST | Auckland

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دورے پر ۲۲ ؍ اکتوبر سے یکم نومبر تک پانچ ٹی۲۰ ؍میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی اس سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں اور نیوزی لینڈ میں ان کو لے کر خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔

Vaibhav Suryavanshi.Photo:INN
ویبھوسوریا ونشی۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دورے پر ۲۲ ؍ اکتوبر سے یکم نومبر تک پانچ ٹی۲۰ ؍میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ نوجوان بلے باز  ویبھو سوریہ ونشی اس سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں  اور نیوزی لینڈ میں ان کو لے کر خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ راب والٹر نے بھی ویبھو کی صلاحیتوں اور آئندہ سیریز میں ان کی ممکنہ کارکردگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’دی بیڈ ز آف بالی ووڈ‘‘ سیزن ۲ کی تصدیق؟ شوٹنگ مارچ میں شروع ہونے کی اطلاع

راب والٹر نے کہا کہ وہ تیز اور باؤنس والی پچوں پر ویبھو سوریہ ونشی کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق وہ یہ بھی دیکھنا چاہیں گے کہ دباؤ کی صورت حال میں نوجوان بلے باز کس طرح اپنی کارکردگی پیش کرتے ہیں۔والٹر نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویبھو کو باؤنس والی وکٹوں پر کھیلتے دیکھنا پسند کریں گے اور یہ جاننا چاہیں گے کہ ایسی پچ پر ان کی بیٹنگ کس طرح مختلف نظر آتی ہے۔ انہوں نے نوجوان ہندوستانی بلے باز کو ’’ایک دلچسپ کھلاڑی‘‘  قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویبھو نے آئی پی ایل میں دنیا کے بہترین گیند بازوں کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کوچ نے کہا کہ اصل چیلنج یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ ایک کھلاڑی مختلف حالات میں کس طرح کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے اور مخالف ٹیم اپنے سازگار حالات میں اسے کس طرح گیند بازی کرتی ہے۔ ان کے مطابق بطور کوچ وہ ہمیشہ اپنے کھلاڑی کو کچھ دباؤ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ ویبھو کی کارکردگی دیکھنے کے منتظر ہیں۔ویبھو سوریہ ونشی نے آئی پی ایل کے علاوہ انڈیا اے اور ہندوستان کی انڈر ۱۹؍ ٹیم کے لیے بھی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے بعد انہیں ہندوستانی ٹی۲۰؍ ٹیم میں جگہ ملی۔ وہ ہندوستان کی جانب سے ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل کھیلنے والے سب سے کم عمر مرد کرکٹر بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:میرا خواب پورا ہوگیا: ایشین گیمز میں پہلا تمغہ جیتنے کے بعد میرابائی چانوجذباتی ہوئیں

ویبھو نے رواں سال انگلینڈ کے خلاف ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں آغاز کیا تھا۔ ان کی ڈیبیو سیریز توقعات کے مطابق نہیں رہی، لیکن اس کے بعد زمبابوے کے خلاف سیریز میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے  پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔اب تک ویبھو سوریہ ونشی چھ ٹی۲۰ ؍میچوں کی چھ اننگز میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے  ۱۹۳ ؍رنز  بنا چکے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور  ۸۱ ؍رنز  ہے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ اور تیز رفتار رنز بنانے کی صلاحیت نے انہیں کم عمری میں ہی عالمی کرکٹ میں توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
ویبھو ایشین گیمز میں بھی ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔ تاہم جاپان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انہیں پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ آنے والی سیریز اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں انہیں ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں باقاعدگی سے موقع ملتا ہے یا نہیں۔ نیوزی لینڈ کی تیز اور باؤنس والی پچوں پر ان کی بیٹنگ نوجوان بلے باز کے کھیل کی ایک نئی آزمائش ثابت ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK