• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حیدرآباد میں بھارت سمٹ سے قبل نارویجین صحافی ہیلے لِنگ کا ویزا منسوخ کر دیا گیا

Updated: November 12, 2026, 5:32 PM IST | New Delhi

لِنگ نے ویڈیو میں بتایا کہ انہیں ویزا مل چکا تھا اور انہیں اسی صبح روانہ ہونا تھا۔ انہیں میڈیا کے مستقبل اور آزادیِ صحافت کے موضوع پر بطور پینلسٹ اور مقرر مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ داخلہ میں ”اوپر سے آنے والے احکامات“ کے تحت ان کا ویزا منسوخ کیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیرِ داخلہ امت شاہ سے بھی اپیل کی کہ انہیں آنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ ان کے سیشن سے قبل ابھی ۴۸ گھنٹے باقی تھے۔

Picture: X
ہیلے لنگ۔ تصویر: ایکس

نارویجین صحافی ہیلے لِنگ نے دعویٰ کیا ہے کہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے ’بھارت سمٹ‘ میں شرکت سے عین قبل ان کا ہندوستانی ویزا منسوخ کر دیا گیا۔ انہوں نے بدھ، ۱۱ نومبر ۲۰۲۶ء کو ایکس پر ایک ویڈیو پیغام میں یہ دعویٰ کیا۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس پر فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

لِنگ اوسلو سے شائع ہونے والے روزنامے ’ڈاگساویسن‘ (Dagsavisen) کیلئے کام کرتی ہیں۔ انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ انہیں ویزا مل چکا تھا اور انہیں اسی صبح روانہ ہونا تھا۔ انہیں میڈیا کے مستقبل اور آزادیِ صحافت کے موضوع پر بطور پینلسٹ اور مقرر مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ داخلہ میں ”اوپر سے آنے والے احکامات“ کے تحت ان کا ویزا منسوخ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر گفتگو کرنی تھی کہ میڈیا، آزادیِ صحافت اور جمہوریت کا آپس میں کیا تعلق ہے۔ انہوں نے وزیرِ داخلہ امت شاہ سے بھی اپیل کی کہ انہیں آنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ ان کے سیشن سے قبل ابھی ۴۸ گھنٹے باقی تھے۔

یہ بھی پڑھئے: گریٹا تھنبرگ کی COP31 میں شرکت، عالمی لیڈروں کو تنقید کا نشانہ بنایا

لِنگ نے کہا کہ اس تمام عمل کے دوران ناروے میں ہندوستانی سفارت خانہ ”واقعی بہت اچھا اور مددگار“ رہا۔ انہوں نے وزارتِ داخلہ کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس نے کانفرنس کیلئے ویزا اور سیاسی کلیئرنس ہونے کے باوجود داخلے سے انکار کر کے ان کا سفر برباد کر دیا۔ سفارت خانے نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

اوسلو پریس بریفنگ سے تعلق

واضح رہے کہ لِنگ مئی ۲۰۲۶ء میں اوسلو میں وزیرِ اعظم نریندر مودی اور ناروے کے وزیرِ اعظم جوناس گاہر اسٹور کی مشترکہ پریس بریفنگ کے بعد توجہ کا مرکز بنی تھیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں انہیں مودی سے یہ پوچھتے ہوئے دکھایا گیا تھا کہ وہ ”دنیا کے آزاد ترین پریس“ کے سوالات کیوں نہیں لیتے؟ بعد میں انہوں نے کہا تھا کہ سیاسی لیڈران سے سوالات کرنا صحافیوں کا فرض ہے۔ وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری (مغرب) سیبی جارج کی بریفنگ میں بھی ان کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، جہاں انہوں نے پوچھا تھا کہ ”ہم آپ پر بھروسہ کیوں کریں؟“ لنگ نے ویزا کی منسوخی کو ناروے میں اٹھائے گئے آزادیِ صحافت کے سوال سے جوڑا۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: ۷۸؍ فیصد اسرائیل کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ سمجھتے ہیں: سروے

لِنگ کا نام سمٹ کے دوسرے دن، یعنی ۱۴ نومبر کے مقررین کی فہرست میں شامل ہے۔ اس پینل میں لیونارڈ نووی، پریس کلب آف انڈیا کی سنگیتا باروا پشروتی اور فرانسسکو لاپینٹا شامل ہیں، جبکہ کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ پون کھیڑا اس کی نظامت کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK