• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اگر آپ ارب پتی ہیں تو کیوں ہیں؟ بلی ایلش کا ارب پتیوں پر طنز

Updated: October 31, 2025, 5:12 PM IST | New York

مشہور گلوکارہ اور نغمہ نگار بلی ایلش نے ڈبلیو ایس جے میگزین کے انوویٹر ایوارڈز ۲۰۲۵ء میں میوزک انوویٹر ایوارڈ جیت کر سب کی توجہ حاصل کی۔ تاہم، تقریب کے دوران ان کی تقریر نے سماجی اور آن لائن حلقوں میں ہلچل مچا دی خاص طور پر اس وقت جب انہوں نے ستاروں سے سجے مجمع میں موجود ارب پتیوں، بالخصوص میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ جیسی شخصیات کو نشانہ بنایا۔

Billie Eilish. Picture: INN
بلی ایلش۔ تصویر: آئی این این

لاس اینجلس میں ہونے والے انوویٹر ایوارڈز ۲۰۲۵ء کی تقریب میں درجنوں ارب پتیوں سمیت ہیلی بیبر، اسپائک لی، جارج لوکاس، بین اسٹیلر، کرس راک، ٹوری برچ، کویسٹ لو اور کارلی کلوس سمیت کئی نمایاں شخصیات شریک تھیں، جہاں ۲۳؍ سالہ گریمی ایوارڈ یافتہ بلی ایلش کو ’’میوزک انوویٹر ایوارڈ‘‘ نوازا گیا اور انہوں نے ایوارڈ قبول کرتے وقت اپنی تقریر میں دنیا کے بڑھتے ہوئے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ایسے دور میں رہ رہے ہیں جہاں دنیا واقعی تاریک اور خراب ہے، اور لوگوں کو ہمدردی اور مدد کی ضرورت ہے خاص طور پر ہمارے ملک میں۔ اگر آپ کے پاس پیسہ ہے تو اسے اچھی چیزوں کیلئے استعمال کریں، ہوسکے تو کسی ضرورت مند کو دے دیں۔‘‘ 
تاہم ان کی اگلی بات نے تقریب میں موجود کچھ ارب پتی شخصیات کو غیر آرام دہ بنا دیا۔ ایلش نے مزید کہا کہ ’’مَیں آپ سبھی سے محبت کرتی ہوں، لیکن یہاں کچھ لوگ ایسے ہیں جن کے پاس مجھ سے بہت زیادہ پیسہ ہے۔ اگر آپ ارب پتی ہیں تو کیوں ہیں؟ مجھے کسی سے نفرت نہیں ہے، لیکن ہاں اپنے پیسے ضرورت مندوں کو دو۔‘‘ ذرائع کے مطابق ایلش کی یہ بات مارک زکربرگ کو کچھ زیادہ پسند نہیں آئی کیونکہ عینی شاہدین کے مطابق فیس بک کے بانی نے ان کی تقریر پر تالیاں نہیں بجائیں۔

یہ بھی پڑھئے: عمران ہاشمی نے بیڈس آف بالی ووڈ کے تعلق سے انکشافات کئے

دلچسپ بات یہ ہے کہ بلی ایلش خود بھی سماجی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، انہوں نے حالیہ میوزک ٹورز سے حاصل ہونے والی کمائی میں سے ۵ء۱۱؍ ملین ڈالر مختلف فلاحی کاموں کیلئے عطیہ کئے ہیں، جن میں فوڈ ایکویٹی، موسمیاتی انصاف، اور کاربن آلودگی میں کمی جیسے منصوبے شامل ہیں۔ اسی تقریب میں پرسکیلا چان، جو زکربرگ کی اہلیہ اور معروف ماہرِ اطفال ہیں، کو سائنس انوویٹر ۲۰۲۵ء کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا۔ انہیں چان زکربرگ انیشی ایٹو کے ذریعے بیماریوں کے علاج کے نئے آلات کی تیاری میں تعاون کیلئے سراہا گیا۔ واضح رہے کہ زکربرگ جوڑے نے اپنی زندگی کے دوران میٹا میں اپنے ۹۹؍ فیصد شیئرز فلاحی کاموں کیلئے عطیہ کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’تھاما‘‘ باکس آفس:تھاما نے ۸؍ دنوں میں محفل لوٹ لی،۱۰۰؍کروڑ کا ہندسہ عبور کر لیا

تاہم، سوشل میڈیا پر ردعمل منقسم رہا۔ کچھ صارفین نے بلی ایلش کے جذبے اور جرأت کی تعریف کی جبکہ دیگر نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریر میں ’’حقیقی مادہ‘‘ کی کمی تھی۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ بلی ایلش خود بھی اربوں کی دولت رکھتی ہیں، اس لئے ارب پتیوں کو نشانہ بنانا تضاد پیدا کرتا ہے۔ کچھ نے اس موقع کو ٹیلر سوئفٹ کے خلاف ایک ’’پراسرار اشارہ‘‘ قرار دیا، جس سے ’’پاپ اسٹار دشمنی‘‘ کی نئی بحث چھڑ گئی۔ ایک صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’اگر یہ لوگ واقعی چاہیں اور پروا کریں، تو وہ دنیا سے بھوک اور بے گھری ختم کر سکتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK