عمران خان کی بالی ووڈ میں واپسی اور فلم ’’دہلی بیلی‘‘ کے ممکنہ سیکوئل نے شائقین میں ایک بار پھر جوش پیدا کر دیا ہے۔ عامر خان، ویر داس اور اکشَت ورما کی موجودگی میں ہونے والے فین میٹ نے اس مشہور فلم کے اگلے حصے کی امیدوں کو تقویت دے دی ہے۔
EPAPER
Updated: January 13, 2026, 5:05 PM IST | Mumbai
عمران خان کی بالی ووڈ میں واپسی اور فلم ’’دہلی بیلی‘‘ کے ممکنہ سیکوئل نے شائقین میں ایک بار پھر جوش پیدا کر دیا ہے۔ عامر خان، ویر داس اور اکشَت ورما کی موجودگی میں ہونے والے فین میٹ نے اس مشہور فلم کے اگلے حصے کی امیدوں کو تقویت دے دی ہے۔
عمران خان اپنی نئی فلم’’ ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس ‘‘کے ذریعے۱۶؍ جنوری۲۰۲۶ء کو بالی ووڈ میں واپسی کررہے ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ میں کئی یادگار اور مشہور فلموں کے ذریعے اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔ ان فلموں میں ایک نمایاں نام دہلی بیلی کا بھی ہے۔ اگرچہ آنے والی فلم میں عمران خان اور ویر داس ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ نظر آئیں گے، لیکن اس سے قبل دونوں اکشَت ورما کی فلم’’ دہلی بیلی ‘‘میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ فلم کو شائقین کی جانب سے بے حد پسندکئے جانے کے بعد، طویل عرصے سے اس کے سیکوئل کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جن میں خود فلم کے مرکزی اداکار بھی شامل ہیں۔ مزید یہ کہ ایسے وقت میں جب بالی ووڈ سیکوئلز پر خاص توجہ دے رہا ہے، اس فلم کے دوسرے حصے کا بننا کوئی بعید بات نہیں لگتی۔
یہ بھی پڑھئے: سمانتھا روتھ پربھو نے یامی گوتم کی ’’حق‘‘ کی تعریف کی
دہلی بیلی کا سیکوئل باضابطہ طور پر بننے جا رہا ہے
دہلی بیلی کے ایک فین میٹ کے دوران عامر خان، عمران خان، ویر داس اور اکشَت ورما نے مداحوں سے ملاقات کی اور ان کے سوالات کے جواب دیئے۔ جب فلم کے سیکوئل کے بارے میں سوال کیا گیا تو عامر خان فوراً بول پڑے: ’’مجھے یہ بہت پسند آئے گا۔ میں کئی برسوں سے اکشَت ورما سے کہہ رہا ہوں کہ وہ اس پر کہانی لکھیں۔ ‘‘ اس پر اکشَت ورما نے محتاط انداز میں جواب دیا:’’اگر مجھے ایسی کہانی مل جائے جو پہلی فلم کو نقصان نہ پہنچائے۔ ‘‘جب عمران خان نے ان پر واضح جواب دینے کیلئے دباؤ ڈالا تو فلم ساز نے آخرکار مسکراتے ہوئے کہا:’’اچھا ہاں، ہو گیا، ڈن ہے۔ ‘‘ اگرچہ فلم کے سیکوئل کو بننے میں وقت لگ سکتا ہے، تاہم، عمران خان نے مداحوں کے اس مطالبے سے اتفاق کیا کہ دہلی بیلی کو دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے۔ اس طرح شائقین نہ صرف فلم کو ایک بار پھر بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے بلکہ سیکوئل کیلئے جوش و خروش بھی بڑھے گا۔
یہ بھی پڑھئے: شاہد کپور نہیں، کارتک آرین’’او رومیو‘‘ کے لئے فلمسازوں کی پہلی پسند تھے
’’ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس‘‘ ویر داس کیلئے ایک بڑا موقع
جہاں ویر داس نے دہلی بیلی میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا، وہیں ’’ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس‘‘ ان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہوگی، جو عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے بن رہی ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسے این آر آئی نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو ایم آئی سکس اور دیگر خفیہ ایجنسیوں میں شامل ہونے کی بھرپور کوشش کرتا ہے، مگر ہر بار ناکامی اس کا مقدر بنتی ہے۔ جب اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس کی جڑیں ہندوستان سے وابستہ ہیں، تو وہ خود کو اس ماحول میں ڈھالنے کی کوشش کرتا ہے، مگر اس کے باوجود وہ نمایاں طور پر مختلف دکھائی دیتا ہے۔ آخرکار اس کا خواب پورا ہو جاتا ہے اور وہ ایک خفیہ ایجنسی کا حصہ بن جاتا ہے، لیکن اس بار خطرات اور مشکلات اس کی توقع سے کہیں زیادہ ہوتی ہیں۔ یہ فلم عمران خان کی کئی سال کے وقفے کے بعد بالی ووڈ میں شاندار واپسی بھی ثابت ہوگی۔ اس فلم میں مونا سنگھ اور متھلا پالکر بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔