Updated: May 19, 2026, 4:04 PM IST
| Mumbai
امتیاز علی کی نئی فلم ’’مَیں واپس آؤں گا‘‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز سے قبل ہی شائقین میں جذباتی جوش پیدا کر دیا۔ دلجیت دوسانجھ، نصیر الدین شاہ، ویدائنگ رائنا اور شروری کی اداکاری یہ فلم محبت، جدائی، یادوں اور تقسیم ہند کے اثرات کے گرد گھومتی ہے۔
امتیاز علی کی فلموں میں محبت ہمیشہ روایتی انداز سے مختلف دکھائی دیتی ہے۔ ان کی کہانیوں میں جذبات خاموش مکالموں، ادھورے رشتوں، بچھڑنے کے دکھ اور یادوں کے بوجھ کے ساتھ سانس لیتے ہیں۔ اب فلمساز اپنی نئی فلم ’’میں واپس آؤں گا‘‘ کے ذریعے ایک اور جذباتی سفر لے کر واپس آئے ہیں، جس کا ٹریلر باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے : نیتو کپور کی واپسی سے خود کو جوڑ پاتی ہوں، خواتین کو ایسی ہمت ملنی چاہیے: روبینہ دلائک
فلم میں دلجیت دوسانجھ، نصیرالدین شاہ، ویدائنگ رائنا اور شروری اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹریلر ایک ایسی دنیا کی جھلک پیش کرتا ہے جہاں محبت صرف ایک رومانوی جذبہ نہیں بلکہ وقت، فاصلے اور تاریخ کے زخموں کے ساتھ جڑی ہوئی یاد بن جاتی ہے۔ فلم کے ٹیزر اور موسیقی کو پہلے ہی سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل ملا تھا، جبکہ اب ٹریلر نے شائقین کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔ خاص طور پر اے آر رحمان، ارشاد کامل اور امتیاز علی کی مشہور تخلیقی ٹیم کی واپسی نے فلم کے میوزک اور جذباتی فضا کے متعلق توقعات کو اور بلند کر دیا ہے۔ اس سے قبل یہ تینوں ’’راک اسٹار‘‘، ’’تماشا‘‘ اور ’’ہائی وے‘‘ جیسی فلموں میں یادگار کام دے چکے ہیں۔
ٹریلر کے اجرا کے موقع پر امتیاز علی نے کہا کہ یہ فلم صرف ایک محبت کی کہانی نہیں بلکہ تقسیم ہند کے بعد دہائیوں تک دلوں میں زندہ رہنے والی یادوں اور جذبات کی عکاسی ہے۔ ان کے مطابق ’’میں واپس آؤں گا‘‘ محبت اور چاہت کی ایک ذاتی کہانی ہے جو تقسیم کے ۷۸؍ سال بعد بھی دلوں میں زندہ ہے۔ یہ ان سیکڑوں کہانیوں کی بازگشت ہے جو میں نے برسوں لوگوں سے سنیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ فلم ایک نئی نسل کے جذبات کو عصری انداز میں دیکھتی ہے اور ان کے لیے یہ کہانی بنانا ایک نہایت ذاتی اور اہم تجربہ رہا۔
یہ بھی پڑھئے : امیشا پٹیل نے کہا کہ ہندوستان میں اداکاروں کو اپنے ہی لوگ بری طرح ٹرول کرتے ہیں
اپلاس انٹرٹینمنٹ کے بزنس ہیڈ سنیل چینانی نے بھی فلم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیزر اور موسیقی پر ملنے والا ردعمل ’’دل کو چھو لینے والا‘‘ تھا۔ ان کے مطابق ٹریلر فلم کی جذباتی گہرائی اور بڑے سنیما تجربے کی صرف ایک جھلک ہے، جبکہ اصل فلم ناظرین کو کہیں زیادہ طاقتور احساسات سے جوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’امتیاز علی، اے آر رحمان اور ارشاد کامل جیسے تخلیق کاروں کے ساتھ یہ سفر ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ’’مَیں واپس آؤں گا‘‘بڑے پردے پر ایک منفرد اور یادگار تجربہ ثابت ہوگی۔‘‘
فلم کو برلا اسٹوڈیوز، اپلاس انٹرٹینمنٹ اور ونڈو سیٹ فلمز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے، جبکہ اس کا میوزک ٹپس میوزک کے تحت جاری کیا جا رہا ہے۔ یہ فلم ۱۲؍ جون ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔