• Tue, 10 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بالی ووڈ میں اپنےعروج کے دنوں میں مالا سنہا اپنی شرطوں پر کام کرتی تھیں

Updated: November 19, 2023, 12:34 PM IST | Agency | Mumbai

دلیپ کمار کے ساتھ فلموں میں کام کرنا کسی بھی اداکارہ کا خواب ہوسکتا تھا لیکن مالا سنہا نے فلم ’رام اور شیام‘ میں ان کے ساتھ کام کرنے سے اسلئے انکار کر دیا کیونکہ اس میں اداکارہ کا رول بہت مختصر تھا۔

Mala Sinha has played the role from childhood to grandmother. Photo: INN
مالا سنہا نے بچپن کے رول سے دادی ماں تک کا کردار ادا کیا ہے۔ تصویر : آئی این این

نیپال سے ہندوستان آکر فلموں میں کریئر یوں تو کئی فنکاروں نے بنایا ہے لیکن جو مقبولیت مالا سنہا کو ملی، وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آئی۔ ایک دور تھا جب لوک مالا سنہا کے نام کی مالا جپتے تھے اور ان کی ایک جھلک کیلئے گھنٹوں ان کے راستے میں کھڑے رہتے تھے۔ مالا سنہا ۱۱؍ نومبر۱۹۳۶ء کو ایک نیپالی نژاد خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد کا نام ’البرٹ سنہا‘ تھا۔ وہ نیپائی عیسائی تھے۔ وہ اداکارہ نرگس سے کافی متاثر تھیں اور بچپن ہی سے ان کے جیسی اداکارہ بننے کا خواب دیکھتی تھیں۔ ان کا بچپن کا نام ’آلڈا‘ تھا،اسلئے اسکول میں پڑھنے والے بچے انہیں ’ڈالڈا‘ کہہ کر پکارتے تھے۔ بعدمیں انہوں نے اپنا نام آلڈا سنہا کی جگہ مالا سنہا رکھ لیا۔
اسکول کے ایک ڈرامے میں مالا سنہا کی اداکاری کو دیکھ کر بنگالی فلموں کے مشہور ہدایتکار اردھیندو بوس ان سے کافی متاثر ہوئے اور انہیں اپنی فلم ’روشن آرا‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ اس دوران مالا سنہا نے کئی بنگالی فلموں میں کام کیا۔ ایک بار انہیں بنگالی فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں ممبئی جانے کا موقع ملا۔
ممبئی میں مالا سنہا کی ملاقات کیدار شرما سے ہوئی جو اُن دنوں فلم’ رنگین راتیں ‘ کے پروڈکشن میں مصروف تھے۔ انہوں نے اپنی فلم کیلئے مالا سنہا کا انتخاب کیا۔۱۹۵۴ء میں مالا سنہا کو پردیپ کمار کی بادشاہ اور ہیم لیٹ جیسی فلمیں کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے ان کی دونوں فلمیں باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں ۔مالا سنہا کی اداکاری کا ستارہ پروڈیوسر ہدایت کار گرو دت کی ۱۹۵۷ءمیں ریلیز ہونے والی کلاسک فلم ’پیاسا‘ سے چمکا۔ اس فلم کی کامیابی نے مالا سنہا کو اسٹار کے طور پر قائم کیا۔ اس بیچ مالا سنہا نے راج کپور کے ساتھ پرورش، پھر صبح ہوگی، دیوآنند کے ساتھ لو میرج اور شمی کپور کے ساتھ فلم اُجالا میں ہلکے پھلکے کردار ادا کرکے اپنی کثیر جہتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔۱۹۵۹ء میں ریلیز ہونے والی بی آر چوپڑا کی پروڈیوس کردہ فلم’ دھول کا پھول‘ کے ہٹ ہونے کے بعدفلم انڈسٹری میں مالا سنہا کے نام کا ڈنکا بجنے لگا۔اس کے بعدیکے بعد دیگرے مشکل کردار ادا کرکے انہوں نےفلم انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ’دھول کا پھول‘ بطور ہدایت کار یش چوپڑا کی پہلی فلم تھی۔ ۱۹۶۱ء میں مالا سنہا کو ایک بار پھر بی آر چوپڑا کی فلم ’دھرم پتر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا جو اُن کے فلمی کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس کے بعد۱۹۶۳ء میں مالا سنہا نے بی آر چوپڑا کی سپرہٹ فلم ’گمراہ‘ میں بھی کام کیا۔
 مالا سنہا نے اپنے فلمی کریئر میں اس دور کے تمام بڑے اداکاروں کے ساتھ اداکاری کی۔ راج کپور کے ساتھ فلم پرورش میں بھولا بھالا پیار ہو یا شمی کپور کے ساتھ فلم دل تیرا دیوانہ میں مست انداز ہو یا گرو دت کے ساتھ فلم پیاسا میں سنجیدہ اداکاری ہو یا وشواجیت کے ساتھ دو کلیاں میں چھیل چھبیلا کا رومانس ہو۔ مالا سنہا ہرکردار کے ساتھ اسی کے رنگ میں رنگ جاتی تھیں ۔ دلیپ کمار کے ساتھ اداکاری کرنا کسی بھی اداکارہ کا خواب ہو سکتا ہے لیکن مالا سنہا نے ان کے ساتھ فلم رام اور شیام میں کام کرنے کیلئے اسلئے انکار کر دیا کیونکہ وہ فلم میں اداکاری کو ترجیح دیتی تھیں نہ کہ شو پیس کے طور پر کام کرنے کو۔
 مالا سنہا کے فلمی کریئر میں ان کی جوڑی اداکار دھرمیندر کے ساتھ بہت اچھی رہی۔سب سے پہلے یہ جوڑی۱۹۶۲ءمیں ریلیز ہونے والی فلم اَن پڑھ میں پسند کی گئی تھی ۔ اس کے بعد اس جوڑی نے پوجا کے پھول، جب یاد کسی کی آتی ہے، نیلا آکاش، بہاریں پھر بھی آئے گی او رآنکھیں جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔ دھرمیندر کے علاوہ ان کی جوڑی وشواجیت، پردیپ کمار اور منوج کمار کے ساتھ بھی پسند کی گئی۔ہندی فلموں کے علاوہ مالا سنہا نے بنگالی فلموں میں بھی اپنی زبردست اداکاری سے شائقین کو بھر پور محظوظ کیا۔ ۱۹۵۸ء میں ریلیز ہونے والی بنگالی فلم لکوچوری مالا مالا سنہا کے فلمی کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں انہیں کشور کمار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ بنگالی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں اس فلم کا شمار کامیڈی سے بھرپور سپر ہٹ فلموں میں ہوتا ہے۔ آج بھی جب کبھی کولکاتا میں چھوٹے پردے پریہ فلم دکھائی جاتی ہے تو شائقین اسے دیکھنے کا موقع نہیں چھوڑتے۔
 ۱۹۶۶ء میں مالا سنہا کو نیپالی فلم ’ماٹی گھر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ فلم کی تیاری کے دوران ان کی ملاقات فلم کے اداکار سی پی لوہانی سے ہوئی جواس فلم کے اداکار تھے۔ فلم میں کام کرتے ہوئے مالا سنہا کی ان سے قربت ہوگئی۔ بعد میں دونوں نے شادی کر لی۔ مالا سنہا نے تقریباً۱۰۰؍فلموں میں کام کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK