• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملک میں ہر۵؍ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہوتا ہےاور تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن ہوتے ہیں

Updated: November 26, 2026, 1:35 PM IST | Agency | New Delhi

مودی حکومت کی انتظامی صلاحیتوں پر کانگریس کی تنقید، کھرگے نے کہا کہ۱۲؍ سال گزرنے کے بعد غذائیت سے متعلق متعدد منصوبوں کے تئیں جوابدہی کہاں ہے؟ فنڈ کے استعمال پر بھی سوال کیا۔

Congress chief Mallikarjun Kharge. Photo: INN
کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے۔ تصویر: آئی این این

کانگریس نے بدھ کو ملک میں غذائی قلت اور خون کی کمی (انیمیا) کی صورتحال کے حوالے سے مرکزی حکومت کو نشانے بناتے ہوئے اس کی انتظامی صلاحیتوں پر تنقید کی ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نےاس حوالے سے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی۔ اس پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’ہندوستان اپنی آبادی کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ کیسے اٹھا سکتا ہے، جب لاکھوں خواتین اور بچے بدستور غذائی قلت کے شکار ہیں؟‘‘ملکارجن کھرگے لکھتے ہیں کہ ’’مودی حکومت کی اپنی آئی سی ایم آر۔سمپدا رپورٹ انکشاف کرتی ہے کہ تولیدی عمر کی۵۵ء۹؍ فیصد خواتین خون کی کمی (انیمیا) کی شکار ہیں۔ نوعمر لڑکیوں اور لڑکوں میں سے تقریباً۲؍ تہائی وٹامن بی۱۲؍کی کمی کا شکار ہیں۔ ایک سے ۴؍ سال کی عمر کے۴۲؍ فیصد بچے خون کی کمی کا شکار ہیں۔‘‘ انہوں نے وزیراعظم کے ’گجرات ماڈل ‘ کو بھی نشانہ بنایا۔ پوسٹ میں وہ لکھتے ہیں کہ ’’ دیگر ریاستوں کی طرح گجرات کی حالت بھی دگرگوں ہے۔ وہاں تولیدی عمر کی۶۶؍ فیصد خواتین اور کم عمر۵۷؍ فیصد بچے خون کی کمی کے شکار ہیں۔‘‘

کانگریس صدر نے یہ بھی لکھا کہ ’’مودی حکومت کی جانب سے خون کی کمی کو ’معمولی‘ قرار دینے پر زور دینے سے یہ حقیقت نہیں چھپ سکتی کہ تولیدی عمر کی تقریباً ۳۰؍ فیصد خواتین درمیانے یا شدید درجے کی خون کی کمی کی شکار ہیں۔‘‘ ان کے مطابق تازہ ترین این ایف ایچ ایس۔۶؍ کے اعداد و شمار بھی ظاہر کرتے ہیں کہ ہمارے تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن ہیں اور ہر۵؍ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھئے:داعش کے رکن ہونے کے الزام میں گرفتارمحمد وقار لون کی ضمانت عرضداشت ۵؍ سال بعد منظور

ملکارجن کھرگے نے حکومت کے مالیاتی ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’سکشم آنگن واڑی، پوشن۲ء۰؍ اور ان سے قبل کے منصوبوں کے تحت۶؍ مالی سال میں۱ء۱۳؍ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ جاری کیے گئے۔ صرف۴؍ سال میں پوشن۲ء۰؍ کے تحت جاری اور استعمال شدہ فنڈز کے درمیان۲۵۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کا فرق رہا۔ انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل ’پوشن ابھیان‘ کے تحت جاری کیے گئے تقریباً۴۴؍ فیصد فنڈز استعمال ہی نہیں کیے گئے۔‘‘

ملکارجن کھرگے کے مطابق مرکزی بجٹ میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کا حصہ۱۶۔۲۰۱۵ء کے۰ء۹۶؍ فیصد سے کم ہو کر۲۶۔۲۰۲۵ء میں تقریباً نصف یعنی ۰ء۵۰؍فیصد رہ گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’مودی حکومت کے۱۲؍ سال گزرنے کے بعد غذائیت سے متعلق متعدد منصوبوں، غذائیت سے بھرپور چاول اور آئرن سپلیمنٹ کے پروگراموں کے باوجود آخر جوابدہی کہاں ہے؟‘‘

قابل ذکر ہے کہ ایس اے ایم پی اے ڈی اے (سمپدا) سروے کے تحت ملک کی ۳۵؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے۱۸۳؍ اضلاع میں۲؍ لاکھ سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران۱ء۷؍ لاکھ سے زیادہ خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔ رپورٹ میں بچوں، نوعمر لڑکیوں، خواتین، حاملہ خواتین، مردوں اور بزرگوں میں خون کی کمی اور غذائی اجزا کی قلت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق مجموعی طور پر انیمیا کی شرح سابقہ قومی سروے کے مقابلے کم رہی ہے، تاہم مختلف عمر اور آبادی کے گروہوں میں اس کی موجودگی اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے بھی اس معاملے میں حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ’ سمپدا‘ کی رپورٹ کے نتائج خاص طور پر خون کی کمی کے معاملے میں چشم کشا ہیں کیونکہ اس کی وجہ صرف آئرن کی کمی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی پر ایک جائز سوال پیدا ہوتا ہے، اور وہ یہ کہ کیا آئرن کی اضافی خوراک اور غذائیت سے بھرپور چاول پر مرکوز طریقۂ کار ہندوستان کے غذائی بحران سے نمٹنے کیلئے جامع ہے؟ آخر میںوہ لکھتے ہیں کہ ’’ہندوستان کو اس سے کہیں زیادہ باریک بینی پر مبنی حکمت عملی کی ضرورت ہے، جس میں درست تشخیص، ہدف کے مطابق علاج اور آبادی کے مختلف طبقات کی ضروریات کے مطابق غذائی اقدامات شامل ہوں، نہ کہ مودی کی اعداد و شمار گنوانے پر مبنی بے خبری کی جگل بندی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK