Updated: October 09, 2025, 10:02 PM IST
| Mumbai
سلمان خان کے خلاف بیانات کے بعد فلمساز ابھینو کشیپ نے اب شاہ رخ خان پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے نہ صرف اداکار کے ارادوں پر سوال اٹھائے بلکہ انہیں مشورہ دیا کہ وہ ہندوستان چھوڑ کر دبئی چلے جائیں کیونکہ ان کے بقول وہاں واقع شاہ رخ کا گھر ’’جنّت‘‘ کہلاتا ہے۔ ان کے تبصرے کو سوشل میڈیا صارفین نے اسلامو فوبک قرار دیا ہے۔
ابھینو کشیپ (دائیں) ، شاہ رخ خان ( بائیں)۔ تصویر: آئی این این
فلمساز ابھینو کشیپ، جو ہدایتکار انوراگ کشیپ کے بھائی ہیں، ایک مرتبہ پھر تنازع میں ہیں۔ سلمان خان کے خلاف سنگین الزامات لگانے کے بعد انہوں نے اب شاہ رخ خان پر زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار کو ’’جنّت‘‘ (دبئی میں ان کا مشہور بنگلہ) ہی میں رہنا چاہئے اور ہندوستان چھوڑ دینا چاہئے۔ ابھینو کشیپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’یہ برادری صرف لینا جانتی ہے، دینا نہیں۔ میں نے سنا ہے کہ شاہ رخ اپنے بنگلے ’’منت‘‘ پر دو مزید منزلیں بنا رہے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ یہاں اُن کے مطالبات (یعنی منتیں) بڑھتے جا رہے ہیں۔ اگر آپ کے پاس دبئی میں ’’جنّت‘‘ ہے، تو وہیں رہیں، ہندوستان میں کیا کر رہے ہیں؟‘‘
انہوں نے مزید طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’پھر وہ فلموں میں ایسے فقرے بولتے ہیں جیسے ’’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے باپ سے بات کر!‘‘ کشیپ کے ان بیانات نے سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل پیدا کیا ہے۔ کئی صارفین نے انہیں تعصب پر مبنی اور اسلام مخالف قرار دیا۔ شاہ رخ خان پر کئے گئے تبصروں کے بعد کئی صارفین نے ابھینَو کشیپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے لکھا ’’یہ سراسر نفرت انگیز اور مذہبی تعصب پر مبنی بیان ہے۔‘‘ جبکہ کچھ نے کہا کہ ابھینَو کشیپ ’’میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے مشہور شخصیات پر حملہ کر رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ابھینَو کشیپ نے سلمان خان اور ان کے خاندان پر بھی سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’سلمان خان ایک عام انسان نہیں بلکہ ایک مجرم ہے جو ضمانت پر ہیں۔ وہ سزا یافتہ ہے، مگر اثر و رسوخ کی وجہ سے بچ جاتے ہیں۔‘‘