پروفیسر محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد سے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان قربت دیکھی جا رہی ہے۔
افتتاح کے موقع پر حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تقریب منعقد کی گئی۔ تصویر: آئی این این
بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے جمعرات کو ڈھاکہ-کراچی روٹ پر براہِ راست پرواز سروس کا آغاز کر دیا۔ افتتاحی پرواز بی جی-۳۴۱؍ جمعرات کی شب۸؍ بجے ڈھاکہ سے روانہ ہوئی۔ اگست۲۰۲۴ءمیں پروفیسر محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں قربت دیکھی جا رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان فوجی وفود کے ساتھ ساتھ مختلف سطحوں پر وفود کا مسلسل تبادلہ ہو رہا ہے۔کراچی کے لئے براہِ راست پرواز کے آغاز کو دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ براہِ راست پرواز سروس کے افتتاح کے موقع پر حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر شہری ہوابازی و سیاحت کی وزارت کے مشیر اور بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شیخ بشیرالدین مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔
تقریب میں بنگلہ دیش میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر اور بنگلہ دیش سول ایوی ایشن اتھاریٹی کے چیئرمین ایئر وائس مارشل ایم ڈی مصطفیٰ محمود صدیقی بھی شریک ہوئے۔
افتتاحی پرواز کے جمعرات کی شب مقامی وقت کے مطابق رات۱۱؍ بجے کراچی پہنچنے کا پروگرام تھا جبکہ واپسی پرواز بی جی-۳۴۲؍ جمعہ کی شب۱۲؍ بج کر ایک منٹ پر کراچی سے روانہ ہو کر صبح۴؍ بج کر ۲۰؍منٹ پر ڈھاکہ پہنچے گی۔ افتتاحی پرواز کے ذریعے تقریباً۱۵۰؍ مسافروں نے سفر کیا۔بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی جمعہ سے نافذ ہونے والی سرمائی پرواز شیڈول کے تحت ڈھاکہ-کراچی روٹ پر ہفتے میں دو بار جمعرات اور سنیچر کو پروازیں چلائی جائیں گی۔
پروازیں ڈھاکہ سے رات۸؍ بجے روانہ ہو کر رات۱۱؍ بجے کراچی پہنچیں گی جبکہ واپسی پر کراچی سے نصف شب کے بعد روانہ ہو کر صبح۴؍بجے ڈھاکہ پہنچیں گی۔ اس نئی سروس کے آغاز کے ساتھ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ قائم ہو گیا ہے۔