• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ ہندوستان نے اب تک کی سب سے اچھی پیشکش کی ہے‘‘

Updated: December 11, 2025, 2:14 PM IST | Agency | New Delhi/Washington

ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ پر نئی دہلی میں مذاکرات کے بیچ واشنگٹن میں جیمسن گریر نے سینیٹ کو اطلاع دی، ہندوستان کو بڑا متبادل بازار قرار دیا۔

Jamieson Greer told the Senate that India is willing to open its markets for many agricultural products. Picture: INN
جیمیسن گریر نے سینیٹ کو بتایا کہ ہندوستان کئی زرعی مصنوعات کیلئے اپنے بازار کھولنے پر آمادہ ہے۔ تصویر:آئی این این
ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ  کے پہلے مرحلہ کی تکمیل کیلئے ایک طرف جہاں نئی دہلی میں  سیاسی سطح پر  گفت وشنید ہورہی ہے وہیں  دوسری جانب  واشنگٹن میں امریکی تجارتی نمائندے جیمسن گریرنے سینیٹ کو آگاہ کیا ہے کہ  ہندوستان  نے امریکہ کو اب تک کی سب سے بہترین پیشکش کی ہے۔  یہ واضح  نہیں ہے کہ نئی دہلی  نے واشنگٹن کو کیا پیش کش کی ہے تاہم جیمیسن  کے مذکورہ بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ نئی دہلی کئی زرعی مصنوعات کیلئے بازار کھولنے پر راضی ہے۔ معاہدہ کے پہلے مرحلہ میں حائل سیاسی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے امریکی وفد نئی دہلی  میں  ہے۔ یہاں بدھ سے جمعہ تک   (یعنی ۱۰؍ تا۱۲؍ دسمبر )مذاکرات ہوںگے۔ وزیر تجارت پیوش گوئل نے منگل کو اطمینان دلایا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ  پار بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ  رہی ہے۔
امریکی سویا اور جوار کیلئے ہندوستانی بازارکھلیں گے!
امریکی تجارتی نمائندے جیمسن گریرنے منگل کو قانون سازوں کو بتایا کہ ہندوستان نے امریکی زرعی مصنوعات جیسے جواراورسویا کیلئے  بازار کھولنے پر’ایک ملک کے طور پر ہمیں اب تک کی بہترین پیشکش‘ کی ہے۔ سینیٹ کی ایک کمیٹی  میں گریر نے کہا کہ ان کی ٹیم اس وقت نئی دہلی میں میٹنگوں میں مصروف ہے، جہاں وہ حساس زرعی مسائل پر تبادلہ خیال کر رہی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ہندوستان کو کچھ فصلوں کے بارے میں تحفظات ہیں لیکن ہندوستان کی حالیہ پیشکش پہلے سے کہیں زیادہ مثبت ہے۔گریر نے کہا کہ چین سے مانگ میں کمی اور امریکی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے اسٹاک کی صورت میں ہندوستان اب امریکہ کیلئے بڑا متبادل بازار بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا بازار مواقع سے بھرا ہوا ہے لیکن اسے کھولنا ہمیشہ مشکل رہا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین جیری موران نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ امریکی کسانوں کیلئے برآمدی اختیارات کم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جیسے ممالک میں داخل ہونا آسان نہیں ہے۔ اس پرگریر نےکہاکہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات میں  پہلے سے بہتر پیش رفت ہوئی ہے۔
 امریکہ ہندوستان کو ایتھنال بھی بھیج سکتاہے
موران نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان امریکی مکئی اور سویا سے بنے ایتھنال کا بڑا خریدار بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے پہلے ہی امریکی ایتھنال کے لیے اپنے بازار کھول دیئے ہیں۔ کئی سینیٹرز نے غیر مستحکم ٹیرف اور چین کی قوت خرید میں تبدیلی کے درمیان امریکی کسانوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ اس کے جواب میں گریر نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ کا باہمی معاہدوں پر زوردینے سے برآمد کنندگان  کیلئے  نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
 امریکہ کیلئے شہری ہوا بازی کاشعبہ بھی کھل سکتاہے
جیمسن گریر  نے  سینیٹ میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں فصلوں کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی  ہونےوالی بات چیت پر  روشنی ڈالی۔ان میں ٹیرف اور مختلف سیکٹروں میں مارکیٹ تک رسائی شامل ہے۔۱۹۷۹ء ائیرکرافٹ معاہدے کے تحت سول ایوی ایشن (شہری ہوا بازی)  کے شعبے میں استعمال ہونےوالے کل پرزوں کیلئے زیرو ٹیرف کے وعدوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بات چیت ’’کافی حد تک آگے بڑھ چکی ہے‘‘ اور یہ بھی اضافہ کیا کہ اگر  ہندوستان باہمی رسائی پر رضامند ہو جائے تو امریکہ اسی طرح کا سلوک  اس کے ساتھ بھی کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK