• Wed, 19 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران نے ہندوستانیوں کیلئے ویزا فری داخلہ روکا، ہندوستان کی شہریوں کیلئے ہدایات

Updated: November 18, 2025, 7:09 PM IST | New Delhi

ایران نے ہندوستانیوں کیلئے ویزا فری داخلہ روک دیا، جس کے بعد ہندوستان نے اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں چوکس رہنے اور ایجنٹوں کے دھوکے سے بچنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستان نے ایران کے ویزا فری داخلےکی معطلی کے بعد اپنے شہریوں کوایران کے سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ فیصلہ۲۲؍ نومبر سےعمل میں آئے گا، اور اس کی وجہ اسمگلنگ کے ان بڑھتے ہوئے واقعات کو بتایا گیا ہے جن میں ہندوستانی شہریوں سے جعلی ملازمت کا وعدے کرکے انہیں ایران لایا گیا اور پھر تاوان کے لیے اغوا کر لیا گیا۔ہندوستان کی وزارت خارجہ نے پیر ۱۷؍ نومبر کو ایران کا سفر کرنے والے ہندوستانی شہریوں کے لیے ایک نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزارت نے کہا کہ لوگوں کو جعلی ملازمت کی اسکیموں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دستور نے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر عدالتوں سے رجوع کا حق دیا ہے: بی آر گوئی

واضح رہے کہ یہ معطلی ۲۲؍نومبر۲۰۲۵ء سے نافذ ہوگی اور عام پاسپورٹ رکھنے والے تمام ہندوستانیوں پر اس کا اطلاق ہوگا۔دراصل ہندوستانی شہریوں سے اچھی نوکریوں یا کسی دوسرے ملک کے لیے ہموار ٹرانزٹ کا وعدہ کرکے ایران لایا جاتا تھا۔ان میں سے کئی لوگ محفوظ طریقے سے ہوائی اڈے سے باہر نہیں نکل پائے۔ وزارت خارجہ نے انتباہ دیا کہ کئی ہندوستانی شہریوں کو ایران پہنچتے ہی اغوا کر لیا گیا۔ اس کے بعد مجرم گروہوں نے پھر ان کے گھر والوں کو فون کرکے تاوان کا مطالبہ کیا۔ وزارت کا کہنا تھا کہ یہ گروہ ویزا فری سہولت کا فائدہ اٹھاتے تھے، کیونکہ وہ جانتے تھے کہ اس سے متاثرہ افراد کے لیے ایران کا سفر آسان ہو جاتا ہے۔
تاہم وزارت خارجہ نے کہا، ’’حکومت کی توجہ ہندوستانی شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے متعدد واقعات کی طرف مبذول کرائی گئی ہے، جن میں انہیں ملازمت کے جھوٹے وعدوں یا کسی  تیسرے ممالک کے لیے ٹرانزٹ کی یقین دہانی پر پھسلا کر ایران لایا گیا۔ ان افراد سے عام ہندوستانی  پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے دستیاب ویزا فری سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران کا سفر کرایا گیا۔ ایران پہنچنے پر ان میں سے بہت سے لوگوں کو تاوان کے لیے اغوا کر لیا گیا۔‘‘دریں اثناء نومبر سے، ایران کا سفر سیاحت یا ٹرانزٹ کے لیے کرنے والے ہر شخص کو ویزا درکار ہوگا۔ وزارت خارجہ کے مطابق، یہ اقدام ان سہولیات کا مجرمانہ عناصر کے ذریعے غلط استعمال کئے جانے کو روکنے میں مددگار ہوگا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کھرگے اور اسٹالن کا آزاد اورغیر جانبدار صحافت پرزور

نئی دہلی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور ان ایجنٹوں سے پرہیز کریں جو ویزا فری سفر یا ایران کے ذریعے تیسرے ممالک  میں داخلے کا دعویٰ  کرتے ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا، ’’ایران کا دورہ کرنے کے ارادے رکھنے والے تمام بھارتی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مستعد رہیں اور ان ایجنٹوں سے بچیں۔‘‘اس سے قبل بھی اسی قسم کی ہدایات  جاری کی جا چکی ہیں۔ ستمبر میں، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے خبردار کیا تھا کہ جعلی ملازمت کے وعدوں پر ہندوستانیوں کو ایران لے جایا جا رہا ہے، جہاں انہیں دھوکہ دے کر اغوا کیا جاتا ہے اور تاوان کے لیے روکا جاتا ہے۔ ویزا فری داخلہ صرف مختصر سیاحتی دورے کے لیے تھی، جس کی مدت چھ ماہ میں ایک بار۱۵؍ دن تک محدود تھی۔تاہم اس میں ملازمتں کبھی بھی شامل نہیں تھیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے معاملے میں ہندوستانی شہریوں کو ہر تفصیل کی تصدیق کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ منظم گروہ اب زیادہ پراعتماد ہو کر روزگار کے متلاشی ہندوستانی مزدوروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK