امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے درمیان ایران میں نافذ کیا گیا انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن اب تک دنیا کا سب سے بڑا بلیک آؤٹ بن گیا ہے۔ یہ بات ڈیجیٹل مانیٹرنگ گروپ نیٹ بلاکس نے اتوار کو بتائی۔
EPAPER
Updated: April 05, 2026, 7:09 PM IST | Tehran
امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے درمیان ایران میں نافذ کیا گیا انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن اب تک دنیا کا سب سے بڑا بلیک آؤٹ بن گیا ہے۔ یہ بات ڈیجیٹل مانیٹرنگ گروپ نیٹ بلاکس نے اتوار کو بتائی۔
امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے درمیان ایران میں نافذ کیا گیا انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن اب تک دنیا کا سب سے بڑا بلیک آؤٹ بن گیا ہے۔ یہ بات ڈیجیٹل مانیٹرنگ گروپ نیٹ بلاکس نے اتوار کو بتائی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں نیٹ بلاکس نے کہا کہ ایران میں گزشتہ ۳۷؍ دنوں یا۸۶۴؍ گھنٹوں سے انٹرنیٹ بند ہے، اور یہ مدت اور پیمانے کے لحاظ سے پہلے کے تمام بلیک آؤٹس سے بڑا ہے۔
نیٹ بلاکس کے مطابق’’ایران میں انٹرنیٹ کی بندش کسی بھی ملک میں ریکارڈ کیا گیا سب سے طویل قومی سطح کا انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن ہے، جو ۸۶۴؍ گھنٹوں کے بعد مسلسل ۳۷؍ویں دن میں داخل ہو چکا ہے اور اس نوعیت کے دیگر تمام واقعات سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔‘‘ ۲۸؍ فروری کو شروع ہونے والے اس انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن نے عام شہریوں کو عالمی انٹرنیٹ سے مکمل طور پر الگ کر دیا ہے جبکہ حکام یکطرفہ طور پر منتخب معلومات فراہم کر رہے ہیں۔
نیٹ بلاکس نے کہا کہ میانمار، سوڈان اور تگرائے جیسے ممالک میں اگرچہ وقفے وقفے سے یا مخصوص علاقوں میں انٹرنیٹ بندش دیکھنے کو ملی ہے، لیکن کسی بھی ملک میں، جہاں عام حالات میں انٹرنیٹ دستیاب ہو، اتنے طویل عرصے تک مکمل قومی سطح پر بندش نہیں دیکھی گئی۔ اس کے برعکس، شمالی کوریا جیسے ممالک، جو کبھی بھی عالمی انٹرنیٹ سے منسلک نہیں رہے، پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ ہیں اور شروع سے ہی آن لائن نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھئے:جھانوی کپور فوٹوگرافرس پر برہم، کہا : آپ کو حد سے باہر نہیں جانا چاہئے
یہ بلیک آؤٹ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی ٹھکانوں پر مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران سامنے آیا ہے۔اس کے جواب میں تہران نے خلیجی پڑوسی ممالک میں امریکی اور اسرائیلی ٹھکانوں پر جوابی حملے کیے ہیں۔اس تنازع کے دوران ایرانی حکام نے سیٹیلائٹ کنکشن اور وی پی این سمیت متبادل ذرائع ابلاغ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جس کے باعث شہریوں کے پاس رابطے کے محدود یا نہ ہونے کے برابر قابلِ اعتماد ذرائع باقی رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:نائٹ رائیڈرز کو واپسی کی تلاش، پنجاب کنگز فتوحات کی ہیٹ ٹرک کے لیے تیار
نیٹ بلاکس نے اس شٹ ڈاؤن کے انسانی اثرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں خاندان اپنے پیاروں سے رابطہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ان تمام چیلنجز کے باوجود کشیدگی میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے، اور ایرانی حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ مکمل انٹرنیٹ سروس کب بحال کی جائے گی۔