• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ جاری، ۷؍ فلسطینی شہید، متعدد زخمی

Updated: November 26, 2025, 10:54 AM IST | Agency | Gaza

صہیونی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ، الگ الگ مقامات پر فوجی کارروائی، چھاپے ماری اور تلاشی کا سلسلہ بھی جاری۔

Israeli attack on a camp in Gaza. Photo: INN
غزہ کے ایک کیمپ پر اسرائیلی حملہ۔ تصویر:آئی این این

غزہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز قابض اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم ۷؍ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔غزہ کی وزارتِ داخلہ و قومی سیکوریٹی کے مطابق غزہ شہر کے النصر علاقے میں ایک گھر میں دھماکے کے نتیجے میں ۲؍ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ فلسطینی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ النصر اسٹریٹ میں الفیری خاندان کے گھر میں دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقعے پر پہنچ کر دو شہداء کی لاشیں نکال لیں۔اسی روز شام کو شمالی غزہ کے جبالیا میں زخمی ہونے والا ایک فلسطینی، خالد یوسف دحلان، دم توڑ گیا۔ غزہ کے مشرقی التفاح اور دیگر علاقوں میں بھی اسرائیلی فائرنگ اور بمباری کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔
دوسری جانب وسطی غزہ میں ایک تباہ شدہ رہائشی عمارت کے ملبے سے۱۴؍ شہداء کی باقیات برآمد ہوئیں۔ فلسطینی سول ڈیفنس کے مطابق مغازی کے علاقے ’برکہ الوز‘ میں ابو حامدہ خاندان کے تین منزلہ گھر کو اسرائیلی بمباری کے بعد مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا تھا۔ ملبے سے نکالی گئیں باقیات کی شناخت لواحقین نے کر لی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے شہداء الاقصی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ محدود وسائل اور شدید خطرات کے باوجود کارکنان مزید افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وہیں قابض اسرائیلی فوج نے فجر کے وقت مشرقی غزہ پر گولہ باری اور گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ خان یونس کے شیخ ناصر محلے پر فضائی حملہ کیا گیا، جبکہ رفح میں ہیلی کاپٹر فائرنگ اور متعدد فضائی حملوں کی اطلاع ملی۔ الشجاعیہ اور مشرقی شہر غزہ میں کئی گھروں کو تباہ کر دیا گیا۔ مغربی خان یونس کے حسن البناء محلے میں آدھی رات کے بعد فضائی حملے میں ایک بچہ زخمی ہوا۔ مقبوضہ غربِ اردن میں منگل کی صبح اسرائیلی فوج نے وسیع پیمانے پر چھاپے مارے، گھروں کی توڑ پھوڑ، شہریوں پر تشدد اور متعدد گرفتاریوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ نابلس میں قابض فوج نے عبدالرؤوف اشتیہ کو ہدف بنا کر شہید کرنے کا دعویٰ کیا، جس پر ۲۰۲۴ء میں عورتا چیک پوسٹ پر کار چڑھانے کا الزام تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK