Inquilab Logo Happiest Places to Work

۴؍ بلاک بسٹر اور کئی اوسط درجے کی کامیاب فلموں کے ساتھ بالی ووڈ کیلئے یہ سال بہت اچھا رہا

Updated: October 01, 2023, 2:59 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

۴؍ بلاک بسٹر، ۶؍ ہٹ اور کئی اوسط درجے کی کامیاب فلموں کے ساتھ بالی ووڈ کیلئے یہ سال بہت اچھا رہا،آئندہ ۳؍ماہ میں بھی کئی ہٹ فلموں کی امید۔

Dunki. Photo. INN
ڈنکی ۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ کیلئے رواں سال بہت اچھا رہا۔ کورونا کی وجہ سے ’کوما‘ میں چلی گئی فلم انڈسٹری اب نہ صرف اُٹھ کھڑی ہوئی بلکہ تیزی کے ساتھ دوڑنے بھی لگی ہے۔ ویسے اگر یہ کہا جائے تو بھی شاید غلط نہ ہوگا کہ یہ سال پوری طرح سے شاہ رخ خان کے نام رہا۔ ۲۵؍ جنوری کو فلم ’پٹھان‘ کے ذریعہ سنیما گھروں پر انہوں نےجو آگ لگائی تھی، ستمبر تک آتے آتے وہ آتش ’جوان‘ ہوگیا اورایک ایسا ریکارڈ بنا لیا جسے توڑنا فی الحال مشکل نظر آرہا ہے۔ ایک کلینڈرسال میں ایک ایک ہزار کروڑ کا کاروبار کرنے والی ۲؍ فلمیں دینے والے شاہ رخ خان بالی ووڈ کے پہلے فنکار بن گئے ہیں ۔ صرف اتنا ہی نہیں ، ان کے تعلق سے اس طرح کی پیش گوئیاں بھی ہونے لگی ہیں کہ سال کا انجام بھی انہیں سے معنون ہوگا جب وہ اپنی فلم ’ڈنکی‘ کے ساتھ فلم شائقین سے روبرو ہوں گے۔ شاہ رخ خان کے ساتھ ہی یہ فلم راج کمار ہیرانی کی بھی ہے جن کے تعلق سے یہ بات کہی جاتی ہے کہ بالی ووڈ کے یہ ایک ایسے ہدایت کار ہیں جنہیں دیکھ کر’ ناکامی‘ دور ہی سے کترا کر نکل جاتی ہے۔ ان کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ اسی لئے بالی ووڈ پُرامید ہے کہ آغاز کی طرح اس کا انجام بھی اچھا ہوگا۔ اس درمیان سنی دیول کی فلم ’غدر۔۲‘ نے بھی بالی ووڈ کا حوصلہ بلند کیا ہے جس نے باکس آفس پرتقریباً ۶۸۷؍ کروڑ روپوں کاکاروبار کیا ہے۔اس سال بالی ووڈ میں محبت کی کہانیوں نے بھی شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ وکی کوشل اور سارہ علی خان کی ’ذرا ہٹ کے، ذرا بچ کے‘، رنبیر کپور اور شردھا کپور کی’تو جھوٹی، میں مکار‘ کے ساتھ ہی رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کو بھی ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ ان تینوں فلموں کا باکس آفس کلیکشن بھی اچھا رہا۔کامیاب فلموں کی اس فہرست میں کارتک آرین اور کیارا اڈوانی کی ’ستیہ پریم کی کتھا‘، اکشے کمار کی ’او ایم جی۔۲‘اور آیوشمان کھراناکی فلم’ڈریم گرل۔۲‘ کے نام بھی شامل ہیں ۔ ان فلموں نے بھی باکس آفس پر اپنی موجودگی درج کرانے میں کامیابی حاصل کی۔ان کی کہانیاں فلم بینوں کو پسند آئیں ۔ اس دوران ایک متنازع فلم ’کیرالا اسٹوری‘ نےاس لحاظ سے کامیابی حاصل کی کہ اسے حکومت کی سرپرستی حاصل ہوگئی اور اس کا باکس آفس کلیکشن بھی اچھا رہا جبکہ ایک اوربڑے بجٹ کی متنازع فلم ’آدی پروش‘ بری طرح فلاپ ثابت ہوئی۔ ان دونوں ہی فلموں پر تنقیدیں بھی کافی ہوئیں ۔ 
کل ملا کرسال رواں کے ۹؍ ماہ میں بالی ووڈ نے اب تک ۴؍ آل ٹائم بلاک بسٹر، ۶؍ ہٹ اور کئی اوسط درجے کی کامیاب فلمیں دی ہیں اورآئندہ ۳؍ماہ میں بھی کئی ہٹ فلموں کی امید کی جارہی ہے جن میں شاہ رخ کی ’ڈنکی‘ اور سلمان کی ’ٹائیگر تھری‘ کے ساتھ اکشے کمار کی ’مشن رانی گنج‘ اور امیتابھ بچن کی ’گنپت‘ جیسی فلموں کے نام قابل ذکر ہیں ۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ آئندہ تین ماہ میں وہ کون سی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں جن سے فلم شائقین نے امیدیں لگا رکھی ہیں۔
ڈنکی (۲۲؍ دسمبر)
یہ امسال کی سب سے آخر میں ریلیز ہونے والی فلم ہوگی اور اگرسب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا تو بہت ممکن ہے کہ کچھ نئے ریکارڈ بھی مرتب کرے کیونکہ یہ ایک ساتھ ۲؍ بڑے اسٹار یعنی شاہ رخ خان اور راج کمار ہیرانی کی فلم ہے۔ ’پٹھان‘ اور’جوان‘ کے ساتھ شاہ رخ خان کے مداح اُن کی تیسری فلم کو کامیاب کرکے ’ہیٹ ٹرک‘کے موڈمیں ہیں جبکہ راج کمارہیرانی اس فلم کو ۳۰۰؍کروڑ کے کلب میں شامل کرکےاپنے نام ایک اور ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ بالی ووڈ کے واحد ہدایت کار ہیں جن کی ۲؍ فلمیں (پی کے اور سنجو) پہلے ہی سے اس کلب میں شامل ہیں ۔۲۰۰۳ء سے ۲۰۱۸ء کے درمیان انہوں نے صرف ۵؍ فلموں کی ہدایت دی ہے اور وہ پانچوں فلمیں نہ صرف باکس آفس پر کامیاب رہی ہیں بلکہ فلم انڈسٹری پر اپنا نقش مرتب کرنے میں بھی کامیاب رہی ہیں ۔ منا بھائی ایم بی بی ایس، لگے رہو منا بھائی، تھری ایڈیٹس، پی کے اور سنجو کے بعد اب وہ پہلی بار شاہ رخ کے ساتھ ۲۲؍ دسمبر کو سنیما گھروں پر دستک دینے جارہے ہیں۔
ٹائیگر تھری (۱۰؍ نومبر)
یش راج فلمز کی ’ٹائیگرسیریز ‘کی یہ تیسری فلم ہے جس کے مرکزی کردار سلمان خان اور کترینہ کیف ہیں ۔ اس جوڑی کی رومانی کہانی میں ’دراڑ‘ کے بعد بھی ’ٹائیگر سیریز‘ کا فلم شائقین میں کریز برقرار ہے۔ عمران ہاشمی بھی اس کے مرکزی کردار ہیں ۔ٹائیگر تھری کے دیگر ستاروں میں اشوتوش رانا،ریوتھی، ردھی ڈوگرہ اور رنویر شوری ہیں لیکن فلم شائقین کیلئے سب سے اہم شاہ رخ خان ہیں جو مختصر ہی وقت کیلئے ’ٹائیگر تھری‘ کے اسٹیج پر نظر آئیں گے۔جاسوسی کہانی پر مبنی اس سیریز کی سابقہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ہوچکی ہیں ،اسلئے اس فلم سے بھی کافی امیدکی جارہی ہے۔ اس کے ہدایت کار منیش شرما ہیں جبکہ اس سیریز کی پہلی فلم ’ایک تھا ٹائیگر (۲۰۱۲ء) کے ہدایت کارکبیر خان اور سیریز کی دوسری فلم ’ٹائیگر زندہ ہے ‘ (۲۰۱۷ء) کے ہدایت کار علی عباس ظفر تھے۔ ۲۰۱۹ء میں ریلیز رتیک روشن کی ’وار‘ اور ابھی امسال شاہ رخ خان کی ریلیز ہونے والی ’پٹھان‘ بھی اسی جاسوسی سیریز کی فلمیں ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اس فلم سے بالی ووڈ نے بہت ساری توقعات وابستہ کررکھی ہیں۔
مشن رانی گنج (۶؍ اکتوبر)
پہلےاس فلم کا نام ’دی گریٹ انڈین ریسکیو‘ تھا لیکن کانگریس کی قیادت میں ملک بھر کی اپوزیشن جماعتوں نے اپنے اتحاد کا نام ’انڈیا‘ رکھ لیا تو اکشے کمار کی اس فلم کا نام ’مشن رانی گنج‘ ہوگیا۔ اس کی وجہ سے یہ فلم خبروں میں ہے۔ خبروں میں رہنے کی ایک وجہ پرینیتی چوپڑہ ہیں جن کی گزشتہ دنوں شادی ہوئی ہے اور جو اس فلم میں مرکزی کردار میں ہیں ۔ اکشے کمار اور پرینیتی چوپڑا کی اس فلم کا تعلق ایک حقیقی واقعے سے ہے۔ ۱۹۸۹ء میں مغربی بنگال میں ایک حادثہ پیش آیا تھا۔ وہاں رانی گنج میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی تھی جس میں بہت سارے مزدور پھنس گئے تھے، جن میں سے ۶۵؍ مزدوروں کو ایک بہادر مائننگ انجینئر جسونت سنگھ گل نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے بچایا تھا۔ فلم کے ہدایت کار ٹینو سریش دیسائی ہیں جو اس سے قبل اکشے کمار کے ساتھ ’رستم‘ بنا چکے ہیں۔
گنپت (۲۰؍ اکتوبر)
وکاس بہل کی ہدایت میں بننےوالی اس فلم کے اہم اداکاروں میں امیتابھ بچن، ٹائیگر شروف اور کریتی سینن ہیں ۔ یہ فلم ہندی کے ساتھ ہی تمل، تیلگو، کنڑ اورملیالم زبانوں میں بھی ریلیز ہوگی۔ اس کا بجٹ ۲۰۰؍ کروڑ روپے ہے۔وکاس بہل اس سے قبل چلر پارٹی، کوئین،سوپر تھرٹی اور گڈ بائی جیسی فلموں کی ہدایت کرکے بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں ۔
ایمرجنسی (۲۴؍ نومبر)
یہ فلم پوری طرح سے کنگنا راناوت کی ہے۔ وہ نہ صرف اس فلم کا مرکزی کردار ہیں بلکہ ہدایتکار ، پروڈیوسر اور کہانی کار بھی ہیں ۔فلم کی کہانی کے پس منظر پر غورکریں تو یہ بات بھی سامنے آئے گی کہ فلم کا مزاج بھی کنگنا کاہے یعنی کانگریس مخالف فلم ہے۔ اس فلم کا موضوع ۱۹۷۵ء میں ملک میں عائد ایمرجنسی ہے جس میں انہوں نے اُس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھایا ہے۔اس فلم میں انوپم کھیر نے جے پرکاش نارائن،شریاس تلپڑے نے اٹل بہاری واجپئی، اشوک چھابڑہ نے مرار جی دیسائی، ستیش کوشک نے جگ جیون رام اور وشک نائر نے سنجے گاندھی کا کردار نبھایا ہے۔
دی آرچیز (۷؍ دسمبر)
 ۷؍ دسمبر کو زویا اخترکی فلم ’دی آرچیز‘ ریلیز ہوگی جس کے ذریعہ شاہ رخ خان کی صاحبزادی سہانا خان اور سری دیوی کی دوسری بیٹی خوشی کپور بالی ووڈ میں داخل ہورہی ہیں ۔ سہانا اور خوشی کی وجہ سے اس کا فلم شائقین بڑی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں ۔ زویا اختر کی یہ فلم اسی نام سے مشہور ’امریکن کامک بک سیریز‘ سے مستعار ہے جس میں فلم شائقین کو کامیڈی کا دھمال دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ 
دیگر اہم فلمیں 
اس کے علاوہ اکتوبر میں بھومی پیڈنیکر اور شہناز گل کی ’تھینک یو فار کمنگ‘ اور وِدھوونود چوپڑہ کی فلم ’۱۲؍ ویں فیل‘ ریلیز ہونے والی ہے۔ دسمبر میں رنبیر کپور اور رشمیکا مندانا کی فلم ’اینیمل‘ ریلیز ہونے والی ہے جس میں انل کپور اور بابی دیول بھی ہیں ۔ میگھنا گلزار کی فلم ’سیم بہادر‘ یکم دسمبر کو ریلیز ہوگی جس میں وکی کوشل کے ساتھ ثانیہ ملہوترہ اورفاطمہ ثنا شیخ مرکزی کردار میں ہیں ۔ ۸؍ دسمبر کو ’آپریشن ویلنٹائن‘ ریلیز ہوگی جس کے مرکزی کرداروں میں مس ورلڈ مانوشی چھلر ہیں ۔ ۱۵؍ دسمبر کو ایک ساتھ ۲؍ فلمیں ریلیز ہوں گی ۔ فلم ’یودھا‘ میں سدھارتھ ملہوترہ اوردشا پٹانی ہیں جبکہ فلم ’میری کرسمس‘ میں کترینہ کیف کے ساتھ فلم’جوان‘ کے ویلن وجے سیتھو پتی مرکزی کردار میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK