Updated: August 18, 2026, 6:05 PM IST
| New York
ہالی ووڈ کی مقبول ہارر سیریز ’’اِٹ: ویلکم ٹو ڈیری ‘‘’ ’IT: Welcome to Derry‘‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ایچ بی او نے سیریز کے دوسرے سیزن کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ نیا سیزن پہلی کہانی سے مزید ۲۷؍ سال پیچھے،۱۹۳۵ء میں لے جائے گا، جہاں گریٹ ڈپریشن کے دور میں ڈیری شہر کی ایک اور خوفناک داستان سامنے آئے گی۔
فلم پوسٹر۔ تصویر:آئی این این
ہالی ووڈ کی مقبول ہارر سیریز ’’اِٹ: ویلکم ٹو ڈیری ‘‘’ ’IT: Welcome to Derry‘‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ایچ بی او نے سیریز کے دوسرے سیزن کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ نیا سیزن پہلی کہانی سے مزید ۲۷؍ سال پیچھے،۱۹۳۵ء میں لے جائے گا، جہاں گریٹ ڈپریشن کے دور میں ڈیری شہر کی ایک اور خوفناک داستان سامنے آئے گی۔ سیریز کے پہلے سیزن کی کہانی ۱۹۶۲ء میں ترتیب دی گئی تھی جبکہ دوسرے سیزن کے لیے وقت کو پیچھے لے جا کر ۱۹۳۵ء کیا گیا ہے۔ یہ وہ دور تھا جب امریکہ ’’گریٹ ڈپریشن ‘‘کی معاشی مشکلات سے گزر رہا تھا۔ سیریز کے تخلیق کار اینڈی اور باربرا مشیئٹی اور شو رنر بریڈ کالیب کین دوسرے سیزن کے لیے واپس آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:زویا اختر نے تصدیق کردی، ’’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘‘ کے سیکوئل پر کام جاری
نئے سیزن کا اہم حصہ بریڈلی گینگ کی کہانی پر مبنی ہوگا۔ یہ بینک ڈاکوؤں کا ایک گروہ تھا جو ۱۹۳۰ء کی دہائی میں ڈیری اور اس کے آس پاس جرائم کرتا تھا۔ کہانی کے مطابق یہ گروہ ڈیری میں گولہ بارود خریدنے کے لیے رکتا ہے، لیکن وہاں انہیں ایک ایسے خوفناک انجام کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا تعلق شہر میں موجود مافوق الفطرت طاقت سے ہے۔اینڈی مشیئٹی کے مطابق اس واقعہ کو سیریز میں ایک مختصر تاریخی حوالہ رکھنے کے بجائے ایک مکمل اور تفصیلی کہانی میں تبدیل کیا جائے گا، جس میں کرداروں اور ان کے ذاتی سفر کو بھی اہمیت دی جائے گی۔ سیزن ۲؍ صرف بریڈیلی گینگ تک محدود نہیں رہے گا۔ اس میں پینی وائز اور اس خوفناک مخلوق کی تاریخ اور اس کے ڈیری شہر سے تعلق کو مزید گہرائی سے دکھائے جانے کی توقع ہے۔ پہلے سیزن میں پینی وائز کا کرداربل اسکارسگارڈ(Bill Skarsgard) نے ادا کیا تھا۔ دوسرے سیزن کی مکمل کاسٹ کا ابھی باضابطہ اعلان نہیں ہوا، تاہم باربرا مشیئٹی پہلے ہی بل اسکارسگارڈکی ممکنہ واپسی کا اشارہ دے چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:یونی ٹری نے یوسین بولٹ سے تیز دوڑنے والا روبوٹ بنایا ہے
۱۹۳۵ء کا دور سیریز کو پہلے سیزن کے مقابلے میں مزید تاریک ماحول دے گا۔ تخلیق کاروں کے مطابق معاشی بحران، غربت، بے روزگاری، بے گھری اور زندہ رہنے کی جدوجہد کہانی کا اہم حصہ ہوں گے۔ اینڈی مشیئٹی نے کہا ہے کہ اس دور کے سماجی اور ثقافتی مسائل کو کہانی سے نظرانداز نہیں کیا جائے گا بلکہ وہ نئے سیزن کے مرکز میں ہوں گے۔ ’IT‘ کی دنیا میں پینی وائز تقریباً ہر ۲۷؍ سال بعد دوبارہ ظاہر ہوتا ہے۔ اسی تصور کی بنیاد پر سیریز کی کہانی کو مختلف تاریخی ادوار میں پیچھے لے جانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
تخلیق کاروں نے پہلے ہی تین سیزنز پر مشتمل ایک وسیع کہانی کا تصور پیش کیا تھا۔ اس منصوبے کے مطابق دوسرے سیزن کے بعد کہانی مزید پیچھے جا سکتی ہے اور ۱۹۰۸ء کے دور تک پہنچ سکتی ہے، جس سے پینی وائز اور ڈیری کے قدیم راز مزید سامنے آنے کی توقع ہے۔ ایچ بی او نے سیزن۲؍ کی تجدیدکی تصدیق کر دی ہے، لیکن ریلیز کی حتمی تاریخ ابھی اعلان نہیں کی گئی۔ اس وقت تخلیقی ٹیم کہانی اور اسکرپٹ پر کام کر رہی ہے۔