Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیکلین فرنانڈیز نے سری لنکا سے آکر چند کامیاب فلمیں دیں

Updated: August 12, 2025, 2:22 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جیکلین فرنانڈیز، ایک ایسا نام جو بالی ووڈ کی چمکتی دنیا میں خوبصورتی، محنت اور کامیابی کی علامت بن چکا ہے۔ سری لنکا  سے تعلق رکھنے والی اس اداکارہ نے اپنی دلکش مسکراہٹ، شاندار رقص اور منفرد اندازِ اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔

Jacqueline Fernandez`s performances are outstanding. Photo: INN
جیکلین فرنانڈیز کی ادائیں سب سے ہٹ کر ہیں۔ تصویر: آئی این این

جیکلین فرنانڈیز، ایک ایسا نام جو بالی ووڈ کی چمکتی دنیا میں خوبصورتی، محنت اور کامیابی کی علامت بن چکا ہے۔ سری لنکا  سے تعلق رکھنے والی اس اداکارہ نے اپنی دلکش مسکراہٹ، شاندار رقص اور منفرد اندازِ اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔
جیکلین فرنانڈیز ۱۱؍اگست ۱۹۸۵ءکومناما، بحرین میں پیدا ہوئیں۔ان کے والد سری لنکن اور والدہ ملائیشین نژاد کینیڈین ہیں۔ بچپن بحرین میں گزرا لیکن اعلیٰ تعلیم کے لیے انہوں نے آسٹریلیا کا رخ کیا جہاں انہوں نے ماس کمیونیکیشن میں ڈگری حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے سری لنکا میں بطور ٹی وی رپورٹر کام شروع کیا۔۲۰۰۶ءمیں جیکلین نےمس یونیورس سری لنکاکا اعزاز جیتا، جو ان کے بین الاقوامی کریئر کی پہلی بڑی کامیابی تھی۔ ماڈلنگ اور فیشن انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد، وہ مختلف ممالک میں شوٹس اور ایونٹس کا حصہ بنیں، جس نے ان کے اعتماد اور شہرت میں مزید اضافہ کردیا۔
 ۲۰۰۹ءمیں جبکہ جیکلین ہندوستان میں ماڈلنگ کے اسائنمنٹ پر تھیںانہوں نے سوجوئے گھوش کی فلم’الہ دین‘ کیلئے آڈیشن دیا اور انہیں اس کیلئے منتخب بھی کرلیا گیا۔اس طرح انہوں نے اپنی فلم الہ دین سے بالی ووڈمیں قدم رکھا۔ اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی، لیکن جیکلین کی خوبصورتی اور اداکاری نے فلم سازوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔ اس فلم کیلئے انہیں آئیفا میں بہترین نئی اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
 اصل شہرت انہیں ۲۰۱۱ء میں ’مرڈر۲‘سے ملی، جس میں ان کا بولڈاور پُراثر کردار فلم کی کامیابی کا اہم سبب بنا۔ اس کے بعد انہوں نے ایک کے بعد ایک کامیاب فلمیں دیں، جن میں ہائوس فل۲؍ (۲۰۱۲ء) ، ریس ۲(۲۰۱۳ء)، ہائوس فل۳(۲۰۱۶ء) اور جڑواں ۲ (۲۰۱۷ء) جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔۲۰۱۴ء میں انہوں نے سلمان خان کے ساتھ فلم’کک‘میں کام کیا جو کہ ساجد نڈیاڈوالا کی ہدایتکاری میں پہلی فلم تھی۔ سلمان کی وجہ سے یہ فلم ہٹ رہی جس کا فائدہ جیکلین کو بھی ہوا اور ان کی شہرت میںمزید اضافہ  ہوگیا۔
 گزشتہ چند برسوں میں ان کی فلمیں کچھ زیادہ کامیابی حاصل نہیں کررپارہی ہیں ان میںنیٹ فلکس کیلئے شریش کندر کے ذریعہ بنائی گئی فلم’ مسز سیریل کلر‘،اکشے کمار کے ساتھ ان کی چوتھی فلم’بچن پانڈے‘ اوردیگر شامل ہیں۔حال ہی میں ان کی فلم’ہائوس فل ۵‘ بھی ناکام ثابت ہوئی ہے۔
 جیکلین صرف ایک اداکارہ ہی نہیں بلکہ ایک بہترین ڈانسر بھی ہیں۔ ان کا گانا’چٹیاںکلا یاں وے‘ اور’جلوا‘جیسے ڈانس نمبرز ان کی پرفارمنس کی وجہ سے مداحوں میں بے حد مقبول ہوئے۔ وہ یوگا اور فٹنس کی بھی دلدادہ ہیں، اور سوشل میڈیا پر فٹنس سے متعلق مشورے شیئر کرتی رہتی ہیں۔جیکلین فرنانڈس مختلف سماجی منصوبوں میںبھی سرگرم ہیں، خاص طورپرپالتو جانوروں کی فلاح اور بچوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والے اداروں کی معاونت کرتی ہیں۔ ان کی شائستگی اور عاجزی نے انہیں مداحوں میں مزید محبوب بنا دیا ہے۔
 بالی ووڈ میں ایک دہائی سے زیادہ کا سفر طے کرنے کے بعد، جیکلین آج بھی نئے پروجیکٹس اور چیلنجز کے لیے تیار ہیں۔ اپنے بین الاقوامی پس منظر، محنت اور فن کے ساتھ وہ فلمی دنیا میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK