• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یانک سنر کا ۲۰۲۷ء کے آسٹریلین اوپن سے باہر ہونا تقریباً طے

Updated: November 24, 2026, 5:03 PM IST | New York

عالمی ٹینس کے نامور کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک یانک سنرکے لیے انجری کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ اٹلی کے اسٹار ٹینس کھلاڑی کے دائیں گھٹنے کی تکلیف کے باعث سرجری کرانے کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کا جنوری ۲۰۲۷ء میں ہونے والے آسٹریلین اوپن میں شرکت کرنا تقریباً ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔

Jannik Sinner.Photo:X
یانک سنر۔ تصویر:ایکس

عالمی ٹینس کے نامور کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک یانک سنرکے لیے انجری کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ اٹلی کے اسٹار ٹینس کھلاڑی کے دائیں گھٹنے کی تکلیف کے باعث سرجری کرانے کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس کے نتیجے میں ان کا جنوری ۲۰۲۷ء میں ہونے والے آسٹریلین اوپن میں شرکت کرنا تقریباً ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔ اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنر۲۴ نومبر کو فن لینڈ میں گھٹنے کی سرجری کرانے والے ہیں۔ سرجری کے بعد انہیں صحت یاب ہونے میں تقریباً تین سے چار ماہ لگ سکتے ہیں۔ اگر یہ مدت برقرار رہتی ہے تو وہ سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ تاہم، سرجری اور واپسی کے حتمی شیڈول کی باضابطہ تصدیق سنر یا ان کی ٹیم کی جانب سے سامنے نہیں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا

۲۵؍ سالہ جانک سنر گزشتہ کئی ماہ سے دائیں گھٹنے کی تکلیف سے پریشان ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہیں گھٹنے کے بیرونی حصے میں سوزش اور تکلیف کا سامنا ہے، جسے طبی اصطلاح میں الیوٹیبیئل بینڈ سنڈروم  سے  جوڑا جارہا ہے۔ یہ کیفیت گھٹنے کے بیرونی حصے میں موجود ایک مضبوط بافت (ٹشو) میں سوزش پیدا کرسکتی ہے، جس سے دوڑنے، ٹانگ موڑنے اور جسمانی سرگرمیوں کے دوران درد محسوس ہوتا ہے۔سنر نے ابتدائی طور پر آرام، فزیوتھراپی اور دیگر غیر جراحی طریقہ علاج کے ذریعے صحت یاب ہونے کی کوشش کی، لیکن ان اقدامات کے باوجود انہیں مکمل راحت نہیں مل سکی۔ اطالوی میڈیا کے مطابق انہوں نے اٹلی کے مختلف ماہرین سے مشورہ کرنے کے بعد فن لینڈ کے معروف آرتھوپیڈک سرجن لاسی لیمپائینن سے بھی رجوع کیا ہے۔اطالوی میڈیا اور کھیلوں سے متعلق رپورٹس کے مطابق سرجری کے بعد سنر کو صحت یاب ہونے میں تین سے چار ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔ اس صورت میں ان کی واپسی فروری کے بجائے مارچ یا اپریل ۲۰۲۷ء تک بھی مؤخر ہوسکتی ہے۔آسٹریلین اوپن ۲۰۲۷ء کا مین ڈرا ۱۷ جنوری سے شروع ہونا ہے۔ ایسے میں سنر کے لیے مقررہ وقت پر مکمل فٹنس حاصل کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ ان کی واپسی کا حتمی وقت سرجری کے نتائج اور بحالی کے عمل پر منحصر ہوگا۔
یانک سنر آسٹریلین اوپن کے کامیاب کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۴ء اور ۲۰۲۵ء میں مسلسل دو مرتبہ یہ گرینڈ سلیم خطاب جیتا تھا۔ ۲۰۲۴ء کے فائنل میں انہوں نے روس کے ڈینیئل میدویدیف کو شکست دے کر اپنے کریئر کا پہلا آسٹریلین اوپن خطاب حاصل کیا تھا، جبکہ ۲۰۲۵ء میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن بنے تھے۔تاہم ۲۰۲۶ء کے آسٹریلین اوپن میں ان کا سفر سیمی فائنل میں ختم ہوگیا تھا، جہاں سربیا کے اسٹار کھلاڑی نوواک جوکووچ نے انہیں پانچ سیٹوں کے مقابلے میں شکست دی تھی۔ اب انجری اور ممکنہ سرجری کے باعث وہ ۲۰۲۷ء میں اپنے خطاب کی واپسی کی مہم شروع کرنے سے محروم رہ سکتے ہیں۔
سنر نے اپنا آخری مقابلہ جولائی ۲۰۲۶ء میں ومبلڈن کے فائنل میں کھیلا تھا، جہاں انہوں نے جرمنی کے الیگزینڈر زیویریو کو شکست دے کر اپنے کریئر کا پانچواں گرینڈ سلیم خطاب جیتا تھا۔ اس کامیابی کے بعد گھٹنے کی تکلیف نے انہیں ٹینس کورٹ سے دور کردیا۔انجری کے باعث وہ کئی اہم ٹورنامنٹس میں حصہ نہیں لے سکے، جن میں یو ایس اوپن اور اے ٹی پی ٹور کے متعدد مقابلے بھی شامل ہیں۔ اکتوبر میں انہوں نے اپنا باقی ماندہ سیزن ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ مکمل توجہ صحت یابی پر دی جاسکے۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’رف اینڈ ٹف کنیا‘‘ کو بالی ووڈ کی بھرپور پذیرائی، اداکار ہیتن کمار فلم انڈسٹری کے مشکور

دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں ماہ ۱۰؍ نومبر کو میلان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنر نے آسٹریلین اوپن ۲۰۲۷ء میں واپسی کو اپنا ہدف قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا میں کھیلنا چاہتے ہیں اور ممکن ہے کہ اس سے پہلے چند دیگر ٹورنامنٹس میں بھی حصہ لیں۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ وہ جلد بازی میں واپسی نہیں کرنا چاہتے، کیونکہ ایسا کرنے سے انجری مزید سنگین ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق وہ اپنے جسم کی حالت کو بہتر بنانے اور طویل عرصے تک ٹینس کھیلنے کے لیے مکمل صحت یابی کو ترجیح دے رہے ہیں۔ لیکن اب سرجری کی اطلاعات نے ان منصوبوں کو شدید متاثر کردیا ہے۔
یانک سنر کی ممکنہ غیر موجودگی ۲۰۲۷ء کے آسٹریلین اوپن کے لیے ایک اہم خبر ہے۔ دو مرتبہ کے چیمپئن کی عدم شرکت سے ٹورنامنٹ کے مقابلوں کی صورتحال بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب اسپین کے کارلوس الکاراز، جو ۲۰۲۶ء کے آسٹریلین اوپن کے چیمپئن ہیں، اگلے سال اپنے خطاب کا دفاع کرنے میدان میں اتریں گے۔سنر کے مداحوں کو اب سرجری کے نتائج اور ان کی صحت یابی سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ ان کی اولین ترجیح مکمل فٹنس حاصل کرنا ہوگی تاکہ وہ دوبارہ عالمی ٹینس میں اپنی سابقہ کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK