Inquilab Logo

زویا اختر’ گلی بوائے‘ بنا رہی تھیں تو جاوید اختر حیران تھے

Updated: November 27, 2023, 5:26 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جاوید اختر نے کہاکہ جب زویا نے کہا وہ ’گلی بوائے‘ بنا رہی ہے تو انہو ں نے سوچا کہ’’ کسی امیر کو جھوپڑپٹی کے بارے میں کیا پتہ ہوگا۔‘‘

Javed Akhtar and Zoya Akhtar. Photo: INN
جاوید اختر اور زویا اختر۔ تصویر : آئی این این

زویا اختر جن کی فلم ’’دی آرچیز‘‘ جلدہی ریلیزہونے والی ہے ، اپنے والد اور مصنف جاوید اختر کے ساتھ کئی فلمیں بنا چکی ہیں۔ حال ہی میں جاوید اختر نے زویا کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان کی ہر ایک فلم منفرد ہے۔ میں کافی حیران تھا جب زویا نے کہا کہ وہ ’گلی بوائے‘ بنارہی ہے تو میرا خیال تھا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتی کیوں کہ وہ ایک امیر خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔‘‘
آج تک سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’جب زویا نے کہا کہ وہ ’گلی بوائے‘ بنارہی ہے تومیں سوچ رہا تھا کہ وہ کیسے یہ فلم بنائے گی ؟ وہ رہتی بینڈ اسٹینڈ میں ہے ، چھٹیوں میں یوکے اور یوایس  جاتی ہے،وہ جانتی کیا ہے جھوپڑپٹی کے بارے میں ؟ یہ با ت میں نے دل میں سوچی ، میں کچھ کہنے کی ہمت نہیں کرسکا۔ لیکن جب میں نے فلم دیکھی تو سوچا کہ وہ ہمیشہ جھوپڑ پٹی ہی میں رہی ہے۔ وہ اس کلچر میں رچ بس گئی ہے۔ وہ ان کرداروں اور ان کے درمیان رشتوں کو جانتی تھی۔‘‘
زویا نے ۲۰۱۹ ء میں فلم ’ گلی بوائے ‘ بنائی تھی ۔ فلم میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کئےتھے۔ اس سے پہلے ان کی فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ اور ’دل دھڑ کنے دو‘ ریلیز ہوچکی تھی۔ جس سے وہ ’امیر لوگوں‘ کی فلم بنانے کیلئے مشہور ہوگئی تھیں۔ ’گلی بوائے‘ سے ان کو کافی پذیرائی ملی اور ان کو ایسے تبصروں سے نجات ملی۔
جاوید اختر نے کہا کہ ’’بہت سے فلمساز ایک ہی طرح کا فارمولا استعمال کرتے ہیں ایک خاص طرح کی فلم بنانے کیلئے، لیکن زویا ہر دفعہ الگ فلم بناتی ہے۔‘‘
جاوید اختر جو خود ایک مشہور مصنف ہیں اورسلیم خان کے ساتھ کئی فلمیں ہٹ دے چکے ہیں نے زویا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’’زویا پہلی فلمساز ہیں جن کے کرداروں کی تیسری جہت ہے۔ وہ صرف کہانی میں نہیں ہوتے، وہ حقیقی لوگ ہیں۔ مجھے زویا پر فخر ہے۔‘‘جاوید اختر اور زویانے ’دی آرچیز‘ ساتھ میں بنائی ہےجو نیٹ فلکس پر ۷؍دسمبر ۲۰۲۳ ء کو ریلیز ہوگی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK