• Mon, 07 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جان ابراہم نے عالمی فٹبال ستاروں کے بجائے ہندوستانی کھلاڑیوں کو اپنی پسند قرار دیا

Updated: September 06, 2026, 9:03 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکار اور نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی کے شریک مالک جان ابراہم نے پرتھِب گوگوئی، ریڈیم تلانگ اور گول کیپر گرمیت سنگھ چہل کو اپنے پسندیدہ ہندوستانی فٹبالرس میں شامل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے بین الاقوامی سپر اسٹارز کے مقابلے میں ملکی کھلاڑی زیادہ اہم ہیں۔

John Abraham.Photo:INN
جان ابراہم۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ اداکار اور نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی کے شریک مالک جان ابراہم نے پرتھِب گوگوئی، ریڈیم تلانگ اور گول کیپر گرمیت سنگھ چہل کو اپنے پسندیدہ ہندوستانی فٹبالرس میں شامل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے بین الاقوامی سپر اسٹارز کے مقابلے میں ملکی کھلاڑی زیادہ اہم ہیں۔ پسندیدہ فٹبالر کے بارے میں پوچھے جانے پر ابراہم نے اپنی انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) ٹیم کے کھلاڑیوں کا ذکر کیا۔ ہفتہ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا، ’’ہندوستان میں دو کھلاڑی ہیں۔ ایک آسام کے پرتھِب گوگوئی ہیں اور دوسرے ریڈیم تلانگ ہیں۔ گرمیت میرے گول کیپر ہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:رائل چیلنجرز بنگلورو کے نام میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، برلا کی تصدیق

ہندوستانی فٹبال کے طویل عرصے سے حامی ابراہم نے کہا کہ بین الاقوامی فٹبال کے بڑے ناموں کو فالو کرنے کے بجائے ملکی کھیل سے ان کی وابستگی زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک ہندوستانی ہوں اور مجھے اپنے ہندوستانی کھلاڑی پسند ہیں۔ میں ہندوستانی فٹبال کے بارے میں زیادہ جانتا ہوں۔ مجھے اپنے کھلاڑی پسند ہیں، اپنا ملک پسند ہے اور ہندوستانی فٹبال پسند ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ کے ساتھ ان کا تعلق صرف کلب کے مالک ہونے تک محدود نہیں ہے اور وہ اپنے کھلاڑیوں کی پوزیشن اور میدان پر ان کے کردار سے بخوبی واقف ہیں۔ ابراہم نے کہا’’میں اپنے تمام کھلاڑیوں کی پوزیشن سمجھتا ہوں۔ مجھے معلوم ہے کون کس پوزیشن پر کھیلتا ہے۔ میرے لیے یہی سب سے اہم بات ہے۔ ‘‘یہ بیان آئی ایس ایل ۲۷۔۲۰۲۶ء سیزن سے قبل آیا ہے، جو ۱۰؍ اکتوبر سے شروع ہوگا اور اگلے سال مئی تک چلے گا۔ نئے سیزن میں آئی ایس ایل روایتی ہوم اینڈ اوے فارمیٹ میں واپس آئے گا۔ نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ سمیت ۱۳؍ کلب اس سیزن میں حصہ لیں گے اور ٹاپ چھ ٹیمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

یہ بھی پڑھئے:سلمان خان نے منوج تیواری کی بیٹی کو انڈوں کے معاملے پر خبردار کردیا

 ایک غیر ملکی کھلاڑی کا نام بھی ابراہم نے خاص طور پر لیا۔ انہوں نے نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ کے ریکارڈ ساز فارورڈ علاء الدین اجزائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے  ریکارڈ توڑنے والے فٹبالر ہیں۔ مراکش کے اجزائی نے آئی ایس ایل ۲۵۔۲۰۲۴ءمیں ۲۳؍ گول کرکے گولڈن بوٹ جیتا اور ایک سیزن میں سب سے زیادہ گول کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے۲۵؍ میچوں میں ۷؍ اسسٹ بھی کیے، جس سے ان کا مجموعی گول تعاون ۳۰؍ رہا۔
عالمی سطح پر پسندیدہ فٹبالر کے طور پر اکثر لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کا نام لیا جاتا ہے، لیکن ابراہم نے واضح کیا کہ ان کی توجہ ہندوستانی فٹبال اور اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں پر ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر آپ کسی اور بین الاقوامی کھلاڑی کا نام سننا چاہتے ہیں تو میں وہ نام نہیں لوں گا۔ میرے لیے بین الاقوامی کھلاڑی اہم نہیں ہیں۔ انڈیا فرسٹ! 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK