Inquilab Logo Happiest Places to Work

جانی ڈیپ ’پائریٹس آف دی کیریبیئن ۶‘ میں ’معاون‘ اداکار کے طور پر نظر آئیں گے؟

Updated: August 19, 2026, 8:03 PM IST | Los Angeles

جانی ڈیپ کے مداحوں کیلئے بڑی خبر سامنے آئی ہے، فلم ’’پائریٹس آف دی کیریبیئن ۶‘‘ کے پروڈیوسر جیری برک ہائمر نے تصدیق کی ہے کہ کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار میں جانی ڈیپ کی ممکنہ واپسی کیلئے ان سے بات چیت جاری ہے، فلم کا اسکرین پلے بھی تیار کیا جا رہا ہے، تاہم اداکار کی حتمی واپسی اور فلم کی ریلیز تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

Johnny Depp as Captain Jack Sparrow. Photo: INN
جانی ڈیپ کیپٹین جیک اسپیرو کے کردار میں۔ تصویر: آئی این این

فلم ’’پائریٹس آف دی کیریبیئن ۶‘‘ کے مستقبل کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، پروڈیوسر جیری برک ہائمر نے تصدیق کی ہے کہ ’’کیپٹن جیک اسپیرو‘‘ کے کردار میں جانی ڈیپ کی ممکنہ واپسی کیلئے ان سے بات چیت جاری ہے۔ ڈیڈ لائن سے گفتگو کرتے ہوئے جیری برک ہائمر نے کہا، ’’ہم جانی ڈیپ سے بات کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم اسکرین پلے پر کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ہم یہ فلم بنا پائیں گے۔‘‘ برک ہائمر کئی مرتبہ جانی ڈیپ کو فرنچائز کے مشہور بحری قزاق کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار میں واپس لانے میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں، حالانکہ کئی برسوں سے اداکار کی فرنچائز میں شمولیت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار رہی ہے۔ ’’ڈزنی‘‘ نے اس سے قبل فرنچائز کو مختلف سمتوں میں لے جانے کے امکانات پر بھی کام کیا ہے، جن میں مبینہ طور پر مارگوٹ روبی کی قیادت میں ایک الگ پروجیکٹ بھی شامل تھا۔ تاہم برک ہائمر کا کہنا ہے کہ مارگوٹ روبی اب بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں، جبکہ وہ فلم ’’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘‘ کے ایک نئے ورژن پر بھی کام کر رہے ہیں، جس میں سابقہ اداکاروں کی واپسی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سیف علی خان اور فرحان اختر ۲۵؍ سال بعد دوبارہ ایک ساتھ، سپر نیچرل فلم بنائیں گے

جانی ڈیپ کی ممکنہ واپسی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اداکار کئی برس تک بڑے ہالی ووڈ بلاک بسٹرز سے دور رہنے کے بعد بتدریج بڑے پروجیکٹس میں واپسی کر رہے ہیں۔ وہ جلد ہی چارلس ڈکنز کے ناول ’’اے کرسمس کیرول‘‘ کی نئی فلمی تشکیل ’’اینیز‘ر‘ میں نظر آنے کی توقع ہے، جس میں ایان میک کیلن، ڈیزی رڈلی، روپرٹ گرنٹ اور اینڈریا رائز بورو بھی شامل ہیں۔ اگرچہ ابھی تک جانی ڈیپ کی مرکزی کردار کے طور پر واپسی کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم رپورٹس کے مطابق وہ ممکنہ طور پر معاون کردار میں نظر آسکتے ہیں۔ برک ہائمر اس سے قبل بھی اشارہ دے چکے ہیں کہ ’’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘‘ کی اگلی فلم میں فرنچائز کے کچھ پرانے اور معروف اداکار واپس آسکتے ہیں۔ انہوں نے اس فلم کو فرنچائز کا ایک ’’نیا انداز‘‘ قرار دیا ہے۔ اورلینڈو بلوم نے بھی جانی ڈیپ کی ممکنہ واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹام ہالینڈ ۲۰۲۶ء کے سب سے مہنگے اداکار، ۱۰۵۲؍ کروڑ فیس، رابرٹ دوسرے نمبر پر

’’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘‘ فرنچائز کا آغاز ۲۰۰۳ء میں فلم ’’دی کرس آف دی بلیک پرل‘‘ سے ہوا تھا، جس نے جانی ڈیپ کے کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار کو جدید سنیما کے سب سے زیادہ پہچانے جانے والے کرداروں میں شامل کردیا۔ اس کے بعد مزید چار فلمیں ریلیز ہوئیں، جن میں تازہ ترین فلم ’’ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘‘ ۲۰۱۷ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اسکرین پلے پر کام جاری ہے اور جانی ڈیپ سے بات چیت بھی ہورہی ہے، جس کے باعث ’’پائریٹس آف دی کیریبیئن ۶‘‘ بالآخر حقیقت کے قریب آتی دکھائی دے رہی ہے۔ تاہم فلم کی باضابطہ ریلیز تاریخ اور حتمی کاسٹ کا اعلان ابھی باقی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK