ہندوستانی فلمی دنیا میں کامیڈی کا ایک سنہری باب جانی لیور کے نام سے جڑا ہوا ہے۔ وہ صرف ایک فنکار نہیں بلکہ ایک عہد ہیں، جنہوں نے اپنے مخصوص انداز، چہرے کے تاثرات اور جاندار مکالموں سے لاکھوں دلوں کو جیتا۔
EPAPER
Updated: August 14, 2025, 1:33 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ہندوستانی فلمی دنیا میں کامیڈی کا ایک سنہری باب جانی لیور کے نام سے جڑا ہوا ہے۔ وہ صرف ایک فنکار نہیں بلکہ ایک عہد ہیں، جنہوں نے اپنے مخصوص انداز، چہرے کے تاثرات اور جاندار مکالموں سے لاکھوں دلوں کو جیتا۔
ہندوستانی فلمی دنیا میں کامیڈی کا ایک سنہری باب جانی لیور کے نام سے جڑا ہوا ہے۔ وہ صرف ایک فنکار نہیں بلکہ ایک عہد ہیں، جنہوں نے اپنے مخصوص انداز، چہرے کے تاثرات اور جاندار مکالموں سے لاکھوں دلوں کو جیتا۔ ان کی زندگی کی کہانی محنت، جدوجہد، خلوص اور اپنے فن سے بے پناہ محبت کی ایک لازوال داستان ہے۔جانی لیور کا اصل نام جان پرکاش جانی ہے، اور ان کی پیدائش ۱۴؍ اگست ۱۹۵۷ءکوآندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع میں ایک تیلگو عیسائی خاندان میں ہوئی۔ بچپن ممبئی کی گلیوں میں گزرا، جہاں ان کے والدایک ملٹی نیشنل کمپنی ہندوستان لیور لمیٹڈ (جس کا نام تبدیل کر کے ہندوستان یونی لیورلمیٹڈ کردیا گیا ہے) میں ملازمت کرتے تھے۔ مالی حالات مستحکم نہ تھے، اس لیے جانی کو تعلیم کے ساتھ ساتھ گھرکے اخراجات میں بھی ہاتھ بٹانا پڑا۔ وہ اسکول کے دنوں سے ہی اپنے دوستوں اور اساتذہ کی نقل اتارتے تھے، اور یہ ہی ان کی مزاحیہ فطرت کا پہلا اظہار تھا۔جانی لیور نے اپنے کریئرکاآغاز ممبئی کی فیکٹریوں میں مزدوری سےکیا، لیکن فیکٹری کے ساتھی کارکنوں کو ہنساتے ہنساتے وہ مزاح کی دنیامیں اپنی شناخت بنانے لگے۔۱۹۸۰ء کی دہائی میں انہوں نے مختلف اسٹیج شوزمیںمزاحیہ خاکے پیش کیے اور بالی ووڈ کے سپر اسٹارز کی نقل اتار کر شہرت حاصل کی۔ معروف گلوکار کشور کمار اور موسیقار کلیان جی-آنند جی کے شوزمیں پرفارم کرتے ہوئے وہ فلمی دنیا کے بڑے ناموں کی نظر میں آ گئے۔جانی لیور کوپہلی بڑی کامیابی فلم بازیگر (۱۹۹۳ء)سےملی،جس میں ان کا کردار ’بابو لال‘ ناظرین کے دلوں میں بس گیا۔ اس کے بعد انہوںنے ’دیوانہ مستانہ‘،’دلہن ہم لے جائیں گے‘، ’ہلچل‘، ’جھوٹ بولےکوا کاٹے‘، ’دوستانہ‘، ’گول مال‘ جیسی بے شمار فلموں میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ کسی بھی سین میں اپنی موجودگی سے فلم کی فضا کو ہلکا پھلکا اور مزاحیہ بنا دیتے ہیں۔
جانی لیور کا کمال یہ ہے کہ وہ صرف مکالمہ بازی ہی نہیں بلکہ چہرے کے تاثرات، جسمانی حرکات اور آواز کے اتار چڑھاؤ سے کردار میں جان ڈال دیتے ہیں۔ ان کے کردار اکثر عام زندگی کے ایسےافراد پر مبنی ہوتے ہیں جن سے ناظرین خود کو جوڑ سکتے ہیں۔ چاہے وہ بھولا بھالا گاؤں کا آدمی ہو، یا ایک چالاک شہری، جانی لیور ہر روپ میں فٹ بیٹھتے ہیں۔اپنی شاندار مزاحیہ اداکاری کے لیے جانی لیور نے کئی ’فلم فیئر ایوارڈز‘ جیتے ہیں اور بالی ووڈ کے بہترین کامیڈینز کی فہرست میں مقام حاصل کیا۔ان کی خدمات کو فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ لائیو پرفارمنس اور اسٹیج کامیڈی میں بھی سراہا گیا ہے۔جانی لیور ایک نہایت سادہ مزاج اور فیملی سے جڑے رہنے والے شخص ہیں۔ وہ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ ممبئی میں رہتے ہیں۔ ان کا بیٹا جسی لیور بھی کامیڈی اور اسٹیج پرفارمنس میں قدم رکھ چکا ہے۔