کارتک آرین یکے بعد دیگرے فلمیں سائن کرتے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ جولائی ۲۰۲۶ء میں ’’شیر شاہ‘‘ کے ہدایتکار وشنو وردھن کی زومبی فلم میں مرکزی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 25, 2025, 9:12 PM IST | Mumbai
کارتک آرین یکے بعد دیگرے فلمیں سائن کرتے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ جولائی ۲۰۲۶ء میں ’’شیر شاہ‘‘ کے ہدایتکار وشنو وردھن کی زومبی فلم میں مرکزی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ان دنوں کارتک آرین کا ستارہ عروج پر ہے۔ اداکار نے حال ہی میں ’’تو میری میں تیرا‘‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے اور انوراگ کشیپ کی بلاعنوان عشقیہ فلم میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ اس کے بعد ان کی اگلی فلم ’’ناگ زیلا‘‘ ہوگی جس میں وہ اچھا داری ناگ ہیں۔ پھر ’’کیپٹن انڈیا‘‘ میں کام کریں گے جس کے ہدایتکار ’’چک دے انڈیا‘‘ کے شمیت امین ہیں۔ یہ فلم مارچ ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہوگی۔ تاہم، پنک ولا کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کارتک اور ’’شیر شاہ‘‘ کے ہدایتکار وشنو وردھن کے درمیان ایک نئی فلم کیلئے بات چیت جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ’’کارتک آرین کو ایک زومبی فلم کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ وشنو وردھن نے زومبی کی ایک دنیا بنائی ہے اور چاہتے ہیں کہ مرکزی کردار کارتک آرین ادا کریں۔ کارتک کو بھی فلم پسند آئی ہے۔ اس فلم کی شوٹنگ جولائی ۲۰۲۶ء میں شروع ہوسکتی ہے۔‘‘ ذرائع نے مزید کہا کہ ’’کارتک نے ہامی بھرلی ہے البتہ فلم کا پیپر ورک ابھی باقی ہے۔ جولائی ۲۰۲۶ء ابھی دور ہے مگر کارتک کے کیلنڈر میں تاریخوں پر نشان لگ گیا ہے۔ ‘‘ حالانکہ ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے البتہ فلم کیلئے ہیروئن کی تلاش جاری ہے۔
کارتک آرین نومبر ۲۰۲۵ء تک انوراگ باسو کی بلا عنوان فلم کی شوٹنگ مکمل کرلیں گے۔ اس کے بعد وہ ’’نا گ زیلا‘‘ اور ’’کیپٹن انڈیا‘‘ کی شوٹنگ شروع کریں گے۔ علاوہ ازیں، اداکار مزید ۲؍ فلموں کیلئے بات چیت کررہے ہیں۔ خبریں ہیں کہ رنویر سنگھ بھی زومبی فلم کیلئے ’’لٹیرا‘‘ کے ہدایتکار جے مہتا سے بات چیت کررہے ہیں۔ ’’ڈان ۳‘‘ کے بعد وہ اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرسکتے ہیں۔