Updated: November 03, 2025, 7:01 PM IST
| Mumbai
’’کنگ‘‘ کا ٹیزر میں شاہ رخ خان کے لباس کا ہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ کے ’’ایف ن‘‘ کے لباس سے مشابہ ہونا سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔ کئی صارفین نے دونوں اداکاروں کے اسٹائل کا موازنہ کیا جبکہ دیگر نے یاد دلایا کہ شاہ رخ نے ۲۰۱۷ء کی اپنی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ میں ایسا لباس پہن چکے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ بریڈ پٹ نے ان کی نقل کی ہے۔
شاہ رخ خان۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ نے ۶۰؍ ویں سالگرہ پر مداحوں کو اپنی انتہائی متوقع فلم ’’کنگ‘‘ کے ٹیزر کا تحفہ دیا جس میں شاہ رخ کے بال چاندی جیسے ہیں اور وہ ایکشن ہیرو کے روپ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ٹیزر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر سالگرہ کی مبارکبادوں کے ساتھ ’’کنگ‘‘ کا ٹیزر بھی ٹرینڈ کرنے لگا مگر ایک خاص چیز سب کی توجہ کا مرکز بن گئی اور وہ تھی، شاہ رخ خان کا لباس۔ مداحوں نے فوری طور پر نوٹ کیا کہ شاہ رخ کا نیلی شرٹ اور ٹین جیکٹ والا لباس ہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ کی پچھلی فلم ’’ایف ون‘‘ کے لباس سے کافی مشابہت رکھتا ہے۔ چند گھنٹوں ہی میں سوشل میڈیا پر موازنوں، میمز اور مباحثوں کی بھرمار ہو گئی۔ کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ آیا یہ ترغیب ہے یا نقل؟ ناقدین اور مخالفین نے شاہ رخ کو ’’نقل کا کنگ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بریڈ پٹ کی نقل کرنے میں سیکنڈز نہیں لگائے۔ سیکڑوں صارفین نے موقع دیکھا اور شاہ رخ کو ’’بدنام‘‘ اور ’’نقل کرنے والا‘‘ کرنے والا قرار دیتے ہوئے ان پر شدید تنقیدیں کیں۔
یہ بھی پڑھئے:’’منا بھائی ۳‘‘ پر کام جاری ہے: ارشد وارثی کی تصدیق
تاہم، کئی مداحوں نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے شاہ رخ خان کی ۲۰۱۷ء کی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کے مناظر شیئر کئے جن میں وہ بریڈ پٹ کے ’’ایف ون‘‘ (۲۰۲۵ء) سے پہلے ہی اسی طرز کا لباس پہنے نظر آئے۔ ایک صارف نے طنزیہ لکھا ’’لوگ شاہ رخ خان کو بریڈ پٹ کی نقل کرنے والا کہہ رہے ہیں؟ کیا یہ سچ ہے؟ پہلے ذرا تاریخ دیکھ لیں!‘‘ ایک صارف نے لکھا کہ ’’کنگ، کنگ ہوتا ہے، پھر چاہے بالی ووڈ ہو یا ہالی ووڈ! یہاں نقل کرنے والے بریڈ پٹ ہیں!‘‘
بحث کے دوران زیادہ تر شائقین نے موازنہ کرنے کے بجائے شاہ رخ کے اسٹائل کو سراہا، یہ کہتے ہوئے کہ صرف وہی ایک سادہ جیکٹ کو بھی ’’اسٹیٹمنٹ‘‘ بنا سکتے ہیں۔ کئی صارفین نے ان کی نئی سلور ہیئر اسٹائل اور پرکشش لک کو ان کے کریئر کے ایک نئے اور جرات مندانہ مرحلے سے تعبیر کیا۔ واضح رہے کہ ہدایتکار سدھارتھ آنند کی فلم ’’کنگ‘‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان، دپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، انیل کپور اور جے دیپ اہلاوت بھی شامل ہیں۔