Updated: September 01, 2026, 4:03 PM IST
| Sydney
مارنس لبوشین کو زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ اس دوران انہیں ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ کے بارے میں فیصلے کا بھی انتظار ہے۔ لبوشین نے جون میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوروں پر جدوجہد کی تھی۔
مارکس لبوشین۔ تصویر:آئی این این
مارنس لبوشین کو زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ اس دوران انہیں ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ کے بارے میں فیصلے کا بھی انتظار ہے۔ لبوشین نے جون میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوروں پر جدوجہد کی تھی، تاہم بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بلے بازی آڈر میں نیچے بھیجے جانے کے بعد انہوں نے ناٹ آؤٹ ۵۵؍ رن بنائے تھے۔ لیکن ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش کی ون ڈے ٹیم میں واپسی اور سلیکٹرز کے نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد ظاہر کرنے کی وجہ سے لبوشین ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔
اس دورے پر جوئل ڈیوس کے ون ڈے میں ڈیبیو کرنے کا امکان ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز کے اس آل راؤنڈر نے اس سال کے آغاز میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی-۲۰؍ سیریز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ وہیں بائیں ہاتھ کے بلے باز اولی پیک کو ایک اور موقع دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے باضابطہ ون ڈے کپتان پیٹ کمنز اور ان کے ساتھی تیز گیند باز مچل اسٹارک جنوبی افریقہ میں ٹیم سے جڑیں گے، جبکہ جوش ہیزل ووڈ دونوں ون ڈے سیریز میں کھیلیں گے۔ زمبابوے میں مارش ٹیم کی کپتانی کریں گے، جبکہ جنوبی افریقہ میں وہ اور کمنز کپتانی کی ذمہ داری بانٹیں گے۔ یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ کمنز کتنے میچ کھیلتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:’’آج ہماری پوری زندگی اسکرین تک محدود ہوکر رہ گئی ہے‘‘
آسٹریلیا نے اس دورے کے لیے اپنے تیز گیند بازی کے اختیارات کو مضبوط کرتے ہوئے اسپینسر جانسن اور بلی اسٹین لیک کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جانسن نے اپنا آخری ون ڈے ۲۰۲۵ء کے آغاز میں کھیلا تھا۔چوٹ کے طویل عرصے بعد انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی-۲۰؍ ٹیم میں واپسی کی تھی۔
اسٹین لیک پاکستان کے دورے کے لیے ون ڈے ٹیم کا حصہ تھے اور راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے سات سال سے زیادہ عرصے بعد اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔ تاہم، سیریز میں ان کے واحد میچ میں انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی تھی۔ سلیکٹرز نے ون ڈے اور آسٹریلیا اے ٹیم کے درمیان کھلاڑیوں کو تقسیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا اے ٹیم اسی وقت ہندوستان میں ہوگی۔ اس سے پہلے اشارے دیے گئے تھے کہ اگلے سال کی ٹیسٹ سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ کھلاڑیوں کو ہندوستان میں چار روزہ میچوں میں ریڈ بال سے کھیلنے کا موقع دیا جاسکتا ہے۔
آل راؤنڈر کوپر کونولی، جو کمر کی چوٹ کے بعد اب دوبارہ گیند بازی کررہے ہیں، ان کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہیں ہندوستان کے خلاف چار روزہ میچوں کے لیے ممکنہ امیدوار سمجھا جارہا تھا۔ لیکن وہ پوری ون ڈے سیریز میں کھیلیں گے۔ انہوں نے میرپور میں بنگلہ دیش کے خلاف ۱۴۹؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ وہیں پیک کے ٹیم میں ہونے کا مطلب ہے کہ انہیں ہندوستان میں کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ہندوستان کے دورے پر آسٹریلیا اے کی ٹیم میں پیٹر ہینڈزکومب، نیتھن مکسوینی، سیم کونسٹاس، برینڈن ڈوجیٹ، جے رچرڈسن اور ٹوڈ مرفی جیسے کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اپوزیشن پارٹیوں کے ووٹروں کے نام بڑی تعداد میں حذف کا الزام
جانسن واحد ایسے کھلاڑی ہیں جو ہندوستان جائیں گے۔ انہیں اے ٹیم کے سفید گیند والے مرحلے کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں تین لسٹ-اے میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز ختم ہونے کے بعد کھیلے جائیں گے۔
زمبابوے کے خلاف ون ڈے میچ ۱۵، ۱۸؍ اور ۲۰؍ ستمبر کو ہرارے میں کھیلے جائیں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے میچ ۲۴، ۲۷؍ اور ۳۰؍ستمبر کو بالترتیب ڈربن، جوہانسبرگ اور پوچےفسٹروم میں ہوں گے۔ وہیں اگر آسٹریلیا اے کے ہندوستان دورے کی بات کریں تو دو چار روزہ میچ پڈوچیری میں ۲۲؍سے ۲۵؍ ستمبر اور ۲۹؍ ستمبر سے ۲؍اکتوبر کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے میچ بھی پڈوچیری میں ہی ۶، ۹؍ اور ۱۱؍ اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
زمبابوے اور جنوبی افریقہ دورے کے لیے آسٹریلیا کی ون ڈے ٹیم:زیویئر بارٹلیٹ، ایلکس کیری، کوپر کونلی، پیٹ کمنز (صرف جنوبی افریقہ، کپتان)، جوئل ڈیوس، نیتھن ایلس، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، اسپینسر جانسن، مچل مارش، اولی پیک، میتھیو رینشا، بلی اسٹین لیک، مچل اسٹارک (صرف جنوبی افریقہ)، ایڈم زمپا۔
ہندوستان اے کے خلاف آسٹریلیا اے کی چار روزہ ٹیم:برینڈن ڈوجیٹ، جیک ایڈورڈز، پیٹر ہینڈزکومب، سیم ہارپر، لیام ہیچر، کیمبل کیل اوے، سیم کونسٹاس، نیتھن مکسوینی، ٹوڈ مرفی، فرگس او نیل، جوش فلپ، جے رچرڈسن، کوری روکچیولی، جیسن سانگا، لیام اسکاٹ۔ہندوستان اے کے خلاف آسٹریلیا اے کی ون ڈے ٹیم :مالی بیئرڈمین، نکھل چودھری، بین ڈوارشوس، جیک ایڈورڈز، ایرن ہارڈی، اسپینسر جانسن، سیم کونسٹاس، نیتھن مکسوینی، ٹوڈ مرفی، مچل اوون، جوش فلپ، تنویر سنگھا، لیام اسکاٹ، لاکلن شا۔