• Wed, 21 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ممبئی آمد

Updated: October 21, 2026, 3:40 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ممبئی آمد ،اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات۔

US Secretary of State Marco Rubio and Chief Minister Devendra Fadnavis. Photo: PTI
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اوروزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس۔ تصویر: پی ٹی آئی

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو منگل کو ہندوستان کے اپنے تین روزہ دورے کیلئے ممبئی پہنچے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ممبئی کے تاریخی گیٹ وے آف انڈیا پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوںنے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر سے بھی ملاقات کی۔یہ رواں سال ان کا ہندوستان کا دوسرا دورہ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے روبیو کو روایتی انداز میں شال پہنا کر ان کی عزت افزائی کی۔ انہوں نے انہیں ممبئی کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی علامت گیٹ وے آف انڈیا اور اس علاقے کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکیش چندرا، رائل پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر راجیش گاونڈے، وزیر اعلیٰ کے مشیر کوستوبھ دھاوسے اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ آنے والا وفد موجود تھا۔

یہ بھی پڑھئے: اٹلی، البانیہ مظاہرے: ہندوستان کا شہریوں کو احتجاجی مقامات سے دور رہنے کا مشورہ

اہم ملاقاتیں اور مذاکرات 

مارکو روبیو نے ممبئی کے تاریخی تاج محل پیلس ہوٹل میں ہندوستانی ہم منصب ڈاکٹر ایس جے شنکر سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں کےدرمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات، توانائی کے شعبے میں تعاون، دفاعی سیکوریٹی اور مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات( یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کی موجودگی میں ایک سہ فریقی ملاقات بھی ہوئی۔

 تجارتی معاہدہ

  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکہ اور ہندوستان ایک بڑے تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بہت قریب ہیں۔ اس سلسلےمیں چند امور ہی باقی رہ گئے ہیں۔

۲۶/۱۱؍کے شہداء کو خراجِ عقیدت

ممبئی آمد کے بعد مارکو روبیو نے تاج میموریل جا کر ۲۶/۱۱؍کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ہلاک ہونے والوں کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گیٹ وے آف انڈیا کا دورہ

امریکی وزیر خارجہ نے اپنی اہلیہ جینٹ روبیو اور امریکی سفیر سرجیو گور کے ہمراہ ممبئی کے مشہور مقام گیٹ وے آف انڈیا کا دورہ بھی کیا جہاں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ان کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھئے:مظاہرین کیخلاف پولیس کے رویے پرشدید تنقید

آزادی کی ۲۵۰؍ ویں سالگرہ کی تقریب 

شام کے وقت انہوں نے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں امریکی آزادی کی۲۵۰؍ ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ’ فریڈم ۲۵۰‘ ریسپشن میں شرکت کی۔ 

آج (بدھ کو) مارکو روبیو ممبئی سے گجرات کے شہر جام نگر کیلئے روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کی میزبانی میں دنیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری اور ’ ونتارا‘اینیمل فیسلٹی کا نجی دورہ کریں گے۔ 

ان کے اس دورے کا مقصد ہندوستان کو وینزویلا کے خام تیل کی ریفائننگ بڑھانے پر راغب کرنا اور توانائی کی سیکوریٹی کو مضبوط بنانا ہے۔ مارکو روبیو کا یہ دورہ اس لحاظ سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے کہ پہلی بار کوئی امریکی وزیر خارجہ  ہندوستان کے سرکاری دورے پر آیا ہے لیکن وہ دارالحکومت نئی دہلی نہیں جارہاہے۔ ان کے اس دورے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK