• Wed, 21 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرلا اور بریچ کینڈی اسپتال کے قریب آتشزدگی، ۹؍افراد متاثر

Updated: October 21, 2026, 3:49 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

کرلاکی کوہ نوربلڈنگ میں آگ لگنے سے پھیلنےوالے دھوئیں سے مکینوں کاد م گھٹا، بریچ کینڈی اسپتال کے قریب واقع امرسن اسٹور میں لگنےوالی آگ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

A scene at the Amarsons store after the fire was extinguished. Photo: Ashish Raje
امرسنس اسٹور میں آگ بجھنے کے بعد کا ایک منظر۔ تصویر:آشیش راجے

شہر ومضافات کے ۲؍ مقامات پر منگل کو لگنےوالی آگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جنوبی ممبئی میں بریچ کینڈی اسپتال کے قریب بھولا بھائی دیسائی روڈ پر واقع امرسن اسٹور میں لگنےوالی آگ میں کسی کے زخمی ہونےکی اطلاع نہیں ہے جبکہ کرلا( مغرب) میں کوہ نور اسکول کے قریب کوہ نور ایچ ڈی آئی ایل بلڈنگ نمبر ۵؍ میں آگ لگنے سے ایک ۵؍ سالہ بچے سمیت ۹؍ افراد متاثر ہو ئےجن کا علاج راجاواڑی اسپتال میں کیا گیا۔ اسپتال کے حکام کے مطابق ان کی حالت بہتر ہے ۔

ممبئی فائر بریگیڈ ( ایم ایف بی )کوکوہ نور بلڈنگ میں آگ لگنے کی اطلاع صبح ۶؍بجکر ۵۳؍منٹ پر دی گئی۔ اطلاع موصول ہونے پر ایم ایف بی، پولیس، اڈانی کا عملہ، ۱۰۸؍ ایمبولینس ٹیم اور مقامی وارڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا ۔ آگ بلڈنگ کے ڈکٹ میں موجود بجلی کے تاروں میں لگی تھی ۔ آگ بجلی کے تاروں کے ذریعے پھیلتے ہوئے مختلف منزلوں تک پہنچ گئی تھی ۔ آگ ۷؍بجکر ۲۱؍ منٹ پر بجھا دی گئی۔آگ لگنے کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی ۔۹؍متاثرین میں سے ۸؍ کو دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک شخص کے دائیں پیر میں چوٹ آئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ٹائیگر شروف فائرنگ: آر پی ایف کے بہترتال میل اورسی سی ٹی وی فوٹیج سےکافی مدد ملی

راجاواڑی اسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ورما نے ۹؍متاثرین کے علاج کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کی حالت بہتر ہے۔

۱۲؍ منزلہ کوہ نور بلڈنگ میں رہائش پزیر محمد الیاس نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ فجرکی نماز پڑھ کر میں جیسے ہی بلڈنگ کے صدر دروازہ کے قریب پہنچا، مجھے بلڈنگ کے ۲؍ہمسایہ دکھائی دیئے ،ان سے خیریت دریافت کرنے پرانہوںنے بتایا کہ بلڈنگ میں آگ لگی ہے ۔یہ سنتے ہی میں بلڈنگ کی طرف دوڑ ا ، ۵؍ویں منزل پر دھواں پھیلا ہوا تھا،یہ دیکھ کر اُلٹے پیر گرائونڈ فلور پر آکر میں نے الیکٹر ک سپلائی کا مین سوئچ بندکیا ۔ اس دوران آگ لگنے سے پھیلنے والا دھواں ۷؍ویں منزل تک پہنچ گیا تھاجس کی وجہ سے اُوپری منزلوں کےمکینوں کو دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے کا سامنا کرنا پڑاجبکہ ایک شخص دروازہ کی لکڑی لگنے سے زخمی ہوا ہے ۔ ان سبھی کو علاج کیلئے راجاواڑی اسپتال لے جایا گیاجہاں ڈاکٹروں نے فوری طبی امداد کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے د ی ۔ ‘‘  

بی ایم سی کے مطابق مذکورہ حادثہ میں متاثر ہونے والوں میں احسان احمد (۳۰)، محمد شیخ( ۵)، فرنہ بانو (۲۷)، اعجاز احمد ( ۶۵)، فرین شیخ ( ۱۸)، نادیہ شیخ (۱۴)، کلیمہ شاہ (۴۵)، علینہ شیخ (۱۷) اور زاہد علی شیخ (۵۵) شامل ہیں۔

بھولابھائی دیسائی روڈ کے امر سن اسٹور میں آتشزدگی

منگل کی صبح بریچ کینڈی اسپتال کے قریب بھولا بھائی دیسائی روڈ پر واقع امرسنس اسٹور میں لگنے والی آگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایم ایف بی کو صبح ۸؍بجکر ایک منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ ۸؍ بجکر ۲۰؍منٹ پر ایم ایف بی نے پہلے لیول کی آگ کااعلان کیا ۔ حادثہ میں کسی کے زخمی ہونےکی اطلاع نہیں ہے جبکہ نقصان کی وجہ اور حد معلوم نہیں ہو سکی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK