آج رکشا بندھن کے موقع پر سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے لکھا کہ ’’کبھی کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ تم ہمیں چھوڑ کر نہیں گئے ہو۔ کیا میں تمہیں واقعی دوبارہ کبھی نہیں دیکھ سکوں گی؟‘‘
EPAPER
Updated: August 09, 2025, 4:19 PM IST | Mumbai
آج رکشا بندھن کے موقع پر سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے لکھا کہ ’’کبھی کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ تم ہمیں چھوڑ کر نہیں گئے ہو۔ کیا میں تمہیں واقعی دوبارہ کبھی نہیں دیکھ سکوں گی؟‘‘
سشانت سنگھ راجپوت کی بہن، شویتا سنگھ کیرتی نے آج رکشا بندھن کے موقع پر آنجہانی اداکار کو یاد کیا، اور اس بارے میں کھل کر بتایا کہ ان کی غیر موجودگی انہیں اب بھی کس طرح تکلیف دیتی ہے۔ سشانت کے پرانے کلپس پر مشتمل ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے، شویتا نے انسٹاگرام پر نوٹ لکھا کہ ’’کبھی کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ تم ہمیں چھوڑ کر نہیں گئے ہو۔ کہ تم اب بھی یہیں ہو، پردے سے پرے، خاموشی سے دیکھ رہے ہو۔ اور پھر، اگلی سانس میں، درد اٹھتا ہے۔ کیا میں واقعی تمہیں دوبارہ کبھی نہیں دیکھ سکوں گی؟ کیا تمہاری ہنسی صرف ایک گونج ہی رہے گی؟ تمہاری آواز، ایک دھندلی یاد جس کو میں سمجھ نہیں سکتی۔‘‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ سشانت کو کھونے کا درد اتنا گہرا تھا کہ اس کی موجودگی میں الفاظ کم پڑجاتے ہیں۔ ’’ میں جانتی ہوں بھائی، ہم دوبارہ ملیں گے، دوسری طرف، کہانیوں سے پرے، وقت سے آگے، جہاں روحیں ایک دوسرے کو ناموں سے نہیں بلکہ محبت کی خاموش زبان سے پہچانتی ہیں۔ تب تک میں یہیں رہتی ہوں، آج بھی دل میں تیری کلائی پر راکھی باندھ کر، دعا کرتی ہوں کہ جہاں بھی ہو، خوشی، سکون، روشنی میں رہو۔ اتنی سی دیر ہے، جب ہم دوبارہ ملیں گے۔ میری پوری محبت تمہارے ساتھ۔ گڑیا دی!‘‘
یاد رہے کہ ۲۰۲۰ء میں سشانت کی موت پر پورا ملک سوگوار تھا۔ ۱۴؍ جون ۲۰۲۰ء کو اپنی موت سے پہلے ان کی ’’چھچھورے‘‘ ریلیز ہوئی تھی جس نے ۱۰۰؍ کروڑ سے زائد کا کاروبار کیا تھا۔