Updated: September 14, 2026, 6:20 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کے ایک دیرینہ مداح نے فین کلب کی سرگرمیوں سے علاحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اداکار کے لیے اپنی محبت اور حمایت برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ مداح کا کہنا ہے کہ وہ اب اپنی زندگی، ترجیحات اور ذہنی سکون پر توجہ دینا چاہتا ہے اور اکشے کمار سے متعلق کسی تنازع یا منفی بحث کا حصہ نہیں بنے گا۔
اکشے کمار ۔ تصویر: آئی این این
کی کئی دہائیوں پر محیط فلمی زندگی میں اکشےکمارکے مداحوں کی بڑی اور وفادار تعداد رہی ہے، تاہم اب ان کے ایک مداح نے اداکار کی فین فالوئنگ سے دور ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کو کپل نامی ایک مداح نے اکشے کمار کے نام ایک کھلا خط شیئر کیا، جس میں انہوں نے فین سرگرمیوں سے خود کو الگ کرنے کے فیصلے کی وضاحت کی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اداکار کے لیے ان کی محبت اور عقیدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
اکشے کمار کے مداح نے فین کلب چھوڑ دیا
کپل نے اپنے خط کو ’’فینڈم چھوڑنے کی درخواست‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا، ’’محترم اکشے کمار سر، بھاری دل لیکن واضح ذہن کے ساتھ میں آپ کو آگاہ کر رہا ہوں کہ میں فینڈم سے الگ ہو رہا ہوں۔ ‘‘کپل نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ اکشے کمار کے لیے ان کی محبت، احترام یا عقیدت میں کسی تبدیلی کی وجہ سے نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی زندگی، ترجیحات اور ذہنی سکون پر توجہ دیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اداکار سے متعلق کسی تنازع یا منفی گفتگو کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے لکھا، ’’آئندہ کسی بھی منفی صورتحال، تنازع یا آپ سے متعلق غیر ضروری بحث میں، میں شامل نہیں ہوں گا اور نہ ہی میرا اس سے کوئی تعلق ہوگا۔ ‘‘فینڈم سے علاحدگی کے اعلان کے باوجود کپل نے زور دے کر کہا کہ وہ اکشے کمار سے بطور مداح اپنا تعلق ختم نہیں کر رہے۔ انہوں نے اداکار کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اکشے کمار مستقبل میں بھی بہترین کام کرتے رہیں اور انہیں محبت، عزت اور خوشی ملتی رہے۔
یہ بھی پڑھئے: چاقو حملے کو یاد کرکے سیف علی خان نے کہا ’میں آج بھی اس صدمے سے نہیں نکل سکا‘
خط کے اختتام پر کپل نے لکھا، ’’اگرچہ میں فینڈم چھوڑ رہا ہوں، لیکن بطور مداح آپ کو نہیں چھوڑ رہا۔ میں آخری سانس تک آپ کی حمایت کرتا رہوں گا، آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور آپ کے سفر کے ہر قدم پر آپ کی حوصلہ افزائی کرتا رہوں گا۔ ہر چیز کے لیے شکریہ سر۔ ہمیشہ آپ کا خیرخواہ۔ ‘‘یہ کھلا خط ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اکشے کمار کی حالیہ فلموں کی باکس آفس کارکردگی پر خاصی بحث ہو رہی ہے۔ اگرچہ وہ اب بھی بالی ووڈ کے معروف اور مقبول اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، تاہم وبا کے بعد ریلیز ہونے والی ان کی کئی فلمیں باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل نہیں کرسکیں۔ سمراٹ پرتھوی راج، رام سیتو، سیلفی، بڑے میاں چھوٹے میاں اور سرپھیرا جیسی فلمیں اکشے کمار کی مضبوط اسٹار پاور کے باوجود تجارتی اعتبار سے مشکلات کا شکار رہیں۔
’’حیوان‘‘ کا باکس آفس پر حال
اکشے کمار کی تازہ ترین فلم ’’حیوان‘‘ بھی ریلیز کے بعد باکس آفس پر خاص اثر ڈالنے میں ناکام رہی ہے۔ فلم نے دو دن میں ہندوستان میں صرف ساڑھے ۵؍ کروڑ روپے نیٹ کمائے ہیں، جبکہ اس کا دنیا بھر میں مجموعی بزنس۸؍ کروڑ۶۰؍ لاکھ روپے بتایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ’’حیوان‘‘ کو ناقدین کی جانب سے بھی بڑی حد تک منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔