• Sun, 15 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پردے پر شروع ہونے والی محبت گھر کی دہلیز تک پہنچی، چند خوبصورت رشتوں کی کہانی

Updated: February 15, 2026, 12:14 PM IST | Mumbai

کئی بار فلموں اور سیریز میں دکھائی جانے والی آن اسکرین کیمسٹری صرف اداکاری تک محدود نہیں رہتی بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ایک خوبصورت رشتہ بن جاتی ہے۔

Ranbir Kapoor and Alia Bhatt. Photo: INN
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ۔ تصویر: آئی این این

کئی بار فلموں اور سیریز میں دکھائی جانے والی آن اسکرین کیمسٹری صرف اداکاری تک محدود نہیں رہتی بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ایک خوبصورت رشتہ بن جاتی ہے۔ تفریحی دنیا میں ایسے کئی جوڑے ہیں جن کی اسکرین پر جادوئی ہم آہنگی نے ناظرین کے دل جیتے اور یہی قربت بعد میں محبت اور زندگی کے مضبوط بندھن میں بدل گئی۔ کہا جاتا ہے کہ جب جذبات، فن اور سچائی ایک ساتھ مل جائیں تو کہانی صرف پردے تک محدود نہیں رہتی بلکہ حقیقت میں بھی اپنی خوبصورت شکل اختیار کر لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات آن اسکرین بننے والی جوڑی حقیقی زندگی کی سب سے دلکش اور یادگار محبت کی داستان بن جاتی ہے اور لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتی ہے۔ بالی ووڈ میں کئی محبت کی کہانیاں کیمرے کے سامنے شروع ہوتی ہیں، مگر ان میں سے چند ہی ایسی ہوتی ہیں جو پردے کی حدود کو توڑ کر حقیقی زندگی تک پہنچ پاتی ہیں۔ پردے پر نظر آنےوالی مسکراہٹ، نگاہوں کی زبان اور مشترکہ خوابوں کی چمک جب حقیقی زندگی میں بھی قائم رہتی ہے تو ایسی جوڑیاں ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ کیلئے بس جاتی ہیں۔ ایسی ہی کچھ خاص جوڑیاں ہیں جو ریل سے نکل کر ریئل لائف میں اپنی روشنی بکھیر رہی ہیں۔ 
رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون
سنجے لیلا بھنسالی کی فلم’رام لیلا‘ کے سیٹ پر شروع ہونے والی یہ کہانی آج بالی ووڈ کی سب سے طاقتور اور متاثر کن محبت کی کہانیوں میں شامل ہو چکی ہے۔ رنویر سنگھ کی بے باک توانائی اور دپیکا پڈوکون کی سنجیدہ شائستگی نے نہ صرف پردے پر جادو جگایا بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کا مضبوط سہارا بن گئے۔ آج یہ جوڑی محبت، احترام اور شراکت کی مثال سمجھی جاتی ہے۔ 
رنبیر کپور اورعالیہ بھٹ
فلم’برہماستر‘ کی شوٹنگ کے دوران قریب آنے والے عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی محبت کی کہانی آہستہ آہستہ پروان چڑھی، مگر وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو گئی۔ عالیہ کی معصوم شوخی اور رنبیر کی سادگی نے ایک ایسا رشتہ قائم کیا جس میں دوستی اور سمجھ بوجھ کی گہری بنیاد موجود ہے۔ شادی اور والدین بننے کے بعد یہ جوڑی نئی نسل کیلئے رشتوں کی ایک خوبصورت مثال بن چکی ہے۔ 
کیرتی کھربندا اور پُلکت سمراٹ
۲۰۱۸ء میں فلم’ویرے کی ویڈنگ‘ سے شروع ہونے والی کیرتی کھربندا اور پلکِت سمراٹ کی محبت کی کہانی۲۰۱۹ءمیں فلم ’پاگل پنتی‘ کے دوران مزید مضبوط ہوئی۔ ڈھائی سال لیو اِن میں رہنے کے بعد اس جوڑی نے۲۰۲۴ء میں شادی کر کے اپنے رشتے کو سماجی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا۔ ریل سے ریئل تک کا یہ سفر ان کیلئے نہایت فطری رہا۔ ساتھ کام کرتے ہوئے دوستی سے محبت تک پہنچنے والا یہ رشتہ آج سادگی اور باہمی سمجھ کی خوبصورت مثال ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مغربی موسیقی کو فروغ دینے میں بپی لہری کا اہم کردار ہے

رتیش دیشمکھ اور جینلیا دیشمکھ
بالی ووڈ کی چند پیاری اور مضبوط جوڑیوں میں شمار جینلیا دیشمکھ اور رتیش دیشمکھ کی محبت کی کہانی ان کی پہلی فلم’تجھے میری قسم‘ سے شروع ہوئی۔ کو-اسٹار سے دوست، پھر بہترین دوست اور آخرکار شادی اور والدین بننے تک پہنچنے والی یہ کہانی آج بھی مداحوں کی پسندیدہ ہے۔ دونوں کی معصوم نوک جھونک اور خاندانی اقدار سے جڑا رشتہ انہیں خاص بناتا ہے۔ 
سدھارتھ مہلوترہ اور کیارا اڈوانی
فلم’شیرشاہ‘ میں کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کی کیمسٹری نے ناظرین کا دل جیت لیا تھا اور جلد ہی یہ رشتہ حقیقی زندگی میں بھی پروان چڑھ گیا۔ سادگی، احترام اور گہرے جذباتی ربط کے ساتھ یہ جوڑی آج ایک متوازن اور سنجیدہ رشتہ کی مثال سمجھی جاتی ہے۔ 
اس کے علاوہ کچھ دہائیوں قبل بھی کئی فلمی ستارے رشتہ ازدواج میں بندھے ہیں جن میں دلیپ کمار سائرہ بانو، سنیل دت نرگس، دھرمیندر ہیمامالنی، امیتابھ بچن جیا بہادری، راجیش کھنہ ڈمپل کپاڈیا، انوپم کھیر کرن کھیر، سیف علی خان کرینہ کپور، ابھیشیک بچن ایشوریہ رائے اور اکشے کمار ٹوینکل کھنہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ واقعی، سنیما صرف کہانیاں ہی نہیں سناتا بلکہ کبھی کبھی زندگی کی سچی محبتوں کا آغاز بھی بن جاتا ہے۔ جب کیمرے بند ہونے کے باوجود رشتوں کی گرمی اور ان کہے جذبات قائم رہتے ہیں، تب اصل معنوں میں ریل سے ریئل کا سفر شروع ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK