دونوں اداکاروں نے اپنے سوشل میڈیا پر ننھے قدموں کی تصویر کے ساتھ خوشخبری سنائی۔ ۲؍ سالہ دعا اب بڑی بہن بن گئی۔
EPAPER
Updated: September 19, 2026, 8:03 PM IST | Mumbai
دونوں اداکاروں نے اپنے سوشل میڈیا پر ننھے قدموں کی تصویر کے ساتھ خوشخبری سنائی۔ ۲؍ سالہ دعا اب بڑی بہن بن گئی۔
بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ دوسری بار والدین بن گئے ہیں۔ جوڑے نے ۱۹؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا کہ ان کے گھر دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ دونوں نے خوشخبری کے لیے ننھے بچے کے قدموں کی تصویر شیئر کی، جس پر ’’ویلکم بے بی گرل‘‘ کے ساتھ آج یعنی ۱۹؍ ستمبر ۲۰۲۶ء درج تھی۔ پیغام کے آخر میں دعا، دپیکا اور رنویر کے نام لکھے گئے۔ یہ دپیکا اور رنویر کی دوسری اولاد ہے۔ ان کی پہلی بیٹی دعا کی پیدائش ۸؍ ستمبر ۲۰۲۴ء کو ہوئی تھی۔ اب دعا اپنی چھوٹی بہن کی بڑی بہن بن گئی ہیں۔ جوڑے نے نومولود کا نام ابھی ظاہر نہیں کیا ہے اور نہ ہی بچی سے متعلق مزید تفصیلات شیئر کی ہیں۔
خوشخبری سے ایک روز قبل، یعنی ۱۸؍ ستمبر کو دپیکا اور رنویر ممبئی کے سدھی ونائک مندر پہنچے تھے۔ دونوں نے وہاں بھگوان گنیش کے درشن کرکے آشیرواد لیا تھا۔ یہ دورہ اس لیے بھی توجہ کا مرکز بنا کہ ۲۰۲۴ء میں دعا کی پیدائش سے ۲؍ روز قبل بھی دونوں نے اسی مندر میں حاضری دی تھی۔ اس وقت دپیکا نے ۶؍ ستمبر ۲۰۲۴ء کو مندر کا دورہ کیا تھا اور اگلے ہی دن جوڑے نے دعا کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔ دپیکا اور رنویر نے رواں سال ۱۹؍ اپریل کو اپنی دوسری حمل کی خبر عوام کے ساتھ شیئر کی تھی۔ اس وقت جاری کی گئی پوسٹ میں نومولود کی آمد کی متوقع تاریخ ستمبر ۲۰۲۶ء بتائی گئی تھی۔ اس کے بعد حمل کے دوران دپیکا نے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات بھی جاری رکھیں، اگرچہ آخری مہینوں میں ان کی عوامی موجودگی محدود رہی۔
یہ بھی پڑھئے: وکرانت میسی ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ۲؍ نئے ’’مسافر کیفے‘‘ کھولیں گے
دپیکا نے اس سے قبل زچگی کے تجربے کو اپنی زندگی کا انتہائی اہم مرحلہ قرار دیا تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا، ’’میں ہمیشہ ماں بننا چاہتی تھی اور اب میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہی ہوں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ماں بننے کے بعد وہ اپنے جذبات کے اظہار اور لوگوں سے میل جول کے معاملے میں اپنے سابقہ دائرے سے باہر نکلی ہیں۔ دپیکا اور رنویر کی محبت کی کہانی ۲۰۱۳ء میں فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ کے سیٹ سے شروع ہوئی تھی۔ کئی برس کی رفاقت کے بعد دونوں نے ۱۴؍ نومبر ۲۰۱۸ء کو اٹلی کے لیک کومو میں شادی کی تھی۔ شادی کے تقریباً ۶؍ برس بعد ان کے ہاں پہلی بیٹی دعا کی پیدائش ہوئی، جبکہ اب خاندان میں ایک اور بیٹی کا اضافہ ہوگیا ہے۔
دوسری بیٹی کی پیدائش کی خبر سامنے آتے ہی فلمی دنیا سے مبارک بادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کرتی سینن نے مبارک باد دیتے ہوئے دعا کے بڑی بہن بننے پر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ گلوکارہ شریا گھوشال اور اداکار انگد بیدی نے بھی جوڑے کو مبارک باد دی۔