Inquilab Logo

فلم ’شعلے‘ سے شہرت حاصل کرنے والے میک موہن نے ۲۰۰؍فلموں میں کام کیا

Updated: April 25, 2024, 2:26 PM IST | Mumbai

ہندی فلموں کے علاوہ انہوں نےبھوجپوری، گجراتی، ہریانوی، مراٹھی، پنجابی، بنگالی اور سندھی فلموں میں بھی اپنی اداکاری سے جادو جگایا۔ انہوں نے اڑیہ کے علاوہ تمام ہندوستانی زبانوں میں ڈائیلاگ ادا کئے ہیں۔

Mac Mohan has acted in several language films. Photo: INN.
میک موہن متعدد زبانوں کی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

فلم شعلے کاہر کردار جاوداں ہے، پھر چاہے وہ چھوٹے سے چھوٹا کردار ہی کیوں نہ ہو۔ ایسا ہی ایک چھوٹا سا کردار امجد خان یعنی گبر کے گینگ میں شامل ایک اہم ڈاکوسانبھا کا تھا جسےمیک موہن نےلافانی بنادیا ہے۔ یوں تو میک نےاپنے ۴۶؍سالہ طویل فلمی کریئرمیں ۲۰۰؍سےزائد فلموں میں ویلن کا کر دار کیاہےلیکن اِس میں کوئی شک نہیں کہ فلمی دنیا اور سنیمابین اُنہیں سانبھا کےفلمی نام سے ہی یاد کرتے ہیں۔ 
ان کا اصل نام موہن ماکیجانی تھا لیکن انہیں سب ہی میک موہن کے نام سے ہی جانتے ہیں۔ میک موہن برٹش راج میں کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ کرکٹر بننے ممبئی آئے لیکن تھیٹر سے جڑ گئے اور پھر بالی ووڈ اداکار بن گئے۔ انہوں نے یہاں فلمالیہ اسکول آف ایکٹنگ سے اداکاری کی تربیت حاصل کی تھی۔ میک موہن نے ہدایت کار چیتن آنند کے اسسٹنٹ کے طور پر اپنا فلمی سفر شروع کیا۔ اسکے بعد ۱۹۶۴ء کی فلم حقیقت سے اداکاری کا سفر شروع کیا۔ میک کی آخری ریلیز ہندی فلم فلمساز اشونی دھیر کی فلم ’اتیتھی تم کب جاؤ گے‘ تھی جس میں وہ بطور مہمان اداکار نظر آئے تھے۔ 
ہندی فلموں کے علاوہ انہوں نےبھوجپوری، گجراتی، ہریانوی، مراٹھی، پنجابی، بنگالی اور سندھی فلموں میں بھی اپنی اداکاری سے جادو جگایا۔ انہوں نے اڑیہ کے علاوہ تمام ہندوستانی زبانوں میں ڈائیلاگ ادا کئے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے انگریزی، روسی اور ہسپانوی زبان کی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ وہ واحد اداکار ہیں جن کا اصلی نام ’میک‘ کئی فلموں میں ان کے کردار کا نام رکھا گیا ہے۔ 
جسمانی اعتبار سے میک کی باڈی یا آواز ایک بالی ووڈویلن کی طرح نہ ہونے کے باوجود میک نے سپرسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ زنجیر، ڈان، ستے پہ ستا، کالا پتھراور دوستاناجیسی کئی ہٹ فلموں میں ویلن کا کرداراداکیا جو۷۰ءکے عشرے میں میک کی مقبولیت کا ثبوت ہیں۔ 
ہندی فلموں کے علاوہ ماضی میں میک نے پنجابی، سندھی، ہریانوی، گجراتی، مراٹھی، انگریزی اور روسی زبان کی فلموں میں کام کیا ہے۔ بہت کم لوگ اِس بات سے واقف ہیں کہ میک بالی وڈ ہیروئین روینا ٹنڈن کے ماموں بھی تھے۔ 
میک موہن نے ۱۹۸۶ء میں منی نامی خاتون سے شادی کی تھی جن ان کی دو بیٹیاں منجری ماکیجانی، ونتی ماکیجانی اور ایک بیٹا وکرانت ماکیجانی ہیں ۔ میک موہن کی بیوی آیورویدک ڈاکٹر ہیں۔ جب میک موہن کے والد کوجوہو میں واقع آروگیہ ندھی اسپتال میں داخل کیا گیا تو پہلی مرتبہ ان کی ملاقات منی سے ہوئی تھی اور تعلقات بڑھتے بڑھتے شادی پر منتج ہوئی۔ پروفیشنل رائٹر کے نیلیش راجے کے ذریعہ لئے گئے انٹرویو سے معلوم ہوتا ہے کہ میک موہن کو تحریری اور زبانی انگریزی پر عبور حاصل تھا۔ اخباروں کو تفصیل سے پڑھنے کے علاوہ انہیں مشہور انگریزی میگزین ریڈرز ڈائجسٹ پڑھنا پسند بہت تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK