Updated: August 13, 2026, 9:03 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کی مقبول کامیڈی فلم ’’مالامال ویکلی‘‘ کے تقریباً دو دہائیوں بعد سیکوئل ’’مالامال ویکلی ۲‘‘ بننے جا رہا ہے۔ فلم کی نئی کاسٹ میں اصل فلم کے معروف اداکار پریش راول، رتیش دیش مکھ اور راجپال یادو کی واپسی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ان کے ساتھ اداکار اور سوشل میڈیا شخصیت ایلویش یادو بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
مالامال ویکلی۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ کی مقبول کامیڈی فلم ’’مالامال ویکلی‘‘ کے تقریباً دو دہائیوں بعد سیکوئل ’’مالامال ویکلی ۲‘‘ بننے جا رہا ہے۔ فلم کی نئی کاسٹ میں اصل فلم کے معروف اداکار پریش راول، رتیش دیش مکھ اور راجپال یادو کی واپسی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ان کے ساتھ اداکار اور سوشل میڈیا شخصیت ایلویش یادو بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
۲۰۰۶ء میں ریلیز ہونے والی ’’مالامال ویکلی‘‘ ایک کامیڈی فلم تھی، جس کی کہانی ایک چھوٹے سے گاؤں میں لاٹری کی جیتی ہوئی رقم کے گرد گھومتی تھی۔ ایک لاٹری ٹکٹ کے ملنے کے بعد گاؤں کے لوگوں میں اسے حاصل کرنے کی دوڑ شروع ہوجاتی ہے اور صورتحال مزاحیہ افراتفری میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ فلم میں پریش راول، اوم پوری، رتیش دیش مکھ اور راجپال یادو سمیت کئی بڑے فنکار شامل تھے۔ اصل فلم میں پریش راول نے لیلارام، رتیش دیش مکھ نے کنہیا اور راجپال یادو نے باجے بہادرکا کردار ادا کیا تھا۔ آنجہانی اداکار اوم پوری بھی فلم کا اہم حصہ تھے، اس لیے نئی فلم میں ان کی کمی شائقین ضرور محسوس کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے:محمود کے چھ وکٹ، ٹیسٹ کا پہلا دن بنگلہ دیش کے نام
تازہ اطلاعات کے مطابق سیکوئل میں رتیش دیش مکھ مرکزی کردار میں نظر آسکتے ہیں جبکہ پریش راول اور راجپال یادو بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ فلم میں ایلویش یادو کی شمولیت بھی خاصی دلچسپی پیدا کر رہی ہے۔ یہ ان کے بالی ووڈ فلمی سفر کے لیے بھی ایک اہم قدم ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق ’’مالامال ویکلی ۲‘‘ کی کہانی پہلی فلم کی نقل نہیں ہوگی بلکہ ایک نئی کہانی پیش کی جائے گی۔ تاہم فلم میں چھوٹے شہر یا قصبے کی زندگی، اچانک ملنے والی دولت، لالچ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مزاحیہ صورتحال جیسے بنیادی عناصر برقرار رہیں گے۔
اس مرتبہ فلم کی ہدایت کاری امیت جوشی کریں گے، جو ’’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘‘ کے شریک ہدایت کاروں میں شامل رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم کی پروڈکشن ۲۰۲۶ءکے اختتام تک شروع کیے جانے کی توقع ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اصل ’’مالامال ویکلی‘‘ کی ہدایت کاری پریہ درشن نے کی تھی۔ پریش راول نے مارچ ۲۰۲۶ء میں بھی تصدیق کی تھی کہ وہ سیکوئل کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:سری دیوی کی سوانح عمری’ ’ایمپریس‘‘ جلدریلیز ہوگی، پرینکا چوپڑا نے کور شیئر کیا
پریش راول، رتیش دیش مکھ اور راجپال یادو کی ایک ساتھ واپسی نے فلم کے حوالے سے پرانی یادیں تازہ کردی ہیں۔ خاص طور پر کامیڈی کے شائقین کو توقع ہے کہ تینوں اداکار ایک بار پھر اپنی مزاحیہ اداکاری سے فلم میں جان ڈالیں گے۔ تاہم ’’مالامال ویکلی ۲‘ ‘ کی ریلیز کی حتمی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔ فلم کی شوٹنگ اور دیگر کاسٹ سے متعلق مزید تفصیلات آنے والے دنوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔