Updated: August 13, 2026, 7:04 PM IST
| Mumbai
ہندوستانی سنیما کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی آج ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں، لیکن ان کی شاندار اداکاری، خوبصورتی اور یادگار کردار آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ سری دیوی نے ہندی سنیما کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فلم انڈسٹری میں اپنی ایسی منفرد شناخت بنائی جسے بھلانا مشکل ہے۔
کورپیج۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی سنیما کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی آج ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں، لیکن ان کی شاندار اداکاری، خوبصورتی اور یادگار کردار آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ سری دیوی نے ہندی سنیما کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فلم انڈسٹری میں اپنی ایسی منفرد شناخت بنائی جسے بھلانا مشکل ہے۔ سری دیوی کی سالگرہ کے موقع پر اداکارہ پرینکا چوپڑا نے سوشل میڈیا پر ان کی زندگی پر لکھی جانے والی سوانح عمری کی ایک جھلک شیئر کی۔ پرینکا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر کتاب کا کور شیئر کرتے ہوئے سری دیوی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔
پرینکا کی جانب سے شیئر کیے گئے کور پر کتاب کا نام ’’ایمپریس: دی ڈیفینیٹو بایوگرافی آف سری دیوی‘‘ درج ہے۔ کتاب کے کور پر لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کا سری دیوی کے بارے میں دیا گیا ایک بیان بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے اداکارہ کی غیر معمولی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔ کور شیئر کرتے ہوئے پرینکا چوپڑا نے لکھا’’سری دیوی کو سالگرہ مبارک۔ آپ کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے اپنی پوسٹ کے ذریعے یہ بھی بتایا کہ ’’ایمپریس‘‘ جلد ریلیز ہونے والی ہے۔ پرینکا کی اس پوسٹ کو سری دیوی کے شوہر اور فلم پروڈیوسر بونی کپور نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کیا۔
سری دیوی کی زندگی پر مبنی اس کتاب میں ان کے بچپن، فلمی سفر، کامیابیوں اور ذاتی زندگی سے جڑے کئی اہم پہلوؤں کو شامل کیے جانے کی امید ہے۔ خاص طور پر ۱۹۸۰ء اور۱۹۹۰ء کی دہائی میں سری دیوی نے ہندوستانی سنیما پر جو گہرا اثر چھوڑا، وہ ان کے کریئر کا انتہائی اہم دور تھا۔ اس زمانے میں انہوں نے سب سے مقبول اداکاراؤں میں اپنی جگہ بنائی اور کئی ایسی فلموں میں کام کیا جو آج بھی شائقین کے درمیان مقبول ہیں۔ کتاب میں ان کے فلمی کریئر کے علاوہ پردے کے پیچھے کی زندگی اور ذاتی تجربات پر بھی روشنی ڈالے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کنگنا رناوت نے نصیرالدین شاہ کے خلاف متنازع بیان کا دفاع کیا
اس بایوگرافی کے مصنف دھیرج یو. کمار مصنف، محقق اور کالم نگار کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ان کی پہلی کتاب ہے۔ دھیرج کمار کے سری دیوی اور ان کے خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سری دیوی انہیں اپنے خاندان کا حصہ سمجھتی تھیں۔ اسی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ انہیں اداکارہ کی ذاتی زندگی اور شخصیت کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا تھا۔
کتاب کے اعلان کے وقت بونی کپور نے بھی دھیرج کمار کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ دھیرج سری دیوی کو اچھی طرح جانتے تھے اور ان کے کافی قریب رہے تھے۔ ایسے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ اداکارہ کی غیر معمولی زندگی اور فلمی سفر کو حساس انداز میں قارئین کے سامنے پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے:کنگنا رناوت نے نصیرالدین شاہ کے خلاف متنازع بیان کا دفاع کیا
سری دیوی کی زندگی پر مبنی ایک باضابطہ سوانح عمری کا اعلان ۲۰۲۳ء میں ویسٹ لینڈ بکس کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس وقت کتاب کا نام ’’سری دیوی: دی لائف آف اے لیجنڈ‘‘ بتایا گیا تھا۔ اب پرینکا چوپڑا کی جانب سے کتاب کا کور شیئر کیے جانے کے بعد اشارہ ملا ہے کہ یہ کتاب ’’ایمپریس‘ ‘ کے نام سے سامنے آ رہی ہے۔
سری دیوی کا انتقال ۲۴؍ فروری۲۰۱۸ء کو دبئی میں ہوا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف ۵۴؍ سال تھی۔ ان کے انتقال سے ہندوستانی فلم انڈسٹری کو ایک بڑا صدمہ پہنچا تھا۔ سری دیوی نے اپنے طویل فلمی کریئر میں ’’مسٹر انڈیا‘‘،’ ’چاندنی‘‘،’ ’چال باز‘‘،’ ’نگینہ‘‘،’’لمحے‘‘، ’’صدمہ‘ ‘ اور’’انگلش ونگلش‘‘ جیسی کئی یادگار فلموں میں کام کیا۔ ان کی بایوگرافی کے ذریعے اب مداحوں کو ان کے شاندار فلمی سفر کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی زندگی اور شخصیت کے ان پہلوؤں کو جاننے کا موقع مل سکتا ہے جو اب تک بڑی حد تک لوگوں سے پوشیدہ رہے ہیں۔