Updated: June 02, 2026, 6:04 PM IST
| New York
بافٹا ایوارڈ یافتہ منی پوری فلم ’’بونگ‘‘ نے نیویارک انڈین فلم فیسٹیول ۲۰۲۶ء میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین اہم ایوارڈز جیت لیے۔ فلم کی ہدایت کار لکشمی پریہ دیوی کو بہترین ہدایت کار اور بہترین پہلی فلم کے اعزازات ملے، جبکہ کم عمر اداکار گگن کپگن نے بہترین چائلڈ ایکٹر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
بافٹا ایوارڈ یافتہ منی پوری فلم ’’بونگ‘‘ نے نیویارک انڈین فلم فیسٹیول ۲۰۲۶ء میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین اہم ایوارڈز اپنے نام کر لیے۔ چار روزہ فلمی میلے کے اختتام پر اعلان کردہ نتائج کے مطابق ’’بونگ‘‘ فاتحین کی فہرست میں سب سے آگے رہی اور اسے بہترین پہلی فلم، بہترین ہدایت کار اور بہترین چائلڈ ایکٹر کے اعزازات سے نوازا گیا۔ فلم کی ہدایت کار لکشمی پریہ دیوی کو بہترین ہدایت کار اور بہترین پہلی فلم کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ نوجوان اداکار گگن کپگن نے اپنی متاثرکن اداکاری کے لیے بہترین چائلڈ ایکٹر کا اعزاز حاصل کیا۔ دوسری جانب میلے کا سب سے بڑا ایوارڈ، یعنی بہترین فلم کا اعزاز، ’’شیڈو باکس‘‘ (بخشو بانڈی) کے حصے میں آیا۔
یہ بھی پڑھئے: آپ کا مشن اے آئی کو تباہ کرنا ہے: ہارورڈ میں اداکار رونی چیانگ کا خطاب وائرل
’’بونگ‘‘ ایک جذباتی اور متاثرکن کہانی پر مبنی فلم ہے جو منی پور کی وادی میں رہنے والے ایک کم عمر لڑکے کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں گگن کپگن ایک ایسے بچے کا کردار ادا کرتے ہیں جو اپنی والدہ کو ایک خاص تحفہ دینا چاہتا ہے۔ معصوم سوچ رکھنے والا یہ بچہ یقین رکھتا ہے کہ اگر وہ اپنے والد کو واپس گھر لے آئے تو اس سے بڑا تحفہ کوئی نہیں ہو سکتا۔ اپنے والد کی تلاش میں شروع ہونے والا اس کا سفر بالآخر ایک نئی امید اور نئی شروعات کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ اداکار اور پروڈیوسر فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی معاونت سے بننے والی اس فلم نے گزشتہ برس عالمی سطح پر اپنی پہچان بنانا شروع کی تھی۔
’’بونگ‘‘ کا عالمی پریمیر ۲۰۲۴ء میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوا تھا، جس کے بعد اسے متعدد بین الاقوامی اور ہندوستانی فلمی میلوں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ فلم کو Warsaw International Film Festival، MAMI Mumbai Film Festival، International Film Festival of India اور Indian Film Festival of Melbourne سمیت کئی اہم فلمی تقریبات میں بھی سراہا گیا۔’’بونگ‘‘ نے فروری ۲۰۲۶ء میں لندن کے رائل فیسٹیول ہال میں منعقدہ بافٹا ایوارڈز تقریب میں بہترین چلڈرن اینڈ فیملی فلم کا ایوارڈ جیت کر بھی تاریخ رقم کی تھی۔ اس کامیابی نے نہ صرف فلم بلکہ منی پوری سنیما کو بھی عالمی سطح پر نئی شناخت دی۔
یہ بھی پڑھئے: گیت ’’مسکارا‘‘ میں شروَری واگھ کا الگ انداز
یہ فلم لکشمی پریہ دیوی کی پہلی فیچر فلم ہے۔ اس سے قبل وہ کئی معروف ہندی فلموں اور منصوبوں میں بطور فرسٹ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر چکی ہیں۔ انہوں نے ’’لک بائی چانس‘‘ ،’’تلاش‘‘، ’’پی کے‘‘ اور ’’اے سوٹ ایبل بوائے‘‘ جیسے نمایاں منصوبوں میں اہم ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ نیویارک انڈین فلم فیسٹیول ۲۰۲۶ء، جو ۲۸؍ سے ۳۱؍ مئی تک منعقد ہوا، شمالی امریکہ میں آزاد ہندوستانی سنیما کے لیے مختص سب سے قدیم اور معتبر فلمی میلوں میں شمار ہوتا ہے۔ Indo-American Arts Council کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں ۱۵؍ مختلف زبانوں کی فلمیں پیش کی گئیں۔ اس سال فیسٹیول میں ۱۹؍ فیچر فلمیں، چار دستاویزی فلمیں اور ۲۷؍ مختصر فلمیں شامل تھیں، جبکہ متعدد فلموں کا عالمی پریمیر بھی اسی پلیٹ فارم پر ہوا۔