Updated: January 31, 2026, 10:04 PM IST
| Los Angeles
ہالی ووڈ اداکارہ مارگو روبی نے ’’وودرِنگ ہائٹس‘‘ فلم کے لاس اینجلس پریمیر میں تاریخی ’’تاج محل‘‘ ہار پہنا جس کی قیمت تقریباً ۷۴؍ کروڑ روپے ہے۔ ہار کے سبب ان کی تعریف بھی ہوئی اور سوشل میڈیا پر زبردست تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ مارگو نے ہار کے انتخاب کا تعلق پرانی رومانوی فلموں سے جوڑا ہے۔
ایلزبتھ ٹیلر (دائیں) اور مارگو روبی (بائیں)۔ تصویر: ایکس
ہالی ووڈکی مشہور اداکارہ مارگو روبی نے اپنی آنے والی فلم ’’وودرِنگ ہائٹس‘‘ کے عالمی پریمیر پر ایک تاریخی انداز اپنایا، لیکن اس نے کچھ حلقوں میں بحث بھی کھڑی کر دی۔ روبی نے ۲۸؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو لاس اینجلس میں منعقد ہونے والے ریڈ کارپٹ ایونٹ میں ایک شاندار گاؤن کے ساتھ مشہور ’’تاج محل‘‘ ہار پہنا جو اس سے پہلے ایلزبتھ ٹیلر (ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ) کی ملکیت تھا، اور اس کی قیمت تقریباً ۸؍ ملین ڈالر (کم و بیش ۷۴؍ کروڑ روپے) ہے۔ اس دل نما ہار کی تاریخ مغلیہ سلطنت سے جوڑی جاتی ہے۔ اس کے درمیان میں فارسی زبان میں کندہ ہے: ’’محبت لازاول ہے‘‘ اور ’’نورجہاں۔‘‘
’’تاج محل‘‘ ہار
یہ ہار ملکہ نورجہاں کو ان کے شوہر مغل بادشاہ جہانگیر (شہزادہ سلیم) نے ۱۷؍ ویں صدی میں تحفے میں دیا تھا۔ بادشاہ کا ماننا تھا کہ ملکہ محض شریک حیات نہیں بلکہ ایک ثقافتی قوت تھی جنہوں نے مغلیہ سلطنت میں فن تعمیر، فیشن اور درباری ذوق کو تشکیل دیا۔ اس کے بعد یہ ہیرا ان کے بیٹے مغل شہنشاہ شاہجہاں کو دیا گیا جنہوں نے اسے ۱۶۲۷ء میں ملکہ ممتاز محل کو تحفے میں دیا۔ جب شاہجہاں نے ممتاز محل کیلئے تاج محل تعمیر کروایا تو اس ہیرے کا نام بھی ’’تاج محل‘‘ پڑ گیا، کیونکہ اسے بھی محبت کی علامت قرار دیا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: عالیہ بھٹ نے اپنی نئی پرائم ویڈیو فلم’’ڈونٹ بی شائی‘‘ کا اعلان کی

یہ ہار برطانیہ کیسے پہنچا؟
تاریخی ریکارڈ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ ہیرا برطانوی افواج نے ۱۸۳۵ء میں مغلیہ سلطنت کے خاتمے کے دوران دہلی کے لال قلعے سے لوٹ لیا تھا، جسے لندن میں نیلام کیا گیا۔ نیلامی سے قبل اسے سونے کی چین اور فریم میں جڑا گیا تھا۔ ۱۹۷۲ء میں اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر کو ان کے شوہر رچرڈ برٹن نے یہ ہار تحفے میں دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں : پریہ درشن، بھوت پولیس۲‘ کی ہدایتکاری کریں گے
مارگو روبی کا بیان
مارگو روبی نے اپنے اس انتخاب کے بارے میں کہا کہ ہار کی رومانی تاریخ اور جذباتی پہلو نے انہیں متاثر کیا، کیونکہ وہ فلم کی محبت اور ڈرامائی تھیم کو ظاہر کرنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے اپنے لباس اور زیورات کے مجموعۂ انتخاب کو ’’اولڈ ہالی ووڈ گلیمر‘‘ اور رومانس کی عکاسی قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل
تاہم، کچھ صارفین نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا کہ اس قدر قیمتی جواہر پہننا خاص طور پر جو ہندوستانی تاریخی روابط سے جڑا ہوا ہے حساسیت اور ثقافتی معنی کے حوالے سے مباحثے کا سبب بن رہا ہے۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ انتخاب بہت زیادہ ’اوور دی ٹاپ‘ ہے اور ثقافتی ورثے کو فیشن بیانیہ کے طور پر استعمال کرنا مناسب نہیں ہے، جبکہ دیگر شائقین نے اسے فیشن اور تاریخی رومانس کا حسین امتزاج قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: رانی مکھرجی نے بالی ووڈ میں کامیابی کا سہرا سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے سر باندھا
رومانس اور کلاسیک
یہ واقعات خاص طور پر دلچسپی کا موضوع اس لئے بھی بنے ہیں کیونکہ ’’وودرِنگ ہائٹس‘‘ خود ایک کلاسیکی ادبی داستان ہے جس میں محبت، جذبات اور انتقام کے پیچیدہ رشتے بیاں کیے گئے ہیں۔ روبی کی فیشن انتخاب نے فلم کے دھندلے، رومانی اور تاریخی موضوعات کو فروغ دینے میں مدد کی، لیکن ساتھ ہی ثقافتی حساسیت اور تاریخی ورثے کی قدر کے بارے میں سوالات بھی اٹھائے۔
یہ فلم ایمیلی برونٹے کے ناول ’’وودرِنگ ہائٹس‘‘ پر مبنی ہے جو ۱۳؍ فروری ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ اس میں مارگو روبی اور جیکب ایلورڈی نے مرکزی کردار نبھائے ہیں۔