• Tue, 16 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مظہر خان کی ذاتی زندگی اتار چڑھاؤ سے بھری ہوئی تھی

Updated: September 16, 2025, 2:14 PM IST | Agency | Mumbai

مظہرخان بالی ووڈ میں کامیاب نہیں ہوسکے لیکن ان کی شادیاں ہمیشہ زیر بحث رہیں۔ بالی ووڈ میں  اپنی کامیابی کی کہانی لکھنے والی زینت امان نے مظہر خان سے شادی کی تھی۔

Mazhar Khan has been in the news for his marriages. Photo: INN
مظہر خان اپنی شادیوں کی وجہ سےخبروںمیں رہے۔ تصویر: آئی این این

مظہرخان بالی ووڈ میں کامیاب نہیں ہوسکے لیکن ان کی شادیاں ہمیشہ زیر بحث رہیں۔ بالی ووڈ میں  اپنی کامیابی کی کہانی لکھنے والی زینت امان نے مظہر خان سے شادی کی تھی۔ایک خوش وخرم  خاندان کا خواب دیکھنے والی زینت امان نے اپنے کریئر کے عروج کے دور میں مظہر خان سے شادی کی تھی۔ یہ زینت کی مظہر سے دوسری شادی تھی جبکہ زینت مظہر کی تیسری بیوی تھیں۔ زینت کی طرح مظہر بھی فلم انڈسٹری کا حصہ تھےلیکن وہ بالی ووڈ کے وہ اداکار تھے جن کے پاس آفرز تو بہت تھے لیکن ایک بھی ہٹ فلم ان کے حصے میں نہیں آئی تھی۔
 مظہر خان نے اپنے کریئر کا آغاز ۱۹۷۹ء میں فلم’سمپرک‘ سے کیا۔ اس کے بعد انہوں نے رمیش سپی کی فلم `’شان‘ میں کام کیا۔ فلم میں ایک گانا `’نام عبداللہ ہے میرا‘ تھا جو خان ​​پر فلمایا گیا تھا۔ گانا مشہور ہونے کے ساتھ ہی مظہر بھی مشہور ہو گئے۔ اس کے بعد انہوں نے کئی اور فلموں میں بطور ولن کام کیا اور کچھ میں سائیڈ ایکٹر کا کردار بھی نبھایا لیکن بہت کام کرنے کے باوجود انہیں کبھی ’ہٹ ایکٹر‘ نہیں مانا گیا۔ ۱۹۸۴ء میں مظہر نے مادھوری دکشٹ کے ساتھ  ’بامبے میری جان‘ نام کا ایک شو بھی کیا لیکن بہتر اسٹار کاسٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس سیریل کو مسترد کردیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے رمیش سپی کے شو’ `بنیاد‘ میں کام کیا جس میں ان کا کام لوگوں کی نظروں میں آیا۔
ٹیلی ویژن کرتے ہوئے مظہر فلموں پر بھی نظر رکھتے تھے۔ وہ چھوٹے پردے پر ملنے والی شہرت کو بڑے پردے پر لے جانا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ۱۹۹۲ء تک انہوں نے کچھ اور فلموں میں کام کیا لیکن انہیں وہ پہچان نہیں ملی جو وہ چاہتے تھے۔
 مظہر اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بھی اتنی ہی جدوجہد کر رہے تھے جتنی وہ اپنی ذاتی زندگی میں کر رہے تھے۔ ان کی ذاتی زندگی  ناکامیوں سے بھری ہوئی تھی۔ مظہر نے۳؍ شادیاں کیں اور کچھ عرصے بعد تینوں ٹوٹ گئیں۔ ان کی پہلی بیوی ماڈل نندنی سین تھیں جس نے بعد میں کرن کھیر کے پہلے شوہر گوتم بیری سے شادی کی۔ نندنی کے بعد مظہر نے دلیپ کمار کی بھانجی روبینہ ممتاز خان سے شادی کی۔ ابتدائی کچھ سال سب کچھ اچھا تھا لیکن بعد میں ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس کی وجہ سے یہ رشتہ بھی ٹوٹ گیا۔۱۹۸۵ء میں مظہر نے زینت امان سے تیسری شادی کی۔ یہ شادی تقریباً ۱۲؍سال چلی لیکن یہ اتار چڑھاؤ سے بھری ہوئی تھی۔
جہاں ایک طرف زینت ایک ٹاپ اداکارہ تھی، وہیں دوسری طرف مظہر کو چھوٹے چھوٹے کردار ملتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ زینت کی والدہ اس شادی کیخلاف تھیں لیکن اداکارہ نے اپنے کریئر کے عروج پر ہوتے ہوئے اتنا بڑا خطرہ مول لیا اور مظہر کو اپنا شریک بنا لیا۔مانا جاتا ہے کہ یہاں تک سب کچھ ٹھیک تھا لیکن حالات اس وقت بگڑ گئے جب مظہر کو زینت کے برابر کامیابی نہیں مل رہی تھی۔ اسی دوران وہ نشے کے عادی ہو گئے تھے۔ بعد میں معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ زینت نے مظہر پر مارپیٹ کا الزام لگایا اور طلاق کا دعویٰ بھی کر دیا۔  نشے کی عادت کے سبب مظہر کے گردے فیل ہو گئے تھے جس کے نتیجے میں وہ ۱۶؍ ستمبر ۱۹۹۸ء کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK