• Sat, 05 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مرزا پور: دی مووی: پہلے دن زبردست کلیکشن، ۳۰؍ کروڑ روپے کی کمائی

Updated: September 05, 2026, 5:13 PM IST | Mumbai

پنکج ترپاٹھی، علی فضل اور دویندو کی مقبول ویب سیریز ’’مرزا پور‘‘ پر مبنی فلم ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز باکس آفس پر دھماکے دار آغاز کرتے ہوئے ۲۴؍ کروڑ ۷۵؍ لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کرلیا۔ فلم کی شاندار اوپننگ نے اسے بغیر کسی بڑے اسٹار کے بالی ووڈ کی بڑی اوپننگ حاصل کرنے والی فلموں میں شامل کردیا ہے، جبکہ شائقین کی جانب سے بھی فلم کو زبردست ردعمل مل رہا ہے۔

Mirzapur: The Movie. Photo: INN
مرزاپور: دی مووی۔ تصویر: آئی این این

پنکج ترپاٹھی، علی فضل اور دویندو کی اداکاری سے سجی کامیاب ویب سیریز ’’مرزا پور‘‘ کی فلمی تشکیل ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ نے باکس آفس پر شاندار آغاز کیا ہے۔ انڈسٹری ٹریکر سانکنک (Sacnilk) کے مطابق فلم نے ہندوستان میں پہلے روز ۲۴؍ کروڑ ۷۵؍ لاکھ روپے کا نیٹ بزنس کیا، یوں یہ بالی ووڈ کی ان فلموں میں شامل ہوگئی ہے جنہوں نے کسی بڑے اسٹار کی موجودگی کے بغیر سب سے بڑی اوپننگ حاصل کی۔  پہلے روز گینگسٹر تھرلر ڈراما ملک بھر میں ۱۱؍ ہزار ۱۳۵؍ شوز میں دکھایا گیا، جس سے فلم کی مجموعی گراس کمائی ۲۹؍ کروڑ ۷۰؍ لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ اگرچہ فلمی تجارت کے متعدد ماہرین نے فلم ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ کیلئے ۱۸؍ سے ۲۰؍ کروڑ روپے کی اوپننگ کی پیش گوئی کی تھی، تاہم فلم نے توقعات سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فلم کو شائقین اور ناقدین کی جانب سے بھی مثبت ردعمل ملا ہے، خاص طور پر اداکاروں کی زبردست پرفارمنس اور فلم کی عوامی مقبولیت کو سراہا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ودھو ونود چوپڑہ نے مختلف زمروں کی فلمیں بنائیں

 جمعہ کو سنیما گھروں میں فلم دیکھنے کیلئے ناظرین کی بھیڑ صبح سے رات تک مسلسل بڑھتی رہی۔ تھیٹر میں نشستوں کی گنجائش کے مطابق فلم کی مجموعی آکوپینسی ۸۱ء۴۲؍ فیصد رہی، جبکہ صبح کے شوز میں آکوپینسی ۸۵ء۲۵؍ فیصد، دوپہر کے شوز میں ۱۵ء۴۱؍ فیصد، شام کے شوز میں ۸۵ء۴۱؍ فیصد اور رات کے شوز میں ۳۸ء۶۲؍ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ دہلی این سی آر میں ایک ہزار ۲۴۹؍ شوز کے دوران سنیما گھروں کی آکوپینسی ۳ء۵۴؍ فیصد رہی، جبکہ ممبئی میں ۸۱۸؍ شوز کے دوران یہ شرح ۸ء۳۰؍ فیصد تھی۔ فلم کے تیلگو زبان کے ورژن کی مجموعی تھیٹر آکوپینسی ۰۵ء۲۴؍ فیصد رہی۔

 تقریباً ۲۵؍ کروڑ روپے کی اوپننگ کے ساتھ فلم ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ نے حالیہ سرپرائز ہٹس میں شامل آہان پانڈے اور انیت پڈا کی فلم ’’سیارہ‘‘، جس نے پہلے روز ۲۲؍ کروڑ روپے کمائے تھے، اور عمران ہاشمی کی فلم ’آوارہ پن ۲‘‘، جس کی اوپننگ ۲۱؍ کروڑ ۵؍ لاکھ روپپے رہی، کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فلم کو اس وقت سنیما گھروں میں موجود دیگر فلموں، جن میں نیم کروولی بابا پر مبنی وشال چترویدی کی فلم ’’ہنومان انش‘‘ اور یش کی فلم ’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس‘‘ شامل ہیں، کی جانب سے بھی سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ارچنا پورن سنگھ کے بیٹے آریہمن سیٹھی نے زندگی کے مشکل تجربات کا انکشاف کیا

’’مرزا پور: دی مووی‘‘ کے بارے میں

 گرمیت سنگھ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ میں روی کشن، جتندر کمار، رسیکا دوگل، شیبا چڈھا، ابھیشیک بنرجی، شریا پلگاؤںکر، شویتا ترپاٹھی، ہرشیتا گور، سونل چوہان، راجیش تیلنگ، سشانت سنگھ، موہت ملک اور کلبھوشن کھربندا بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ فلم ۴؍ ستمبر کو ہندی زبان اور تیلگو ڈب ورژن کے ساتھ سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ فلم ’’مرزا پور: دی مووی‘‘ کو امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز اور ایکسل اینٹرٹینمنٹ نے پیش کیا ہے، جبکہ اسے رتیش سدھوانی اور فرحان اختر نے ایکسل اینٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔  دوسری جانب امیزون پرائم ویڈیو پر نشر ہونے والی ’’مرزا پور‘‘ ویب سیریز زبردست کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ کرائم ڈراما سیریز کے اب تک تین سیزن ریلیز ہوچکے ہیں جبکہ چوتھے سیزن پر کام جاری ہے۔ یہ سیریز ہندوستان کی مقبول ترین اسٹریمنگ سیریز میں شمار ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK