• Wed, 11 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رفیع صاحب کے گھر پر بنےمیوزیم میں روزانہ متعدد مداح خراج عقیدت پیش کرنے آتے ہیں

Updated: July 31, 2024, 1:08 PM IST | Saadat Khan | Bandra

میوزیم میں موسیقی کےوہ آلات موجود ہیں جن کی مدد سے رفیع صاحب ریاض کیا کرتے تھے، ٹرافیاں اور ایوارڈس کا وسیع ذخیرہ موجود ہے ، جس میز اورکرسی پر وہ بیٹھا کرتے تھے ، وہ بھی میوزیم میں سلیقے سے رکھی گئی ہے۔

Mohammad Rafi`s admirers visit the museum built at his residence every day to pay their respects. Photo: INN
محمد رفیع کی رہائش گاہ پر بنائے گئے میوزیم میں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے مداح روزانہ حاضری دیتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ہندی فلموں میں اپنی آواز کا جادو بکھرنے والے معروف گلوکار محمد رفیع کے وصال کو ۴۴؍ سال گزر گئے ہیں۔ اس کے باوجود ان کے مداحوں کی کمی نہیں ہے۔ ایک طویل عرصہ کے گزر جانے کے باوجود ان کے چاہنے والے بڑی پابندی سے ہر سال ۳۱؍ جولائی کو نئے جوش و جذبہ سے انہیں یاد کر کے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان سے منسوب یادگاروں پر حاضری دیتے ہیں۔ ان ہی یاد گاروں میں ان کا وہ میوزیم بھی ہے، جو ان کے باندرہ کے گھر پر بنایا گیا ہے۔ حالانکہ یہ میوزیم رفیع صاحب کی حیات میں ہی بنایا گیا تھا لیکن وقت کے ساتھ اس  میوزیم میں تبدیلی کر کے اسے مزید دلکش اور جاذب نظر بنانے کی کوشش اب بھی جاری ہے۔
رفیع صاحب کی رہائش گاہ، رفیع مینشن، نزد گرونانک گارڈن، ۲۸؍ واں روڈ، باندرہ (مغرب) میں ہے۔ رفیع صاحب، جب حیات تھے، اس وقت اس عمارت کا نام رفیع وِلا تھا۔ ری ڈیولپ ہونے کے بعد اس کا نام رفیع مینشن رکھا گیا ہے جہاں آج بھی رفیع صاحب کا خاندان رہائش پزیر ہے۔

یہ بھی پڑھئے:یہ سال رفیع صاحب کی ولادت کے صدسالہ جشن کا سال ہے

یہیں پر رفیع صاحب کی زندگی میں میوزیم قائم کیا گیا تھا جو گزشتہ ۶۵؍ سال سے ان کے مداحوں کیلئے کھلا ہے۔    میوزیم میں موسیقی کےوہ آلات موجود ہیں، جن کی مدد سے رفیع صاحب ریاض کیا کرتے  تھے۔ ان کے گائے گانوں کے ریکارڈ کے علاوہ انہیں ملنے والی ٹرافیاں اور ایوارڈس کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ پدم شری اور قومی ایوارڈ بھی میوزیم کی زینت میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جس میز اور کرسی پر وہ بیٹھا کرتے تھے، وہ بھی میوزیم میں سلیقے سے بحفاظت رکھی ہے۔ اسی طرح رفیع صاحب کی زندگی سے وابستہ کئی یادیں میوزیم کی اہمیت کو بڑھاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:۴۴؍ ویں برسی: ناقابل فراموش آواز اور دل فریب انداز کے مالک محمد رفیع

محمد رفیع کے داماد پرویز احمد نے اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’یہ میوزیم تو رفیع صاحب کی زندگی میں ہی قائم کیا گیا تھا لیکن وقت کے ساتھ اس کی دلکشی بڑھانے کیلئے تبدیلیاں کی جاتی رہی ہیں۔ اس میوزیم سے رفیع صاحب کی زندگی کا بہت گہرا رشتہ ہے۔ ان کی یادیں اس سے منسوب ہیں۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’رفیع صاحب کے مداح ہندوستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ان کے متعدد مداح روزانہ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے میوزیم کا دورہ کرتے ہیں، لیکن ان کی یومِ پیدائش ۲۴؍ دسمبر اور ان کی یومِ وفات ۳۱؍ جولائی کو بڑی تعداد میں ان کے چاہنے والے آتےہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK