Updated: November 23, 2025, 4:00 PM IST
| Mumbai
ہندوستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں اور ۲۶؍ نومبر کی ۱۷؍ ویں برسی کے موقع پر ممبئی میں ’گلوبل پیس آنرز ایوارڈ ۲۰۲۵ء‘ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شاہ رخ خان، مکیش امبانی اور نیتا امبانی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور امن، اتحاد اور انسانیت کا پیغام دیا گیا۔
شاہ رخ خان۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان نے اس سال قومی سلامتی کے لحاظ سے ایک مشکل اور ہنگامہ خیز دور کا سامنا کیا ہے۔ اپریل میں پہلگام کے المناک دہشت گرد حملے کے بعد اس ماہ کے آغاز میں لال قلعہ کے قریب ہونے والا دھماکہ بھی پورے دہلی کو لرزا گیا۔ ان دونوں واقعات میں ۳۰؍ سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ اس برس ۲۶؍ نومبر کو ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کو بھی ۱۷؍ سال مکمل ہوں گے، اور ان تمام سانحات کے تناظر میں کئی معروف شخصیات شہداء اور بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور امن کے پیغام کو مضبوط کرنے کیلئے یکجا ہوئیں۔ ممبئی میں منعقد ہونے والے ’’گلوبل پیس آنرز ایوارڈ ۲۰۲۵ء‘‘ میں شاہ رخ خان، مکیش امبانی، نیتا مکیش امبانی اور اننت امبانی سمیت متعدد نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ اس تقریب کا مقصد امن کی اہمیت اجاگر کرنا اور ملک کے فوجیوں اور سیکوریٹی اہلکاروں کے حوصلے بلند کرنا تھا۔ یہ پروگرام مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی اہلیہ امرتا نے دیواج فاؤنڈیشن کے تعاون سے گیٹ وے آف انڈیا پر منعقد کیا۔
یہ بھی پڑھئے: کریتی سینن نے دہلی کی زہریلی ہوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقدامات کی ضرورت
تقریب میں ۲۶؍ نومبر کے شہدا اور پہلگام حملے کے متاثرین کی قربانیوں کو خراج پیش کیا گیا۔ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے اپنی تقریر میں دہلی میں رواں ماہ ہونے والے بم دھماکے کا بھی ذکر کیا۔ نیتا مکیش امبانی اور وزیر اعلیٰ فرنویس نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ شاہ رخ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ۲۶؍ نومبرکے حملے، پہلگام دہشت گرد حملے اور دہلی کے حالیہ دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے بے گناہ شہریوں اور بہادر سیکوریٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے جذباتی انداز میں کہا کہ ’’جب کوئی آپ سے پوچھے کہ آپ کیا کرتے ہیں، تو فخر سے کہیں: میں ملک کی حفاظت کرتا ہوں۔ اگر کوئی پوچھے کہ آپ کتنا کماتے ہیں، تو مسکرائیں اور کہیں: میں ۴ء۱؍ بلین لوگوں کی دعائیں کماتا ہوں۔اور اگر کوئی پوچھے کہ کیا آپ ڈرتے نہیں؟ تو ان کی آنکھوں میں دیکھ کر کہیں: خوف وہ محسوس کرتے ہیں جو ہم پر حملہ کرتے ہیں۔‘‘ شاہ رخ خان نے معاشرے میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کو فروغ دینے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہیروز کی قربانیاں اسی وقت معنی رکھتی ہیں جب معاشرہ نفرت، تقسیم اور امتیاز سے دور ہو۔
یہ بھی پڑھئے:عالیہ، دپیکا اور کنگنا کو اچھی تنخواہ ملنی چاہیے ، وہ سپر اسٹار ہیں
نیتا مکیش امبانی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ اور سیکوریٹی فورسیز کیلئے عزت و احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہادر سپاہیوں اور پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں خود کو انتہائی عاجز محسوس کرتی ہیں اور ہندوستان کے تحفظ کیلئے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ سلام پیش کرتی رہیں گی۔ تقریب میں بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے بھی شرکت کی اور ویمنز ورلڈ کپ چیمپیئنز کے ساتھ اسٹیج پر آئے، جہاں خواتین کے بااختیار بنانے اور مساوی مواقع کے پیغام کو فروغ دیا گیا۔