• Thu, 29 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور: فیکٹریوں پر ایف ڈی اے کے چھاپے جاری

Updated: October 29, 2026, 11:10 AM IST | Ali Imran | Nagpur

محکمہ نے مجموعی طور پر تقریباً۴ء۲۱۹؍کلو مرچ پاؤڈر ضبط کیا جس کی مالیت ۷۷؍لاکھ روپے بتائی گئی، یہ کارروائی تہواروں کے موقع پرخصوصی اقدامات کا حصہ ہے۔

The FDA has intensified its crackdown on substandard products during the festive season. Photo: INN
تہواروں کے موسم میں ایف ڈی اے نےغیر معیاری مصنوعات کیخلاف کارروائی تیز کردی ہے۔ تصویر: آئی این این

تہواروں کے موسم میں غذائی اشیا میں ممکنہ ملاوٹ کی روک تھام اور فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ناگپور ضلع میں مسالاجات تیار کرنے اور فروخت کرنے والے تاجروں کے خلاف خصوصی مہم چلائی ہے۔ اس کارروائی کے دوران محکمہ نے مجموعی طور پر تقریباً ۲۱۹ ؍کلو مرچ پاؤڈر ضبط کیا جس کی مالیت ۷۷؍لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

ایف ڈی اے کی ٹیموں نے کلمنا، اتواری، واڑی اور ضلع کے دیہی علاقوں میں واقع مختلف کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران کھلے مرچ پاؤڈر کے علاوہ فروخت کے لیے تیار پیک شدہ مصنوعات کا ذخیرہ بھی ضبط کیا گیا۔ ابتدائی جانچ کے دوران مصنوعات کے معیار اور متعلقہ کاروباری اداروں میں اپنائے جانے والے طریقۂ کار پر شبہات سامنے آنے کے بعد حکام نے ضبط شدہ سامان کو سیل کردیا۔

معائنہ کے دوران مختلف مسالاجات کے نمونے جمع کیے گئے ہیں جنہیں جانچ کے لیے لیبارٹری روانہ کردیا گیا ہے۔ ایف ڈی اے حکام کو اب ان رپورٹس کا انتظار ہے جن کی مدد سے یہ معلوم کیا جاسکے گا کہ ضبط شدہ مصنوعات میں کسی قسم کی ملاوٹ، مضر صحت مادے یا فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیارات کی خلاف ورزی کرنے والے اجزاء تو موجود نہیں ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال مصنوعات میں ملاوٹ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دو ایکا دو...... اس بچے کو ۲۰۰۰؍ تک کا پہاڑہ یاد ہے

لیباریٹری کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس معاملے میں حتمی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا۔ ایف ڈی اے نے فی الحال ان کمپنیوں، ان کے ڈائریکٹروں یا برانڈز کے نام ظاہر نہیں کیے ہیں، جن کی مصنوعات ضبط کی گئی ہیں۔ محکمہ کے حکام کے مطابق، لیبارٹری رپورٹس موصول ہونے اور نتائج کا متعلقہ قوانین کے تحت جائزہ لیے جانے تک ان اداروں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔

تہواروں کے موسم میں غذائی اشیا کے معیار کو برقرار رکھنے اور صارفین کو محفوظ مصنوعات فراہم کرنے کے مقصد سے کی گئی اس کارروائی کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔ اب سب کی نظریں لیبارٹری رپورٹس پر لگی ہیں، جن سے ضبط شدہ مرچ پاؤڈر اور دیگر مسالاجات کے معیار سے متعلق صورتِ حال واضح ہوگی۔

واضح رہےکہ حال ہی میںناگپور میں کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے نے ۴۰؍ ٹن سپاری بھی ضبط کی  ہےجبکہ گزشتہ دنوں دودھ اورپنیر کے کاروباریوں پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ نے ۴۶؍ لاکھ روپے کی مالیت کے ۲۳؍ ہزارکلوکے پنیراورڈیری مصنوعات ضبط کی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK