کانگریس لیڈر نانا پٹولے کی مودی حکومت پر تنقید، کہا ’’ حکومت نے ملک کو ۲؍ لوگوں کے ہاتھوں بیچ ڈالا ہے اور معیشت کو برباد کر دیا ہے۔‘‘
EPAPER
Updated: June 07, 2026, 9:59 AM IST | Ali Imran | Nagpur
کانگریس لیڈر نانا پٹولے کی مودی حکومت پر تنقید، کہا ’’ حکومت نے ملک کو ۲؍ لوگوں کے ہاتھوں بیچ ڈالا ہے اور معیشت کو برباد کر دیا ہے۔‘‘
ملک کے موجودہ حالات پر کانگریس لیڈر نانا پٹولے نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور بی جے پی حکومت جن لوگوں سے ڈرتی ہے اُن کے خلاف کارروائی شروع کردیتیہے۔ انہیں مختلف طریقوں سے ڈریا جاتا اور گھروں میں نظر بند رکھا جاتا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ’’ اب ایک اور نئی کاکروچ جنتا پارٹی حکومت کے لئے ڈر بن گئی ہے۔‘‘
نانا پٹولے سنیچر کو ناگپور میں میڈیا سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک بیچ دیا ہے، ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر برباد کردیا ہے۔ جب سے مودی حکومت آئی ہے تب سے روپے کی قدر میں کمی آئی ہے۔ بی جے پی حکومت نے ملک کو امریکہ سمیت دو لوگوں کو بیچ دیا ہے۔‘‘ پٹولے نے کہا’’ حکومت نے بہار اور مغربی بنگال میں لوگوں کو ووٹ کے حق سے دور رکھنے کا کام کیا۔ ایس آئی آر میں ایک مخصوص سماج کے ناموں کو خارج کرنا غلط ہے۔ اگر کسی ایسے شخص کا نام جو وہاں نہیں رہتا یا فوت ہو چکا ہے اس کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیا جائے تو کوئی حرج نہیں لیکن جان بوجھ کر کسی ایک خاص سماج کے لوگوں کے نام ہٹانا درست نہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: امیدواروں کے نام واپس لینے پر آپسی نوک جھونک
نانا پٹولے نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد اس نے اپوزیشن جماعتوں کو ختم کرنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ انہوں نے ان جماعتوں کو بھی ختم کر دیا ہے جو ان کے ساتھ تھیں۔ یہ جمہوریت کیلئے خطرناک ہے۔ عوامی رائے کا احترام کرنا حکومت کا کام ہے۔ لیکن حکومت نے مہاراشٹر میں شیو سینا کو بھی دو حصوں میں تقسیم کر دیا، این سی پی کو تقسیم کر دیا اور اب ممتا بنرجی کی پارٹی کو بھی دو حصوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مغربی بنگال میں ان کی پارٹی کو ختم کرنے کا کام جاری ہے۔ بی جے پی جمہوریت مخالف ہے۔ عوام کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ’’ سنجے رائوت نے مختلف امیدواروںکے قانون ساز کونسل کے انتخابات سے دستبردار ہونے کی وجہ بتائی ہے۔ یہ حکومت کرپٹ حکومت ہے۔ اگر بی جے پی نے قانون ساز کونسل کے انتخابات میں خریدوفروخت کی ہے تو یہ غلط ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ بی جے پی ووٹروں کو خریدنے، انہیں دھمکانے اور گینگسٹر راج لانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ بی جے پی کو لگتا ہے کہ اُس نے بہت زیادہ طاقت حاصل کرلی ہے، جس کا اُسے بہت زیادہ غرور ہے۔ اسلئے بی جے پی مستقل طور پر اقتدار میں رہنے کیلئے مذہب و ذات پات کی سیاست کر رہی ہے۔
نانا پٹولے نے مہنگائی بے روزگاری اور پیپر لیک جیسے موضوعات پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کاکروچ جنتا پارٹی نوجوانوں میں پیدا ہو رہے غصے کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے جس سے حکومت کو ڈر لگ رہا ہے۔