• Sun, 11 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رانچی میں ویمنز ہاکی لیگ کے نئے چیمپئن کی تاج پوشی ہوگی

Updated: January 09, 2026, 7:13 PM IST | Ranchi

دو ہفتوں تک جاری زبردست ہاکی ایکشن کے بعد ویمنز ہاکی انڈیا لیگ ۲۶۔۲۰۲۵ء کے فائنل میں ہفتہ کو ایک نئے چیمپئن کی تاج پوشی کی جائے گی۔ کل یہاں مارانگ گومکے جے پال سنگھ ایسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں ایس جی پائپرز اور شراچی بنگال ٹائیگرز خطاب کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

Hockey Match.Photo:INN
ہاکی میچ۔ تصویر:آئی این این

دو ہفتوں تک جاری زبردست ہاکی ایکشن کے بعد ویمنز ہاکی انڈیا لیگ ۲۶۔۲۰۲۵ء کے فائنل میں ہفتہ کو ایک نئے چیمپئن کی تاج پوشی کی جائے گی۔ کل یہاں مارانگ گومکے جے پال سنگھ ایسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں ایس جی پائپرز اور شراچی بنگال ٹائیگرز خطاب کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ لیگ کی فاتح ٹیم کو  ڈیڑھ کروڑ روپے جبکہ رنر اپ کو ایک کروڑ روپے انعام میں دیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی رانچی رائلز کو ۵۰؍ لاکھ روپے ملیں گے۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو ۲۰؍ لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ بہترین گول کیپر، ابھرتے ہوئے کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر جیسے انفرادی اعزازات کے لیے ہر ایک کو پانچ پانچ لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔ فیئر پلے ٹرافی اس ٹیم کو دی جائے گی جس نے پورے سیزن میں کھیل کی روح کو سب سے بہتر انداز میں برقرار رکھا ہو۔
فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کا کھیلنے کا انداز کافی حد تک یکساں رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ مقابلہ نہایت سخت اور سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے۔ ایس جی پائپرز نے لیگ اسٹیج میں ۱۱؍پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ شراچی بنگال ٹائیگرز ۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور رانچی رائلز ۹؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
لیگ اسٹیج میں رانچی رائلز ۱۳؍ گول کے ساتھ سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم رہیں۔ ان کی کپتان نونیت کور نے اب تک ٹورنامنٹ میں چار گول کر کے ٹیم کی قیادت کی ہے۔ لولا ریرا (۳؍گول) اور سنیلتا ٹوپو (۲؍گول) نے بھی اہم کردار ادا کیا، جبکہ جیوتی سنگھ اور ماریا ٹریسا ویانچے نے بھی گول اسکور کیے۔ وہیں ایس جی پائپرز۱۱؍ گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کی دوسری سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیم ہیں۔ پائپرز کا دفاعی ریکارڈ بھی بہترین رہا ہے، انہوں نے گروپ اسٹیج میں صرف ۹؍گول کھائے ہیں۔
شراچی بنگال ٹائیگرز نے اب تک ٹورنامنٹ میں صرف سات گول کیے ہیں، جن میں سے پانچ پینالٹی  کارنر اسپیشلسٹ آگسٹینا گورزیلانی نے کیے ہیں، جبکہ لالریمسیا می نے بھی چند گول اسکور کیے ہیں۔ ٹاپ دو ٹیمیں لیگ اسٹیج میں دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور دونوں بار شراچی بنگال ٹائیگرز نے پینلٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کی۔ پہلے میچ میں ۳۔۳؍ کے ڈرا کے بعد ٹائیگرز نے شوٹ آؤٹ میں  ۳۔۴؍سے فتح حاصل کی، جبکہ دوسرے میچ میں بغیر گول کے ڈرا کے بعد انہوں نے شوٹ آؤٹ میں۶۔۷؍ سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم لیگ اسٹیج میں ۱۱؍گول کھانے کے بعد ٹیم اپنی دفاعی کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کرے گی۔ وندنا کٹاریا کی قیادت میں ٹیم کے پاس بڑے مقابلے کے لیے بھرپور تجربہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ماسٹر شیف انڈیا نے مقابلہ کےمعذور شرکاکو خراجِ تحسین پیش کیا، مضبوط حوصلے کی تعریف کی

ایس جی پائپرز کی کپتان نونیت کور نے کہا کہ ’’یہ ہمارے لیے ایک شاندار مہم رہی ہے اور فائنل تک پہنچنا ہر کھلاڑی کی محنت کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ سیزن میں ٹیبل میں سب سے نیچے رہنے سے لے کر اس سال سب سے اوپر پہنچنا ہمارے لیے بہت خاص ہے۔ ہم نے کھل کر ہاکی کھیلی اور اب ہمارا ہدف اسے شاندار انداز میں اختتام تک پہنچانا ہے۔ ٹیم پراعتماد ہے اور ٹرافی گھر لانے کے لیے بے تاب ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:بنگلہ دیش کرکٹ کھلاڑیوں کو بڑا نقصان، ہندوستانی کمپنی اپنی اسپانسر شپ واپس لی

شراچی بنگال ٹائیگرز کی کپتان وندنا کٹاریا نے کہا، ’’شروع سے ہی ہمارے کوچ کا پیغام بالکل واضح تھا کہ وہ چاہتے ہیں ہم خطاب کے لیے لڑیں۔ انہوں نے پچھلے سیزن میں مردوں کی لیگ میں بھی یہ کارنامہ انجام دیا تھا اور ہمارا ہدف بھی یہی رہا ہے۔ اسی سوچ کے ساتھ ہم نے پورا سیزن کھیلا ہے۔ ہر میچ کے ساتھ ہم بہتر ہوتے گئے ہیں۔ ایک ٹیم کے طور پر میٹنگز کے ذریعے ہم نے ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھا اور مضبوط رشتہ قائم کیا۔ اب ہماری پوری توجہ چیمپئن بننے پر مرکوز ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK