• Wed, 17 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تقرری نامہ دیتے وقت خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے پرنتیش کیخلاف برہمی، استعفیٰ کی مانگ

Updated: December 16, 2025, 1:26 PM IST | Asfar Faridi | Patna

کانگریس نے ’’گھٹیا حرکت‘‘کو ناقابل معافی قرار دیا، آر جے ڈی نے سوال کیا کہ ’’ذہنی حالت قابل رحم ہوگئی یا وہ پوری طرح سنگھی ہوگئے ؟‘‘

Nitish Kumar`s move is being heavily criticized. Picture: INN
نتیش کمار کی حرکت پر سخت تنقیدیں ہورہی ہیں۔ تصویر: آئی این این
یہاں سرکاری پروگرام میں آیوش محکمہ کے تحت ایک خاتون ڈاکٹر کو تقرری نامہ سونپتے وقت   اس کا حجاب کھینچ کر ہٹانے کی کوشش کی وجہ سے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف شدید برہمی پھیل گئی ہے۔ کانگریس نے  ان سے فوری استعفیٰ  کی مانگ کی ہے جبکہ آر جے ڈی نے سوال کیا ہے کہ ان کی ذہنی  حالت واقعی اتنی قابل رحم ہوگئی ہے یا پھر وہ پوری طرح سنگھی بن چکے ہیں؟ اس بیچ مسلمانوں میں نتیش کمار کے خلاف شدید غم وغصہ محسوس کیا جارہاہے۔  اس کے ساتھ ہی ان کی ذہنی صحت ایک بار پھر  موضوع بحث بن گئی ہے۔ 
 
 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Inquilab - انقلاب (@theinquilab.in)

 
درا صل وزیراعلیٰ نتیش کمارپیر کو  سکریٹریٹ میں آیوش ڈاکٹروں  میں تقرری نامہ تقسیم کررہے تھے۔ نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری ، محکمۂ صحت کے وزیر منگل پانڈے اور محکمۂ آبی وسائل کے وزیروجے کمار چودھری بھی اسٹیج پر تھے۔ اس دوران  جب نصرت پروین نام کی ڈاکٹر تقرری نامہ لینے پہنچی تو وزیراعلیٰ نے انہیں تقرری نامہ دینے کے بعد ان کے حجاب کی طرف اشارہ کرکے پوچھا کہ یہ کیا ہے؟  اس غیرمتوقع سوال کا جواب دیتے ہوئے نصرت پروین نے کہا کہ ’یہ حجاب ہے‘  مگر اس سے پہلے کہ وہ اپنا جواب مکمل کرتیں وزیراعلیٰ  نے    اسے کھینچ کر ہٹانے کی کوشش کی۔ نتیش کمار کو ان کی اس حرکت پر  پیچھے کھڑے سمراٹ چودھری نے فوراً روکنے کی کوشش کی مگر اس سے پہلے ہی وزیراعلیٰ نصرت پروین کا حجاب کھینچ چکے تھے۔ وزیراعلیٰ جس وقت حجاب کھینچ رہے تھے، اس وقت ان کے چہرہ پر مسکراہٹ تھی لیکن اسٹیج پر موجود افراد  ہنستے نظرآئے۔ نصرت پروین کیلئے یہ بہت ہی توہین آمیز تھا۔
نتیش کی اس حرکت پر آرجے ڈی اور کانگریس نے سخت ردعمل کا اظہا ر کیا ہے۔آرجے ڈی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئرکرتے ہوئے پوچھا ہے کہ ’’نتیش جی کو یہ کیا ہوگیا ہے؟ ذہنی حالت اب بہت ہی خراب حالت میں پہنچ گئی  ہےیا نتیش بابو صد فیصد سنگھی ہوچکے ہیں؟‘‘آرجے ڈی کے ریاستی ترجمان مرتونجے تیواری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی حرکت سےصاف ظاہر ہے کہ وہ اس حالت میں نہیں ہیں کہ وزیراعلیٰ کے عہدہ پر بنے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک مسلم خاتون کی نہیں بلکہ تمام خواتین کی توہین ہے۔  کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے: ’یہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار ہیں۔ ان کی بے شرمی دیکھیے، ایک خاتون ڈاکٹر جب اپنا تقرری نامہ لینے آئیں تو نتیش کمار نے ان کا حجاب کھینچ لیا۔ بہار کے سب سے بڑے عہدہ پر بیٹھا ہوا آدمی سرعام ایسی گھٹیا حرکت کررہا ہے۔ سوچئے، ریاست میں خواتین کتنی محفوظ ہوں گی؟نتیش کمار کو اس گھٹیا حرکت کیلئےفوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔ یہ گھٹیاپن معافی کے  لائق نہیں ہے۔ ‘  ‘
یاد رہے کہ پچھلے کئی برسوں سے نتیش کمار کی ایسی حرکتیں سامنے آ رہی ہیں، جن سے لوگوں کو ان کی ذہنی حالت پر سوال اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔ جو لوگ اس نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت میں نائب وزیراعلیٰ اور محکمۂ داخلہ کے وزیرہیں ، وہ نتیش کمار کو ’میموری لاس سی ایم‘ یعنی وہ وزیراعلیٰ جس نے اپنی یادد اشت کھو دی ہے، کہتے تھے۔ 
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے سے قبل ۴؍نومبر کوایک انتخابی جلسہ کے دوران استقبال کرنے آئی خاتو ن ہی کو مالا پہنا دی تھی۔ اس سے قبل اسی سال ۳۰؍مارچ کو مرکزی وزیرامیت شاہ کی موجودگی میں محکمۂ کوآپریٹیو کے ایک پروگرام میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ایسی حرکت کی تھی جس کی شدید تنقید کی گئی تھی۔ دراصل پروگرام کے دوران ایک خاتون وزیراعلیٰ نتیش کمار اور مرکزی وزیرکوآپریٹیو امت شاہ کے ہاتھوں سے توصیف نامہ لینے آئی تھی۔ انہیں توصیف نامہ دے دیا گیا، تبھی نتیش کمار نے اس خاتون کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ان کا چہرہ ناظرین کی طرف کرنے کی کوشش کی۔  ’انقلاب‘ کے اس نمائندہ متاثرہ ڈاکٹر کے گھروالوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ، لیکن بات نہیں ہوسکی۔ اس دوران ایک سے زائدماہرین نفسیات   نے گفتگو کے دوران بتایا کہ’ ’نارمل حالت والا کوئی بھی شخص ایسی حرکت نہیں کرے گا۔‘‘ ایک معالج نے بتایا کہ حکومت میں اعلیٰ عہدہ پر فائز ایک شخص کے ذریعے اس طرح کی حرکت غنڈے موالیوں کو ایسی حرکتوں کیلئے چھوٹ  کے مترادف  ہے۔‘‘ ا نہوں نے کہا کہ ’’ یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے۔ سوشل میڈیاپر بھی وزیراعلیٰ نتیش کمار کی اس حرکت کی سخت مذمت کی جارہی ہے ۔اس نمائندہ نے جے ڈی یو کے بھی کئی لیڈروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ، لیکن بات نہیں ہوسکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK