• Wed, 28 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناروے کے گلوکار ولیم گیمبورگ لاہور میں پاکستانی گانے گا کر سوشل میڈیا پر وائرل

Updated: October 28, 2026, 7:04 PM IST | Lahore

پاکستان کے شہر لاہور میں ناروے سے تعلق رکھنے والے گلوکار، نغمہ نگار اور رقاص ولیم گیمبورگ کی پاکستانی گانوں سے محبت نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ ان کی ایسی ویڈیوز تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں جن میں وہ مقامی بچوں کے ساتھ اردو اور پنجابی گانوں سے لطف اندوز ہوتے اور ان کی گائیکی پر خوشی کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

William Gamborg.Photo:X
ولیم گیمبورگ- تصویر:ایکس

پاکستان کے شہر لاہور میں ناروے سے تعلق رکھنے والے گلوکار، نغمہ نگار اور رقاص ولیم گیمبورگ (William Gamborg) کی پاکستانی گانوں سے محبت نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ ان کی ایسی ویڈیوز تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں جن میں وہ مقامی بچوں کے ساتھ اردو اور پنجابی گانوں سے لطف اندوز ہوتے اور ان کی گائیکی پر خوشی کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان ویڈیوز نے نہ صرف پاکستانی موسیقی کے شائقین بلکہ بیرونِ ملک صارفین کی بھی توجہ حاصل کی ہے۔ خاص طور پر لاہور کی سُر تال میوزک اکیڈمی کے بچوں کے ساتھ ان کی موسیقی کی محفل کو سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ 
 ولیم گیمبورگ کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ایک نمایاں ویڈیو پنجابی گانے ’الفاظ‘ (Alfaaz) سے متعلق ہے، جس میں سُر تال میوزک اکیڈمی کے بچے اپنی سریلی آوازوں میں گانا پیش کرتے ہیں، جبکہ ولیم ان کی گائیکی سے محظوظ ہوتے، تالیاں بجاتے اور موسیقی کی لے پر جھومتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں بچوں کا اعتماد، ان کی آوازوں کی مٹھاس اور ولیم کا بے ساختہ ردعمل ناظرین کو خاص طور پر متاثر کر رہا ہے۔ مختلف ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق، اس ویڈیو کو انسٹاگرام سمیت دوسرے سماجی پلیٹ فارمز پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے اور اسے کروڑوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئےمارول کا ہندوستانی مداحوں کے لیے دیوالی تحفہ،’ ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ جلد ریلیز ہوگی

اس ویڈیو کی مقبولیت نے لاہور کی سُر تال میوزک اکیڈمی اور وہاں موسیقی سیکھنے والے بچوں کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔ اکیڈمی کے بانی ضیاء الحق نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے ریکارڈ کی گئی تھی، جب ولیم گیمبورگ موسیقی کے پروڈیوسر ذوالفقار جبار خان، جنہیں عام طور پر خُلفی (Xulfi) کے نام سے جانا جاتا ہے، کے ساتھ اکیڈمی پہنچے تھے۔ اطلاعات کے مطابق، یہ ادارہ تقریباً ایک دہائی سے بچوں کو موسیقی کی تعلیم دے رہا ہے اور یہاں ۱۰۰؍ سے زیادہ طلبہ موسیقی سیکھتے ہیں۔ ویڈیو کی مقبولیت سے ان کم عمر گلوکاروں کی صلاحیتوں کو وسیع تر سامعین تک پہنچنے کا موقع ملا ہے۔ 
ولیم گیمبورگ ناروے کے گلوکار، نغمہ نگار اور رقاص ہیں۔ انہوں نے  ۲۰۱۴ء میں ناروے کے مشہور ٹیلنٹ شو ’نورسکے ٹیلنٹر‘ (Norske Talenter) میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے موسیقی کے شعبے میں اپنی شناخت بنائی اور ۲۰۲۱ء میں اپنا پہلا گانا ’سورینگا‘ (Sørenga) جاری کیا۔ ان کی موسیقی میں پاپ، ردھم اینڈ بلوز اور دیگر جدید موسیقی کے انداز شامل ہیں۔ وہ ناروے کے معروف ڈانس گروپ کوئیک اسٹائل (Quick Style) سے بھی وابستہ رہے ہیں، جسے جنوبی ایشیائی موسیقی پر رقص کی دلکش پیشکشوں کے باعث بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ 

یہ بھی پڑھئے:راشد اور احمد زئی کی شاندار کارکردگی، افغانستان نے سیریز کا پہلا میچ جیت لیا

لاہور میں قیام کے دوران ولیم گیمبورگ نے شہر کی سڑکوں پر گھومنے، چنگ چی رکشے میں سفر کرنے اور مقامی لوگوں کے ساتھ وقت گزارنے کی جھلکیاں بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ تاہم، اس مرتبہ ان کی خاص توجہ پاکستانی موسیقی اور بچوں کے ساتھ موسیقی کی محفلوں پر مرکوز رہی۔ ان کی ویڈیوز پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بچوں کی گائیکی، ان کے اعتماد اور پاکستانی گانوں سے ولیم کی دلچسپی کو سراہا ہے۔ کئی صارفین نے اسے مختلف زبانوں اور ثقافتوں کے درمیان قربت کی خوب صورت مثال قرار دیا ہے۔ 
 ولیم گیمبورگ اور لاہور کے بچوں کی ویڈیوز کی مقبولیت ایک بار پھر یہ ظاہر کرتی ہے کہ موسیقی زبان، قومیت اور جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہو کر لوگوں کو قریب لا سکتی ہے۔ ایک طرف پاکستانی بچوں کی گائیکی کو عالمی سطح پر توجہ مل رہی ہے، تو دوسری طرف ایک نارویجن فنکار کی پاکستانی گانوں سے دلچسپی نے ثقافتی تبادلے کی ایک دل چسپ مثال پیش کی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے پاکستانی موسیقی اور نوجوان فنکاروں کی صلاحیتوں کو بھی نئی پہچان دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK