سفر کے اخراجات کی تفصیل مانگی گئی، احتجاج سے دور رہنے کا انتباہ، دپکے نے کہا:فرنویس یوگی بننے کی کوشش کررہے ہیں، پوچھا: کیا تشدد کی پہلے ہی تیاری کرلی گئی ہے؟
EPAPER
Updated: October 07, 2026, 10:48 AM IST | Agency | Mumbai
سفر کے اخراجات کی تفصیل مانگی گئی، احتجاج سے دور رہنے کا انتباہ، دپکے نے کہا:فرنویس یوگی بننے کی کوشش کررہے ہیں، پوچھا: کیا تشدد کی پہلے ہی تیاری کرلی گئی ہے؟
کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھجیت دپکے نے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس پر ’’یوگی آدتیہ ناتھ ‘‘ بننے کی کوشش کرنے کا الزما م عائد کرتے ہوئے منگل کو بتایاکہ مہاراشٹر پولیس سی جے پی کارکنوں کو نوٹس دے رہی ہے اور پوچھ رہی ہے کہ ۱۰؍اکتوبر کو ’’دہلی مارچ‘‘ میں شرکت کیلئے سفر اخراجات کا انتظام کہاں سے ہورہاہے۔منگل کو اورنگ آباد میں میڈیا سے بات چیت میں دپکے نے سوال کیا کہ ’’وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ’یوگی آدتیہ ناتھ بننے کی کوشش کیوں کر رہے ہیں؟‘‘ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے ریاستی پولیس کو انہیں اور دیگر مظاہرین کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سی جے پی کے بانی نےمیور پریم آنند مال کھیڑے کو دفعہ۱۶۸؍ کے تحت جاری کئے گئے نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے دپکے نے بتایا کہ چندرپور میں دیگر افراد اور راجستھان میں سی جے پی کارکنوں کو بھی نوٹس جاری کئےگئے ہیں۔چندرپور ضلع کے بلارپور پولیس اسٹیشن کی جانب سے میور کو دیئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہےکہ ’’آپ سی جے پی کے مظاہرہ میں کیوں شرکت کر رہے ہیں؟ آپ کو مالی مدد کون فراہم کر رہا ہے؟ اس مظاہرہ میں شرکت کا آپ کا مقصد کیا ہے؟‘‘ نوٹس میں کہا گیا ہےکہ ’’آپ نئی دہلی کے مظاہرہ میں شرکت نہ کریں، اس مارچ کا حصہ نہ بنیں اور پیشگی اجازت کے بغیر مارچ میں شریک نہ ہوں۔ سوشل میڈیا پرکوئی اشتعال انگیز تحریر نہ ڈالیں، اشتعال انگیز تقریر نہ کریں اور مارچ میں جانے سے گریز کریں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:قوانین کی پابندی کے تحت اذان کے حق میں مداخلت نہ کی جائے: الٰہ آباد ہائی کورٹ
قانونی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’اگر اس نوٹس کی خلاف ورزی ہوئی تو آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘دپکے نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’’ کیاجنتر منتر چندر پور پولیس کے دائرہ اختیار میں آتاہے؟‘‘
انہوں نے تفصیل فراہم کی کہ ’’مہاراشٹر پولیس سی جے پی کارکنوںکو نوٹس بھیج کر دہلی کے سفری اخراجات کے بارے میں پوچھ رہی ہے اور دھمکی دے رہی ہے کہ احتجاج پرتشدد ہو سکتا ہے۔ وہ ایسا دعویٰ کیسے کر سکتے ہیں؟ کیا ہمارے پرامن احتجاج کو ناکام بنانے کیلئےپہلے ہی کچھ منصوبہ بنایا جا رہا ہے؟ کیا گیانو (گیانیش کمار) کی حفاظت شہریوں کی سلامتی سے زیادہ اہم ہے؟‘‘ پریس کانفرنس کے دوران دپکے نے سوال کیا کہ چندرپور پولیس کو پہلے سے کیسے معلوم ہے کہ احتجاج پرتشدد ہو جائے گا۔‘‘ابھیجیت دپکے نے وزیراعلیٰ فرنویس کو بھی مشورہ دیا کہ انہیں یوگی آدتیہ ناتھ کی طرح برتاؤ نہیں کرنا چاہیے۔ انہیں مہاراشٹر کی تہذیبی وراثت کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے۔ انہیں سیاسی عزائم کیلئے مہاراشٹر پولیس کو بے عزت اور غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’یہ سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ دہلی کے احتجاج کے لیے رقم کون فراہم کر رہا ہے۔ دہلی کا سفر صرف ایک یا دو ہزار روپے میں ہو جاتا ہے،‘‘ اور اشارہ دیا کہ مظاہرین یہ خرچ خود برداشت کر سکتے ہیں۔
~مہاراشٹر پولیس سی جے پی کارکنوںکو نوٹس بھیج کر دہلی کے سفری اخراجات کے بارے میں پوچھ رہی ہے اور دھمکی دے رہی ہے کہ احتجاج پرتشدد ہو سکتا ہے۔ وہ ایسا دعویٰ کیسے کر سکتے ہیں؟ کیا ہمارے پرامن احتجاج کو ناکام بنانے کیلئےپہلے ہی کچھ منصوبہ بنایا جا رہا ہے؟ ابھیجیت دپکے