Updated: June 23, 2026, 5:08 PM IST
| Mumbai
ہالی ووڈ ہارر تھریلر Obsession نے ہندوستانی باکس آفس پر غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲۰۲۶ء کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی ووڈ فلم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ فلم نے اپنے چوتھے ہفتے میں بھی مضبوط رفتار برقرار رکھتے ہوئے راین گوسلنگ کی سائنس فکشن فلم ’’پروجیکٹ ہیل میری‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
’’آبسیشن‘‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کی کم بجٹ ہارر تھریلر Obsession نے ہندوستانی باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انڈسٹری ٹریکر Sacnilk کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فلم نے اپنے ۲۴؍ ویں دن ۲؍ کروڑ روپے نیٹ کمائے، جس کے بعد اس کی مجموعی ہندوستانی کمائی ۳۰ء۷۷؍ کروڑ روپے نیٹ (۰۹ء۹۲؍ کروڑ روپے گراس) تک پہنچ گئی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ Obsession نے راین گوسلنگ کی سائنس فکشن فلم ’’پروجیکٹ ہیل میری‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جس نے ہندوستان میں ۲۱ء۷۵؍ کروڑ روپے نیٹ کمائے تھے۔ یوں Obsession اب ۲۰۲۶ء کی ہندوستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فادرز ڈے اسپیشل: بالی ووڈ کے نئے فٹ ڈیڈز
فلم کا باکس آفس سفر غیر معمولی رہا ہے۔ پہلے ہفتے میں Obsession نے ۵۵ء۱۸؍ کروڑ روپے نیٹ کمائے، جبکہ مثبت عوامی ردعمل اور زبردست ’’ورڈ آف ماؤتھ‘‘ کے باعث دوسرے ہفتے میں اس کی کمائی بڑھ کر ۲۵ء۳۱؍ کروڑ روپے تک جا پہنچی۔ تیسرے ہفتے میں فلم نے مزید ۲۲؍ کروڑ روپے کا اضافہ کیا، جبکہ چوتھے ہفتے میں بھی اس کی رفتار برقرار رہی۔ فلم نے ۲۲؍ ویں دن ۳۰ء۱؍ کروڑ روپے، ۲۳؍ ویں دن ۲۰ء۲؍ کروڑ روپے اور ۲۴؍ ویں دن ۲؍ کروڑ روپے نیٹ کا کاروبار کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ناظرین کی دلچسپی ابھی بھی برقرار ہے۔
۲۰۲۶ء میں ہندوستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی ووڈ فلموں کی فہرست میں Obsession کے بعد پروجیکٹ ہیل میری (۲۱ء۷۵؍ کروڑ روپے)، مائیکل (۷۶ء۷۰؍ کروڑ روپے)، دی ڈیول ویرز پراڈا ۲ (۲۱ء۳۰؍ کروڑ روپے) اور دی ممی (۳۲ء۲۵؍ کروڑ روپے) شامل ہیں۔ Obsession فلم ہدایت کار کری بارکر کی پہلی فیچر فلم ہے۔ فلم کی کہانی بیئر نامی نوجوان کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار مائیکل جانسٹن نے ادا کیا ہے۔ بیئر ایک میوزک اسٹور میں کام کرتا ہے اور ایک پراسرار مافوق الفطرت شے کے قبضے میں آ جاتا ہے جو خواہشات پوری کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ وہ اس طاقت کو اپنی بچپن کی دوست نکی، جس کا کردار انڈی ناواریت نے ادا کیا ہے، کو اپنے عشق میں مبتلا کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے، لیکن یہ خواہش خوفناک نتائج کو جنم دیتی ہے اور ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: وکرم بھٹ نے ہارر فرنچائز کی چھٹی فلم ’’۱۹۲۰ء کولڈ ونٹر‘‘ کا اعلان کر دیا
فلم میں کوپر ٹاملنسن، میگن لا لیس اور اینڈی ریکٹر نے بھی اہم معاون کردار ادا کیے ہیںیہ فلم امریکہ میں ۱۵؍ مئی کو ریلیز ہوئی تھی جبکہ ہندوستان میں اسے ۲۹؍ مئی کو سنیما گھروں میں پیش کیا گیا۔ فلم کی کامیابی صرف ہندوستان تک محدود نہیں رہی۔ عالمی سطح پر بھی Obsession نے حیران کن کاروبار کیا ہے۔ صرف ۷؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار امریکی ڈالر کے بجٹ پر بننے والی اس ہارر فلم نے دنیا بھر میں ۴۹ء۲۸۶؍ ملین امریکی ڈالر سے زائد کا بزنس کر لیا ہے، جسے حالیہ برسوں کی سب سے منافع بخش ہارر فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، ہدایت کار کری بارکر پہلے ہی اپنی اگلی فلم Anything But Ghosts پر کام کر رہے ہیں، جو اس وقت پوسٹ پروڈکشن کے مرحلے میں ہے۔